ٹائپنگ مکمل دیوانِ غالبؔ کامل (نسخہ رضاؔ) از کالی داس گپتا رضا

چھوٹاغالبؔ

لائبریرین
لو صاحبو! میں بھی اپنی بھیرویں الاپتا ہوں

اگر آپ پڑھتے پڑھتے یہاں تک آ ہی پہنچے ہیں تو ایک ممنونیت بھرا سلام قبول فرمائیے ،یہ کتاب جو آپ نے ملاحظہ فرمائی دیوانِ غالبؔ کی مکمل صورت ہے ، اسے بجا طور کلیاتِ غالبؔ اردو کہا جا سکتا ہے۔ میرے پلے لمبے چوڑے دعوے کرنے کیلئے کچھ بھی نہیں ہے، حتیٰ کہ میں تو "پدرم سلطان بود" کا نعرہ مستانہ بھی نہیں لگا سکتا ۔ مگر اتنا ضرور کہوں گا کہ اس کتاب کے درست ہونے شک نہیں کیا جا سکتا ، اس کو مرتب کرتے وقت حتی الامکان کوشش کی گئی ہے کہ کوئی چھوٹی سے چھوٹی غلطی بھی نہ ہو، اور غالبؔ کے چاہنے والوں تک صحیح ترین صورت میں کلامِ غالبؔ پیش کیا جائے۔ اس کتاب کی ایک اور خوبی یہ ہے کہ اس میں پڑھنے والوں کو خومخواہ کی حاشیہ بازی سے بچایا گیا ہے، اور بہت سی غیر ضروری باتیں جو صرف کتاب کی ضخامت بڑھانے کیلئے لکھ دی جاتی ہیں ، ان کو کتاب سے دور کر دیا گیا ہے۔ ایک اور تبدیلی اصل کتاب سے ای بک کی تشکیل کے وقت یہ لائی گئی ہے کہ جو نثری مضامین کتاب کے شروع میں تھے، انہیں کتاب کے آخر میں لایا گیا ہے، کیونکہ میرے مشاہدے میں یہ بات آئی تھی کہ اکثر لوگ دیوان پڑھنے کیلئے جب یہ کتاب کھولتے ہیں تو انہیں 200 / 300 صفحات پر صرف ادھر ادھر کی باتیں ہی پڑھنے کو ملتیں ، جس کی وجہ سے یہ کتاب عوام کی سمجھ سے باہر ہے ۔ تحقیق والے خواتین وحضرات کے پاس یقیناً اس کتاب کے اصل نسخے ہونگے، مگر جیسا کہ میں کہا کہ خالصتاً عوامی نقطہ نظر سے مرتب کی گئی ہے ۔ اس لیے چند ضروری تبدیلیاں لائی گئی ہیں ۔ امید ہے میری یہ جسارت زیادہ گراں نہیں گزرے گی۔ یہ یقیناً ایک کارِ دشوار تھا ، جس میں اللہ تعالیٰ کی دی ہمت اور غالبؔ کی محبت کے سہارے خاکسار پورا اترا۔میں جب خود سوچتا تو ہوں حیران ہوتا ہوں کہ مجھ جیسے آلسی بندے نے یہ کیسے کر ڈالا۔ تو اس کا جواب ایک ہی نظر آتا ہے محبت
جی ہاں یہ محبت ہی ہے جس نے مجھ سے یہ کام کروایا اور آپ بھی اسی محبت کے مارے ہیں جو پڑھتے پڑھتے یہاں تک آ پہنچے ہیں
نجم الدولہ ، دبیر الملک ،نظام جنگ، مرزا نوشہ اسداللہ بیگ خان بہادر غالبؔ کی عظمتوں کو اردو کا سلام، اردو بولنے والوں کا سلام ، جب تک دنیا میں اردو بولی جاتی رہے گی ، مجھے یقین ہے غالبؔ کی شاعری پڑھی جاتی رہے گی ۔ اور میرا یہ ایک نذرانہ ہے جنابِ غالبؔ کے چاہنے والوں کی خدمت میں اس اعتراف کے ساتھ کہ :۔
حق تو یہ ہے کہ حق ادا نہ ہوا
عظیم غالبؔ کا ایک ادنیٰ سا مداح :۔ سید اویس قرنی المعروف چھوٹا غالبؔ​
 
Top