بہ نوک ِ خارِ مغیلاں ہے زندگی اپنی ( غزل ۔ از سید نصرت بخاری)

اسیرِ حلقہ پیکاں ہے زندگی اپنی
رہینِ گردشِ دوراں ہے زندگی اپنی

مجھے تو ہجر کا معلوم اب ہوا معنی
بہ نوک ِ خارِ مغیلاں ہے زندگی اپنی

مثال ابر گریزاں ہیں ان دنوں احباب
بہ رنگ دیدہ حیراں ہے زندگی اپنی

کسی زلیخا کے مطلق نہیں ہوئے مقروض
مثالِ یوسفِ کنعاں ہے زندگی اپنی

حیات وقف کشاکش ہوئی ہے اے نصرت
میانِ مشکل و آساں ہے زندگی ہے اپنی
 

فرخ منظور

لائبریرین
واہ! کیا خوبصورت غزل ہے۔ اردو محفل میں خوش آمدید نصرت صاحب۔ ہو سکے تو تعارف سیکشن میں اپنا تعارف ضرور دیجیے۔ بہت شکریہ!
 

فاتح

لائبریرین
سبحان اللہ! انتہائی خوبصورت غزل ہے۔ بہت سی داد اور مبارک باد قبول کیجیے اور اپنے بارے میں بھی کچھ فرمائیے۔
 

الف عین

لائبریرین
خوش آمدید نصرت بخاری صاحب۔ اگر آپ وہی ہیں جن کی برقی کتاب میں نے بنا رکھی ہے، ’گھاؤ‘ کے نام سے۔ امید ہے کہ اپنی دوسری کہانیاں بھی مجھے دیں گے۔
 

الف عین

لائبریرین
غزل کی تعریف کرنا تو بھول ہی گیا، کیا بات ہے

مثال ابر گریزاں ہیں ان دنوں احباب
بہ رنگ دیدہ حیراں ہے زندگی اپنی
 

خاورچودھری

محفلین
خوش آمدید نصرت بخاری صاحب۔ اگر آپ وہی ہیں جن کی برقی کتاب میں نے بنا رکھی ہے، ’گھاؤ‘ کے نام سے۔ امید ہے کہ اپنی دوسری کہانیاں بھی مجھے دیں گے۔

جی حضور! آپ نے انہی کی کتاب گھاو شامل کی ہے۔ موصوف نے میرے حوالے سے بھی ایک کتاب “ حدیث دیگراں “ کے نام سے مرتب کی ہے جو دو ہزار آٹھ میں مثال پبلشرز فیصل آباد نے شائع کی تھی۔ یہاں فورم پر میری ہی دعوت پر تشریف لائے ہیں۔ یہاں کالج میں اُردو کے استاذ بھی ہیں۔
 

محمد وارث

لائبریرین
بہت خوشی ہوئی سیّد نصرت بخاری صاحب کہ آپ اردو محفل پر تشریف لائے، خاور چودھری صاحب کا بھی بہت شکریہ کہ آپ نے سیّد صاحب کو یہاں آنے کی دعوت دی۔

اردو محفل کے احباب بھی مبارک باد کے مستحق ہیں کہ ایک اور علمی و ادبی شخصیت اور اردو کے استاذ نے اردو محفل میں شمولیت حاصل کی ہے یقیناً ہم سب کو سیّد صاحب سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

انتہائی خوبصورت غزل ہے، سبھی اشعار بہت خوبصورت ہیں اور خوبصورت تراکیب سے مرصّع، بہت داد قبول کیجیئے محترم

مثالِ ابرِ گریزاں ہیں ان دنوں احباب
بہ رنگِ دیدۂ حیراں ہے زندگی اپنی

واہ واہ واہ، لاجواب۔
 
Top