نظر لکھنوی غزل: حقیقت جو پوچھو تو یہ زندگانی٭ نظرؔ لکھنوی

دادا مرحوم کی ایک غزل، احبابِ محفل کے ذوق کی نذر :
حقیقت جو پوچھو تو یہ زندگانی
فریبِ مسلسل کی لمبی کہانی

ابھی اور ہونے دے یہ خون پانی
ابھی سے ہے رکھی کہاں کامرانی

مجھے تو وہی چاہئے غیر فانی
فقیری میں ہے جو شکوہِ کیانی

غمِ عشق اندر تو شعلہ بہ دل ہے
مگر آنکھ تک آ کے ہے پانی پانی

بیانِ غلط کا یقیں آ گیا ہے
اسی کو تو کہتے ہیں جادو بیانی

جو ہو سوز پہلے تبھی اشک آئیں
لگے آگ پہلے تو پھر آئے پانی

نظرؔ اٹھ کے دھو داغِ تر دامنی کو
اسی سے کہ ہے چشمۂ دل کا پانی

محمد عبد الحمید صدیقی نظر لکھنوی​
 
جو ہو سوز پہلے تبھی اشک آئیں
لگے آگ پہلے تو پھر آئے پانی

کیا آپ کے دادا مرحوم کی شاعری کی کوئی کتاب چھپی ہے؟
دادا کے نعتیہ کلام پر مشتمل کتاب چھپ چکی ہے.
غزلیں اور نظمیں میں ٹائپ کر چکا اور والدِ محترم کی طرف سے پروف ریڈنگ کا منتظر ہوں، پھر چھپوانے اور ای بک بنانے کا پروگرام ہے.
 
آخری تدوین:
Top