شفیق خلش :::::: عِشق کی دُھول میں جو اَٹ جائے ::::::Shafiq Khalish

طارق شاہ

محفلین




عِشق کی دُھول میں جو اَٹ جائے
دو جہاں میں وہ جیسے بٹ جائے

ہو زباں کو بس ایک نام کا وِرد
یوں کسی کو نہ کوئی رٹ جا ئے

رات کب عافیت سے ٹلتی ہے
مُضطرب دِن جو ہم سے کٹ جائے

خوش خیالی کہَیں وہ ساتھ اپنا
ابرِ اُمِّید اب تو چَھٹ جائے

پائی مُدّت سے ہےنہ خیر و خبر
ذہنِ مرکوُز کُچھ تو بٹ جائے

تب نہ کوشِش سے کامیابی ہو
جب مُقابل نصیب ڈٹ جائے

زندگی پِھر نہ زندگی سی لگے
قد جو نظروں میں اپنی گھٹ جائے

انحراف اب نہ کُچھ سنانے میں
ڈر تھا تب دِل کہیں نہ پھٹ جائے

غیر کہنے میں کیا تاَمُّل ہو
ذہن و دِل سے جو پل کو ہٹ جائے

مُدّعا ہے پسِ دُعائے غرض
وہ کسی طور ہم سے پٹ جائے

خواہشِ دل ہو اِنتہاپہ خلشؔ
لب کو رُخسار سے جو لَٹ جائے

شفیق خلشؔ
 
Top