ذوق شیخ محمد ابراہیم ::::: جب چلا وہ مجھ کو بِسمِل خُوں میں غلطاں چھوڑ کر ::::: Mohammad Ibrahim Zauq

طارق شاہ

محفلین


غزل

جب چلا وہ مجھ کو بِسمِل خوں میں غلطاں چھوڑ کر
کیا ہی پچھتاتا تھا میں قاتِل کا داماں چھوڑ کر

میں وہ مجنوں ہُوں جو نِکلوں کُنجِ زِنداں چھوڑ کر
سیبِ جنّت تک نہ کھاؤں سنگِ طِفلاں چھوڑ کر

میں ہُوں وہ گمنام، جب دفتر میں نام آیا مِرا
رہ گیا بس مُنشیِ قُدرت جگہ واں چھوڑ کر

سایۂ سروِ چمن تجھ بِن ڈراتا ہے مجھے
سانپ سا پانی میں اے سروِ خِراماں چھوڑ کر

ہوگیا طِفلی ہی سے دِل میں ترازُو تِیرِ عِشق
بھاگے ہیں مکتب سے ہم اوراقِ مِیزاں چھوڑ کر

اہلِ جوہر کو وطن میں رہنے دیتا گر فَلک
لعل کیوں اِس رنگ میں آتا بَدخشاں چھوڑ کر

شوق ہے اُس کو بھی طرزِ نالۂ عُشاق سے
دَم بَدم چھیڑے ہے مُنْہ سے دودِ قِلیاں چھوڑ کر

دِل تو لگتے ہی لگے گا حُوریانِ عدن سے
باغِ ہَستی سے چَلا ہُوں ہائے پریاں چھوڑ کر

گھر سے بھی واقِف نہیں اُس کے،، کہ جس کے واسطے
بیٹھے ہیں گھربار ہم سب خانہ وِیراں چھوڑ کر

وصل میں گر ہووے مجھ کو رُویَتِ ماہِ رَجَب
رُوئے جاناں ہی کو دیکھوں میں تو قُرآں چھوڑ کر

اِن دِنوں گرچہ دَکن میں ہے بڑی قدرِ سُخن
کون جائے ذوق پر دِلّی کی گلیاں چھوڑ کر

شیخ محمد ابراہیم ذوق

 
Top