صورت نہیں رہتی، کبھی سیرت نہیں رہتی - زاہدہ رئیس راجی

کاشفی

محفلین
غزل
(زاہدہ رئیس راجی)

صورت نہیں رہتی، کبھی سیرت نہیں رہتی
یکساں تو کسی کی کبھی حالت نہیں رہتی

انسان پہ وقت ایسا بھی آسکتا ہے اک دن
حالات سے لڑنے کی بھی ہمت نہیں رہتی

دل تب بھی اُجالوں کی تمنا نہیں کرتا
جب سامنے خوابوں کی حقیقت نہیں رہتی

گر بھیڑ میں تنہائی کی عادت ہو کسی کو
محفل کی اُسے ذرہ بھی رغبت نہیں رہتی

بیگانہ ہر خواب ہی ہو جائے اگر دل
پھر اس کو تو جینے کی بھی چاہت نہیں رہتی

حالات کے گرداب میں اُلجھا ہوا انسان
بکھرے تو سمٹنے کی بھی طاقت نہیں رہتی

خود اپنی ہی نظروں سے تو گرنا نہیں اچھا
گر جائے تو اُٹھنے کی بھی ہمت نہیں رہتی

دُنیا کے جھمیلے سے نکل آئیں تو سوچیں
کیونکر ہمیں دُنیا کی ضرورت نہیں رہتی

سالوں میں ملاقات کی آتی نہیں نوبت
رشتوں کے نبھانے کی جو فرصت نہیں رہتی

دل میں جو ذرا سی بھی مروت رہے راجی
شکوے نہیں رہتے ہیں، شکایت نہیں رہتی
 

فاتح

لائبریرین
بہت خوب جناب۔ خوبصورت شراکت ہے۔ شکریہ
اگر ممکن ہو تو شعرا کا تعارف بھی کروا دیا کیجیے۔
 

کاشفی

محفلین
بہت خوب جناب۔ خوبصورت شراکت ہے۔ شکریہ
اگر ممکن ہو تو شعرا کا تعارف بھی کروا دیا کیجیے۔


زاہدہ رئیس راجی نئی نسل کی ایک حساس اور اُبھرتی ہوئی ادیبہ اور شاعرہ ہیں۔ زاہدہ صاحبہ کے آباواجداد کا تعلق ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان کے چھوٹے شہر قصر قند سے ہے۔
ان کی جائے پیدائش کراچی پاکستان ہے۔ مادری زبان بلوچی ہے۔ تعلیم کراچی کی مقامی درسگاہوں سے حاصل کی ہے اور پیشے کے اعتبار سے ایک مقامی آئی ٹی فرم میں اپلیکیشن ایڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے پچھلے 9 سالوں سے فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔

ابھی تک ان کا مجموعہ کلام شائع نہیں ہوا ہے۔

ان کی ایک نظم جو تازہ تو نہیں لیکن اُمید ہے کہ اراکینِ محفل کو پسند آئے گی۔

رشتے
وہ رشتے معتبر ہیں زندگی کی تُند راہوں میں
جو ہر پل ساتھ دیتے ہیں
بھیڑ میں ہاتھ دیتے ہیں
گِرو تو تھام لیتے ہیں
دُعا میں نام لیتے ہیں
وہ رشتے معتبر ہیں زندگی کی سرد شاموں میں
جو یخ بستہ ہواؤں کے تھپیڑے روک لیتے ہیں
خزاؤں کو بہاروں کی پہنچ سے روک لیتے ہیں
جو ہر ٹھہرے ہوئے پل کو، نیا پھر موڑ دیتے ہیں
جو نفرت کی سبھی اُونچی فصیلیں توڑ دیتے ہیں
جو پیغامِ محبت سے دلوں کو جوڑ دیتے ہیں
جو خوشیاں بانٹنے میں اپنا حصہ بھول جاتے ہیں
جو کر لینے پہ آتے ہیں تو کر کے بھول جاتے ہیں
جو ساری دُوریوں کو ایک ہی پل میں‌ مٹاتے ہیں
جو اپنا ہی نہیں کہتے ہیں، اپنا بھی بناتے ہیں
وہ رشتے معتبر ہیں زندگی کی دھوپ میں راجی
جو قسمت سے نہیں لڑتے، مگر لڑنا سکھاتے ہیں
جو ہر پل نااُمیدی کے اندھیروں کو بجھاتے ہیں
کہ جن کو دیکھ کر احساس کو راحت سی ملتی ہے
غمِ دل کو غموں سے بھی کبھی فرصت سی ملتی ہے

شکریہ۔
 

الف عین

لائبریرین
لگتا ہے کہ تمہارے تعلقات ہیں ان سے۔ ان کو برقی مجموعے کے امکان سے روشناس کرائیں۔ اور کمپوز کیا ہوا مواد مجھ کو برقی اشاعت کے لئے بھجوا دیں۔
 

