خوشگوار واپسی

کل سعود ابن سعید سے گفتگو اور تازہ ترین محفل اپگریڈ کے بعد محفل پر دوبارہ جھانکا تو محفل ڈاؤن تھی مگر اچھی بات یہ تھی کہ محفل کے ناظم اعلی سے برابر رابطہ تھا اور یوں چند منٹوں میں محفل دوبارہ اپنی ڈگر پر آ گئی۔

محفل سے غیر حاضری اور دوری کی بڑی وجوحات غم روزگار اور حالات کی ستم ظریفی تھی مگر چند دیگر عناصر یہ بھی رہے

محفل سے کچھ قریبی دوستوں کی غیر حاضری
محفل کی نظامت کا بار کم لوگوں پر پڑنا
محفل کی رونقیں کم ہونا
محفل کی دلکشی اور خوبصورتی میں کمی واقع ہونا
محفل کے تکنیکی مسائل بڑھنا
محفل میں کم دھاگوں کا کھولنا اور چلنا

ایک وقت میں مجھے یاد ہے کہ لائبریری کا کام بہت زور و شور سے جاری تھا اور دوران گفتگو شگفتہ کا کہنا تھا کہ اب اتنے لوگ ہو گئے ہیں کہ لائبریری کے اولین ممبران کی اتنی ضرورت نہیں رہی یا ان کا کردار اب زیادہ نہ بھی رہے تو فرق نہیں پڑے گا جبکہ میں نے اس رائے سے اختلاف کیا تھا اور کہا تھا کہ پرانے ممبران کی اب زیادہ ضرورت ہوگی تاکہ وہ نئے لوگوں کی راہنمائی کر سکیں اور اس مقصد کو بہتر اور سبک رفتاری سے آگے بڑھا سکیں۔ اب بھی میری سوچ یہی ہے مگر محفل سے غیر حاضری کے دوران مجھ میں بھی کچھ عرصہ کے لیے یہی سوچ پیدا ہو گئی تھی کہ اب محفل کو کافی عرصہ ہو گیا ہے اور اب نئے اراکین اس سفر کو بہتر اور عمدہ طریقے سے جاری رکھیں گے۔
اب محفل پر نئے سافٹ ویئر کے ساتھ واپسی ہوئی تو بہت خوشگوار حیرت اور دلی تسکین ہوئی۔ ایک تو سعود نے مجھے بتایا کہ پرانے اراکین میں سے قیصرانی کی واپسی ہو گئی ہے جو کہ اانتہائی خوش کن ہے اور چند سیاسی مباحث میں اختلافات کے علاوہ قیصرانی کے ساتھ میری بہت عمدہ مطابقت اور دوستی رہی ہے اور جتنا کام قیصرانی نے لائبریری کے لیے کیا ہے اتنا شاید ایک دو اور اراکین کے سوا کسی نے نہیں کیا ہوگا۔ اس کے علاوہ فاتح اور ظفری کو دیکھ کر تو ہمیشہ ہی خوشی ہوتی ہے۔ وارث سے بھی ارادہ ہے کہ اب دلچسپ گپ شپ اور گفتگو رہے گی ۔ سعود کا ایک اصرار کسی زمرے کی نظامت سنبھالنے کا بھی ہے جس پر مجھے لگتا ہے کہ مجبور ہونا ہی پڑے گا اور اس سلسلے میں جلد پیش رفت متوقع ہے ( سوچ رہا ہوں شاہ محمود قریشی کی طرح ایک تاریخ دے کر اس میں اپنے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کروں )۔ میری ذاتی دلچسپی تو تاریخ ، فلسفہ ، سیاست اور بلاگنگ میں ہے مگر دیکھتے ہیں اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔

