جا چیلنج ہے۔۔۔!!

اک انسان

محفلین
بسم اللہ الرحمن الرحیم
آدمؑ کا جسدِ خاکی پڑا ہوا ہے‘ فرشتے دیکھ دیکھ کر گزرتے ہیں اور منتظر ہیں کہ یہی ہے وہ جسے اللہ زمین پر اپنا خلیفہ بنانے والا ہے‘ مگر نوری مخلوق کا ناری معلم اُسے دیکھ کر مضحکہ اُڑاتا ہوا گزر رہا ہے تو یہ ہے وہ خاکی! جسے زمین پر نائب بنایا جارہا ہے.... روح پھونک دی گئی.... رحمن کی آواز آئی سجدہ کرو.... سب جھک گئے سوائے ایک کے.... ’ایک‘ رب کے سامنے ’ایک‘ مخلوق تن کر کھڑی ہوگئی‘ رحمن نے پوچھا کس بات نے تجھے حکم عدولی پر مجبور کیا.... شیطان نے کہا ”میں اس سے بہتر ہوں‘ یہ خاکی میں ناری!! حکم عدولی پر قہر خدا کا نشانہ بنا مگر مہلت مانگ لی‘ رحمن و رحیم نے مہلت دیدی اور دربار سے نکال دیا.... شیطان کہتا ہوا چلا ”اس اِنسان کی وجہ سے راندہ درگاہ ہوا، قیامت تک اِسے بہکاﺅں گا.... رحمن نے کہا جو میرے بندے ہونگے وہ تیرے جال میں نہیں آئیں گے!! رحمن کو ”چیلنج“ کرنےوالا شیطان!! اور سبب ”اِنسان“۔ کیا اس دنیا میں جینے کے فقط دو راستے نہیں بچے؟؟ یا تو ”رحمن کا سپاہی“ یا پھر شیطان کا.... راستے کے انتخاب میں وقت کا ضیاع کب تک؟ کبھی ایک راستے کبھی دوسری پگڈنڈی کب تک؟ شیطان کی فوج میں شامل ہونا ہے تو مایوس وہ بھی نہیں کرے گا!! مہلت ملی ہوئی ہے.... رحمن کی راہ پکڑنی ہے تو راستہ کٹھن‘ سفر دشوار.... اُس نے خود نہیں بنایا!! شیطان نے مہلت سے فائدہ اُٹھایا ہے۔ مگر رحمن کو ناز ہے ہم پر.... ”جو میرے بندے ہونگے وہ تیرے جال میں نہیں آئینگے!!“
شیطان
فطری طلب پر نفس کے ذریعے حاوی ہونے والا شیطان!! جنس مخالف سے میلان کی فطرت رکھنے والے اِنسان کو ناجائز طور طریقے سکھانے والا شیطان۔ خوش الحانی کی خواہش رکھنے والی سماعت کو ہیجان انگیز موسیقی دینے والا شیطان۔ دل میں دردِ اِنسانیت رکھنے والے کو خود خدا بنا دینے والا شیطان۔ خطابت و بلاغت سے اچھائی کا پرچار کرنےوالے کو گالیاں سکھانے والا شیطان۔ اپنی ذہانت سے حقیقت کو پا لینے والے اِنسان کو اُس کے راستے سے بہکا دینے والا .... شیطان!! یہ مت سوچنا کچھ زیادہ ہی ڈھیل دیدی۔ ڈھیل تو ہمیں بھی ہے.... اختیار ہمیں بھی ہے!! اپنے ناری جسم پر تکبر کرنےوالے سن!! سن یہ خاکی بدن رکھنے والے بھی تجھے چیلنج کرتے ہیں!!
چاہوں تو اپنی خاکی زبان سے تیرے ناری بدن میں بھی وہ آگ لگادوں جسے کوئی بجھا نہ سکے.... ایسے ہی تو کوئی فضیلت نہیں ملی‘ اختیار دیا ہے میرے رب نے اور آج یہی اختیار استعمال کررہا ہوں.... جا چھوڑ دیا تیرا راستہ!! تو نے میرے سامنے جھکنے سے انکار کرکے کوئی کمال نہیں کیا‘ میں تو کچھ بھی نہیں لیکن خالق کا حکم تھا۔ تو حکم خالق کا منکر ہے تو جا آج سے میں اپنے خالق کی اطاعت کرکے تجھے جلاﺅں گا!! جس رحمن و رحیم نے تجھے مہلت دے رکھی ہے اُس نے میرے لئے بھی درِ توبہ کھول رکھا ہے‘ ابھی وہ وقت نہیں آیا کہ میں تیرے جال میں یوں پھنسا ہوا ہوں کہ اُس دروازے کا راستہ بھی بھول گیا۔ تو میرے خالق کی عطاءکردہ فطری طلب کو نفس سے بہکائے گا؟؟ جا آج سے نفس کی ہر خواہش کا قتل کرکے اُس کا خون تجھ پر چھڑکوں گا!! تو میری زبان پر فحش گوئی سجا کر سمجھتا ہے اس زبان سے اب خالق کی تعریف ممکن نہیں؟ قسم ہے اُس پاک پروردگار کی کہ آج کے بعد اِس زبان پر خالق کی ایسی مدحت ہوگی کہ فرشتوں کو بھی تجھے معلم بنانے کی فرمائش پر شرمندگی ہوگی۔ تجھے اِنسانوں سے نفرت ہے؟ مگر ہم تو تجھے اِس قابل بھی نہیں سمجھتے!! تجھ سے اعلانِ جنگ اس کے سوا کچھ نہیں کہ تو نے ہمارے رب کی نا فرمانی کی‘ خالق کو چیلنج کیا تھا ناں؟ بہکائے گا؟ رحمن کی فوج کے سپاہی ہیں‘ معلوم ہے تو نے دنیا کے نظام میں بگاڑ پیدا کرکے مشکلات کھڑی کر رکھی ہیں۔ مگر دماغ ہے‘ سوچ ہے‘ شعور ہے‘ تیری چھوٹی سی چھوٹی چال بھی اب نظروں سے اوجھل نہیں رہے گی‘ تیرے ہر وار اُلٹ کر‘ تیری ہر چال پلٹ کر اور تیرے ہر راستے کو چھوڑ کر تجھے اذیت دوں گا۔ بہکا سکتا ہے تو بہکا لے!! جا چیلنج ہے.... کرلے جو ہوسکتا ہے!!
 