Zahida Raees Raji

محفلین
جناب ِ کاشفی صاحب،
آداب و تسلیمات،
گوگل سرچ پر آج جب اپنی ایک غزل کا لنک یہاں پر ملا تو آپکی یہ لڑی نظر آئ۔ بہت اچھا لگا۔
میری غزل یہاں چسپاں کرنے اور پھر میرا تعارف یہاں دینے کے لیے دل کی گہرائ سے آپ کی ممنون ہوں۔
وسلام
زاہدہ رئیس راجی
 

قیصرانی

لائبریرین
غزل
(زاہدہ رئیس راجی)
صورت نہیں رہتی، کبھی سیرت نہیں رہتی
یکساں تو کسی کی کبھی حالت نہیں رہتی
انسان پہ وقت ایسا بھی آسکتا ہے اک دن
حالات سے لڑنے کی بھی ہمت نہیں رہتی
دل تب بھی اُجالوں کی تمنا نہیں کرتا
جب سامنے خوابوں کی حقیقت نہیں رہتی
گر بھیڑ میں تنہائی کی عادت ہو کسی کو
محفل کی اُسے ذرہ بھی رغبت نہیں رہتی
بیگانہ ہر خواب ہی ہو جائے اگر دل
پھر اس کو تو جینے کی بھی چاہت نہیں رہتی
حالات کے گرداب میں اُلجھا ہوا انسان
بکھرے تو سمٹنے کی بھی طاقت نہیں رہتی
خود اپنی ہی نظروں سے تو گرنا نہیں اچھا
گر جائے تو اُٹھنے کی بھی ہمت نہیں رہتی
دُنیا کے جھمیلے سے نکل آئیں تو سوچیں
کیونکر ہمیں دُنیا کی ضرورت نہیں رہتی
سالوں میں ملاقات کی آتی نہیں نوبت
رشتوں کے نبھانے کی جو فرصت نہیں رہتی
دل میں جو ذرا سی بھی مروت رہے راجی
شکوے نہیں رہتے ہیں، شکایت نہیں رہتی
باقی تو سب ٹھیک ہے پر محفل کی عادت نہیں چھوٹنے والی :)
 

قیصرانی

لائبریرین
جناب ِ کاشفی صاحب،
آداب و تسلیمات،
گوگل سرچ پر آج جب اپنی ایک غزل کا لنک یہاں پر ملا تو آپکی یہ لڑی نظر آئ۔ بہت اچھا لگا۔
میری غزل یہاں چسپاں کرنے اور پھر میرا تعارف یہاں دینے کے لیے دل کی گہرائ سے آپ کی ممنون ہوں۔
وسلام
زاہدہ رئیس راجی
محفل پر خوش آمدید

لانا بھئی ذرا فروٹ چاٹ کی ریڑھی
 
محفل پر خوش آمدید

لانا بھئی ذرا فروٹ چاٹ کی ریڑھی
حاضر جناب۔۔۔۔

Zahida Raees Raji
آپ کے لیے۔۔:)
KwULv.png
 

Zahida Raees Raji

محفلین
محترم الف عین صاحب،
تسلیمات،
خیر مقدم کے لیے ممنون ہوں۔ میں آپکی بات کچھ سمجھی نہیں۔ کون سی آفر کا آپ ذکر کررہے ہیں؟
جواب کی منتظر ہوں
 

قیصرانی

لائبریرین
محترم الف عین صاحب،
تسلیمات،
خیر مقدم کے لیے ممنون ہوں۔ میں آپکی بات کچھ سمجھی نہیں۔ کون سی آفر کا آپ ذکر کررہے ہیں؟
جواب کی منتظر ہوں
استادِ محترم یعنی الف عین صاحب کہہ رہے تھے کہ اگر آپ اپنی کتب کو برقی شکل میں چھپوانا چاہیں تو ان کی آن لائن لائبریری ہے۔ محفل پر بھی شئیر کر سکتی ہیں۔ اگر آپ کے پاس ان پیج میں یہ کتاب کمپوز شدہ ہو تو ہم اسے یونی کوڈ میں تبدیل کر کے پیش کر سکتے ہیں :)
 

Zahida Raees Raji

محفلین
خط کے جواب کے لیے قیصرانی صاحب، میں آپکی بہت ممنون ہوں۔ فی الوقت میری شاعری کی پہلی کتاب زیر ِ اشاعت ہے۔
نیٹ پر کچھ نثری اور شعری تخلیقات موجود ہیں ۔
https://www.facebook.com/pages/Zahida-Raees-Raji/150986701639711?sk=photos_albums
کتاب کی اشاعت کے بعد اگر پبلیشر نے اجازت دی تو آپکو انپیج ورژن ضرور روانہ کردونگی۔
آفر کے لیے بہت شکرگزار ہوں
 
انیس الرحمان صاحب، خیر مقدم اور فروٹ چارٹ کے لیے شکرگزار ہوں بس ذرا فروٹس پیک کروادیجیے۔
فروٹ پیک۔۔۔:eek:
ویسے شعراء اور ادیب کوئی خاص دلچسپی نہیں رکھتے فروٹ میں۔۔۔:D پھر بھی آپ کا حکم سر آنکھوں پر۔۔:)
اگر نام سے پہلے @ لگاکر بغیر اسپیس دیے نام لکھا جائے تو ٹیگنگ ہوجاتی ہے۔:)
 
Top