آتش خواجہ حیدر علی آتؔش ::::: خُدا کرے نہ تمھیں میرے حال سے واقف ::::: Khwaja Haidar Ali Aatish

طارق شاہ

محفلین

غزل
خواجہ حیدر علی آتشؔ

خُدا کرے نہ تمھیں میرے حال سے واقف
نہ ہو مزاجِ مبارک ملال سے واقف

نہیں جو روز شب وماہ وسال سے واقف
وہی ہے خُوب زمانےکے حال سے واقف

زباں سے کِس کی مہِ چاردہ نہیں سُنتے!
زمانہ ہے تِرے فضل و کمال سے واقف

دُعائے خیر ، یہی ہے مری حَسِینوں کو
نہ ہو کمال تمھارا زوال سے واقف

فسانہ طُورِ تجلّی کا سُن کے، کان کُھلے!
نہ تھے کرشمۂ حُسن و جمال سے واقف

فنا کے بعد کُھلا دِل کو عِشق کا پردہ
تمام ہو کے ہُوئے ہم کمال سے واقف

ازل سے محرمِ رازِ پَری ہُوں مَیں مجنُوں
میرے فرشتے نہیں میرے حال سے واقف

نہ چند روزِ جُدائی بھی مُنقَضی ہوں گے
کہاں فراق، ہُوئے جب وصال سے واقف

رقیب مبتذل اُس گُل عذار کے ہوں
یہ خار و خس نہیں آتشؔ کے حال سے واقف

خواجہ حیدر علی آتشؔ

 
Top