غزل - رُخسار ترا مشعلِ سوزاں نظر آئے - منیب احمد فاتحؔ

تمام محفلین کو سلام!
کافی عرصے بعد حاضر ہوا۔ اور ایک تازہ غزل بطور ہدیہ پیش خدمت ہے:
رُخسار ترا مشعلِ سوزاں نظر آئے
چہرہ ترا مہتابِ درخشاں نظر آئے

مکھڑا ترا روشن سا جواہر کی جھلک دے
دندان ترا گوہرِ تاباں نظر آئے

شارع جو بنائے تو کوئی دل تلک اپنے
اُس راہ پہ ہر شخص خراماں نظر آئے

دولت جو لگے بانٹنے تو حسن کی اپنے
یہ درہم و دینار فراواں نظر آئے

تصویر اُتارے جو تری زلفِ سیہ کی
نقّاش وہ کم بخت پریشاں نظر آئے

شوخی سے اذاں تو کبھی دے جائے تو ہر ایک
واللہ مساجد میں مسلماں نظر آئے

اسرار اگر تیرے تبسّم کے بیاں ہوں
تحقیق کہ یاں ہر کوئی حیراں نظر آئے

تو دشت میں گر جا بسے اے رونقِ عالم
دو روز میں ہر شہر بیاباں نظر آئے

پڑ جائے کسی پر جو تری گردِ کفِ پا
دنیا کو گداگر بھی وہ سلطاں نظر آئے

جو دن کو نظارہ کرے تیرا قد و قامت
اس آنکھ کو خوابوں میں گلستاں نظر آئے

اے مایۂ گم گشتہ وناپید میں تجھ پر
واروں دل و دیں گر تو مری جاں نظر آئے

تھے وصل میں بکھرے ہوئے کچھ ٹوٹے ہوئے تھے
جو خواب ہمیں ہجر کے دوراں نظر آئے

ہم قیدِ قفس کے متمنی تو نہیں تھے
کیا کیجے جو گلزار بھی زنداں نظر آئے

درپردہ ہے گر حسن تو اعجاز ہی کیا ہے
مشتاقِ تعشّق ہے تو عریاں نظر آئے

یہ رسمِ غزل خونِ غزل کے ہے مرادف
ہر شعر میں رازِ جہاں پنہاں نظر آئے

چھاتی اب اِن آفاق کی چیرو مری آنکھو
شاید کہ وہیں شہرِ نگاراں نظر آئے

محمل میں نہ لیلیٰ ہے نہ ہے دشت میں مجنوں
دیوانگی اب سر بہ گریباں نظر آئے

فاتحؔ یونہی اشعار کہے بہر تفنن
پھر دیکھئے اِس شغل میں دیواں نظر آئے
شکریہ!
 
غزل میں کوئی قابلِ ذکر خامی نہ ہونے کے باوجود چاشنی نہیں آئی، جیسے بہ تکلف کہی گئی ہو۔ کچھ دِن اس غزل کے ساتھ گزارئیے اور اس کو نکھاریئے۔
آپ کا یا کسی بھی دوسرے دوست کا میری رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ غزل آپ کی ہے، اختیار آپ کا ہے۔ بہت شکریہ۔
 
واسطی خٹک

محفلین

کچھ ایسی بات ضرور ہے
 
بہت بہتر! میں مزید وقت اسے دیتا ہوں۔
 
الف عین

لائبریرین
اچھی غزل ہے کہ کچھ اشعار واقعی اچھے ہیں، نظر ثانی کے بعد کچھ اشعار نکالے جا سکتے ہیں
 
Top