میں 2006 اور 2007 میں اردو ویب محفل حقیقتا میرا اوڑھنا بچھونا رہا ہے اور میں نے زندگی میں کسی اور فورم یا ویب سائٹ کو اتنا وقت نہیں دیا اور نہ شاید دے سکوں گا جتنا اردو ویب محفل کو دیا۔ حد تو یہ ہے کہ لوگ مجھ سے باقاعدہ پوچھا کرتے تھے کہ کیا مجھے محفل کی ترویج اور پھیلاؤ کی گفتگو اور کام کرنے کے کیا پیسے ملتے ہیں اور ان لوگوں میں میرا اپنا چھوٹا بھائی بھی شامل رہا ہے۔ آفس اور تمام آن لائن جاننے والوں کو محفل میں شامل کروانے کی میں نے حتی الامکان کوشش کی اور بہت سے لوگوں کو کم از کم ایک بار تو محفل پر ضرور رجسٹر کروایا باقی کام تو انسان کا ذاتی شوق ہوتا ہے۔ آج وہ دن اور لمحات خوبصورت یادیں بن گئیں ہیں جب اردو محفل پر نئے دھاگے کھولنا ، لائبریری پر کام کرنا اور گپ شپ کے دھاگوں پر سارا دن وقت گزارنا محبوب مشغلہ تھا۔ تمام طعنے اور طنز بھی مجھے عزیز رہے جو اردو محفل کی وجہ سے سنتا رہا مگر نشہ ایسا تھا کہ چھوٹنے سے نہ چھوٹتا تھا۔
آج برسوں کے بعد وہی کیفیت طاری ہوئی ہے اور کل سے میں محفل کو مسلسل استعمال کر رہا ہوں اور مختلف دھاگے دیکھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ میں خراج تحسین پیش کروں گا نبیل اور سعود کو جنہوں نے ثابت قدمی سے محفل کو سنبھالے رکھا اور مسلسل اس میں تکنیکی بہتریاں لاتے رہے۔ اس وقت محفل بہت دلکش ، دلفریب ، خوشنما اور خوش رنگ محسوس ہو رہی ہے ۔ لگتا ہے اس تازہ اپگریڈ نے اس میں زندگی کی لہر دوڑا دی ہے۔ بہت سے عمدہ فیچر اور خصوصیات موجود ہیں خاص طور پر اطلاع ناموں نے تو فورم کو بہت ہی دلچسپ اور جاذب نظر بنا دیا ہے۔ در حقیقت اطلاع ناموں کی وجہ سے انسان چاہے نہ چاہے ، مختلف دھاگوں پر پسندیدگی اور اقتباسات لینے کی خبریں دیکھ کر وہاں جانا اور جواب دینا اخلاقی فرض سمجھتا ہے۔

کافی لمبی تقریر ہو گئی ہے اور لوگ اس وقت کو کوس رہے ہوں گے جب انہوں نے اس دھاگے کے فریب ناک عنوان کو دیکھ کر اسے کھولا اور پڑھنا شروع کیا ہوگا۔ اب اس شیطان کی آنت کی لمبے ہوتے پیغام کے ختم ہونے کی دل ہی دل میں دعائیں مانگ رہے ہوں گے۔

منطقی اور شرارتی سوالات کے جوابات کے وعدے کے ساتھ اجازت چاہوں گا۔
 
واپسی مبارک ہو محب، بہت خوشی ہوئی تمھیں دوبارہ دیکھ کر۔ امید ہے اب فعال رہو گے۔

خیر مبارک اور مجھے بھی بہت خوشی ہو رہی ہے دوبارہ سے پرانے دوستوں کے درمیان آ کر۔

انشاءللہ اب فعال رہوں گا اور پوسٹ بھی کرتا رہوں گا۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
باز خوش آمدید محب۔ برادرم ابن سعید کا بھی شکریہ کے وہ تمہیں واپس لائے۔ باقی باتیں تو میں بعد میں کروں گا، فی الحال نئے ممبران کے لیے تمہارے تعارف کے لیے یہ ربط پیش کر رہا ہوں۔ :)
 
شکریہ نبیل اور واقعی میں بھی مشکور ہوں سعود کا کہ اس نے بروقت مجھے واپس کھینچ لیا۔

باقی باتوں کا میں بھی منتظر ہوں شمشاد کی طرح :)
 

تلمیذ

لائبریرین
محفل میں واپسی پر خوش آمدید جناب۔
جی ہاں ہمیں 2006-7کے دوران محفل میں آپ کا فعال طور پر حصہ لینا ابھی تک یاد ہے اور اکثر اوقات آپ کی کمی محسوس ہوتی تھی۔ امید ہے اب ہم آپ کی دلچسپ اور مفید پوسٹوں سے پھر مستفید ہو سکیں گے۔
 
Top