فاتح

لائبریرین
خوبصورت اور فکر انگیز تحریر ہے۔ بہت خوب۔ شکریہ
کچھ اپنے متعلق بھی یعنی اپنا تعارف بھی عطا کیجیے۔
 

مغزل

محفلین
ماشا اللہ جناب ، چہ خوب ، خوب خوب انداز ہے ، ماشا اللہ۔
اردو محفل میں خوش آمدید ’’ تعارف ‘‘ کی لڑی میں اپنا مفصل تعارف پیش کیجے ،
امید ہے آپ سے مراسلت کا شرف حاصل رہے گا۔والسلام
 
تجھے اِنسانوں سے نفرت ہے؟ مگر ہم تو تجھے اِس قابل بھی نہیں سمجھتے!!

تجھ سے اعلانِ جنگ اس کے سوا کچھ نہیں کہ تو نے ہمارے رب کی نا فرمانی کی‘ خالق کو چیلنج کیا تھا ناں؟ بہکائے گا؟

رحمن کی فوج کے سپاہی ہیں‘ معلوم ہے تو نے دنیا کے نظام میں بگاڑ پیدا کرکے مشکلات کھڑی کر رکھی ہیں۔ مگر دماغ ہے‘ سوچ ہے‘ شعور ہے‘ تیری چھوٹی سی چھوٹی چال بھی اب نظروں سے اوجھل نہیں رہے گی‘ تیرے ہر وار اُلٹ کر‘ تیری ہر چال پلٹ کر اور تیرے ہر راستے کو چھوڑ کر تجھے اذیت دوں گا۔ بہکا سکتا ہے تو بہکا لے!!

