بیوی پاکستان گئی ہے۔

حجاب

محفلین
بیوی پاکستان گئی ہے۔
گھر کے کاموں سے گھبرا کر
اپنی جاب سے عاجز آکر
چھ ہفتے کی چھٹی پاکر
کر کے گھر سُنسان گئی ہے

بیوی پاکستان گئی ہے
سونے کے سیٹ بنوائے گی
شان مصالحے بھی لائے گی
سوٹ بہت سے سلوائے گی
سلک کے لے کر تھان گئی ہے
بیوی پاکستان گئی ہے
عیش کروں گی اماں کے گھر
کام کریں گے نوکر چاکر
کار میں لے کر جائے گا شوفر
لے کر یہ ارمان گئی ہے
بیوی پاکستان گئی ہے
پنوں عاقل میں چاچا ہے
چھانگا مانگا میں تایا ہے
سب سے ہی مل کر آنا ہے
بنا کر سارے پلان گئی ہے
بیوی پاکستان گئی ہے
بولی رہنا اچھے شوہر
دفتر سے سیدھے آنا گھر
جاتے جاتے ہاتھ میں دے کر
تسبیح اور قرآن گئی ہے
بیوی پاکستان گئی ہے
طرح طرح کے کھانے پکا کر
بھر ڈالا ہے سارا فریزر
تاکہ میں نہ کھاؤں باہر
کر کے اطمینان گئی ہے
بیوی پاکستان گئی ہے
ایک دن فون کیا اُس کے گھر
بولے اُس کے نانا اصغر
وہ تو لے کر سارا ٹبر
آج صبح ملتان گئی ہے
بیوی پاکستان گئی ہے
دھوپ اور گرمی سے آکر تنگ
میلا ہوا جب چہرے کا رنگ
اپنی ایک سہیلی کے سنگ
وہاں سے وہ کاغان گئی ہے
بیوی پاکستان گئی ہے
آتی ہے ای میل برابر
بھیجو ڈالر بھیجو ڈالر
پھنس مشکل میں جان گئی ہے
بیوی پاکستان گئی ہے
لگتے ہیں بینکوں کے پھیرے
بھیجوں ڈالر شام سویرے
چہرہ پُر غم ہے اور
میرے ہونٹوں کی مسکان گئی ہے
بیوی پاکستان گئی ہے۔
 
Top