شفیق خلش :::::: جتنے کم مجھ سے مُلاقات کے اِمکاں ہونگے :::::: Shafiq Khalish

طارق شاہ

محفلین




غزل
جتنے کم مجھ سے مُلاقات کے اِمکاں ہونگے
اُتنا اُتنا ہی، وہ مِلنے کو پریشاں ہونگے

ہیں فقط ہم ہی نہیں دِید کے طالِب اُس کے !
گھر سے نِکلیں جو کبھی جان کے حیراں ہونگے

ہر قدم اُس کو دِلائے گا مِرا ہی احساس
اُس کی راہوں میں بِچھے یُوں مِرے ارماں ہونگے

پھر بہار آئی گی، اور پھر مِری یادیں ہونگیں !
دل کے بہلانے کو کیا کُچھ نہیں ساماں ہونگے

جو نظر اُٹّھے گی اُس کی، وہ بحالِ افسوس !
یُوں مِرے دِیدہ و دِل اشک بَداماں ہونگے

آج مِل جائیں، ہر اِک غم کا اِزالہ کرلیں !
کل کا کیا ٹھیک ہے، کل اور ہی عنواں ہونگے

اُن کو اندازہ نہیں میری محبّت کا خلؔش !
میں گیا ہاتھ سے اُن کے تو پشیماں ہونگے

شفیق خلؔش
 

طارق شاہ

محفلین
Top