جا چیلنج ہے.... کرلے جو ہوسکتا ہے!!

ماشاء اللہ بہت اچھی تحریر ہے ۔ اللہ کرے زور قلم اور زیادہ ۔

ویسے چیلنج کو اردو میں کیا کہتے ہیں ؟
 

فرخ منظور

لائبریرین
اچھی تحریر ہے اک انسان صاحب۔ کیا یہ آپ کی اپنی تحریر ہے؟ اردو محفل میں خوش آمدید۔ ہو سکے تو اپنا تعارف ضرور دیجیے۔
 

اک انسان

محفلین
خوبصورت اور فکر انگیز تحریر ہے۔ بہت خوب۔ شکریہ
کچھ اپنے متعلق بھی یعنی اپنا تعارف بھی عطا کیجیے۔

ماشا اللہ جناب ، چہ خوب ، خوب خوب انداز ہے ، ماشا اللہ۔
اردو محفل میں خوش آمدید ’’ تعارف ‘‘ کی لڑی میں اپنا مفصل تعارف پیش کیجے ،
امید ہے آپ سے مراسلت کا شرف حاصل رہے گا۔والسلام

تعارف۔۔۔۔۔۔۔ زیر غور ہے‘ فی الوقت یہ ہے کہ اک انسان ہوں اور اللہ تعالیٰ کی بنائی ہوئی اس خوبصورت دنیا کا مکین ہوں۔ امید ہے ناراض نہیں‌ ہونگے۔ ویسے اطمینان رکھئے میں ’مشکوک‘ نہیں۔ عابد عنایت (آبی ٹو کول( میرے متعلق کافی کچھ جانتے ہیں‘ اور ان سے بھی یہی گذارش ہے کہ فی الحال پردہ ہی رہنے دیں۔

ماشاء اللہ بہت اچھی تحریر ہے ۔ اللہ کرے زور قلم اور زیادہ ۔

ویسے چیلنج کو اردو میں کیا کہتے ہیں ؟

’للکارنا‘ بھی ہوسکتا ہے‘ مگر درج بالا تحریر میں زبان و بیاں کی قید نہیں‘ بس جو دل میں آیا کہہ دیا۔

اچھی تحریر ہے اک انسان صاحب۔ کیا یہ آپ کی اپنی تحریر ہے؟ اردو محفل میں خوش آمدید۔ ہو سکے تو اپنا تعارف ضرور دیجیے۔

سخنور صاحب اگر آپ میری تحریر کو سخنوری پر محمول کرتے ہیں تو مجھے اعتراض ہے۔ یہ تو بس اک پیغام تھا۔ پہلا حصہ تاریخَ اسلام اور قرآن کے مطالعہ سے حاصل کردہ ہے‘ ’’تخلیق آدم‘‘ کی کیفیت کے حوالے سے، اور باقی دل کی کہی ہے۔

آپ تمام احباب کا شکریہ۔ آخر میں فقط اتنا کہنا ہے کہ پڑھنے والے پر منحصر ہے‘ چاہے تو اسے الفاظ کا قبرستان بنا کر فاتحہ پڑھ دے جسے میں ’’واہ واہ‘‘ کرنا کہوں گا۔ یا پھر اس کے پیغام کو اپنے دل میں تھوڑی سی جگہ دیدے۔ میں انشا اللہ یہاں اپنے پیغامات اور اپنے خیالات آپ احباب سے شیئر کرتا رہوں گا۔
 

مغزل

محفلین
آبی بھیا کاشکریہ کہ ایک منقب انسان سے ملاقات کا شرف ملا، چلیے کوئی نہیں ، زندگی بخیر تعارف بھی حاصل رہے گا، امروز نہ سہی ۔۔ جب بھی سہی۔۔ والسلام
 
Top