داغ بُتوں نے ہوش سنبھالا جہاں شعور آیا - آفتاب داغ از داغ دہلوی

ماروا ضیا

محفلین
بُتوں نے ہوش سنبھالا جہاں شعور آیا​
بڑے دماغ بڑے ناز سے غرور آیا​
اُسے حیا اِدھر آئی اُدھر غرور آیا​
میرے جنازے کے ہمراہ دور دور آیا​
زُباں پہ اُن کےجو بھولے سےنامِ حور آیا​
اُٹھا کے آئینہ دیکھا وہیں غرور آیا​
تُمھاری بزم تو ایسی ہی تھی نشاط افزا​
رقیب نے بھی اگر پی مجھے سرور آیا​
کہاں کہاں دل مشتاقِدید نے یہ کہا​
وہ چمکی برق تجلی وہ کوہِ طور آیا​
تری گلی کی زمیں اور اس قدر پامال​
مگر یہاں کوئی بے تاب ناصبُور آیا​
جہاں میں لاکھ حسیں ہوں تو اُن کو رشک نہیں​
قیامت آگئی جس وقت نامِ حور آیا​
عدو کو دیکھ کے آنکھوں میں اپنے خون اُترا​
وہ سمجھے بادہ گُل رنگ کا سُرور آیا​
تیری گلی میں رہی باز گشت مثل نفس​
کہ جتنی دور گیا واپس اُتنی دور آیا​
قسم بھی وہ کبھی قُرآن کی نہیں کھاتے​
یہ رشک ہے اُنھیں کیوں ذکرِ حُور آیا​
پیامبر تیری باتوں میں ہم کب آتے ہیں​
وہاں ضرور گیا اور تو ضرور آیا​
کہا جب اُس نے تہِ تیغ کون آتا ہے​
پُکاراُٹھا دل مُشتاق و ناصبور آیا​
پیامبر سے شبِ وعدہ وہ بگڑ بیٹھے​
بنے بنائے ہوئے کام میں فتور آیا​
کسی نے جُرم کیا مل گئی سزا مجھ کو​
کسی سے شکوہ ہوا مجھ پہ مُنہ ضرور آیا​
جو خم کو جوش تو ساغر کو آگیا چکر​
مرے ہی دل کو نہ اُس بزم میں سرور آیا​
گزار دی شبِ وعدہ اسی توقع پر​
مرے بلانے کو اب آدمی ضرور آیا​
کہیں تھی راہنُمائی کہیں تھی راہزنی​
کہیں ملا کہیں میں کارواں سے دور آیا​
لگاوٹیں ہیں تجلی کی یہ تو اے موسیٰ​
کہ سُرمہ بن کے جو آنکھوں میں کوہِ طور آیا​
الہی اشک مصیبت کی آبرو رکھنا​
یہ بیکسی میں بُرے وقت پر ضرور آیا​
خُدا نے بخش دئیے حشر میں بُہت عاشق​
خیال یار میں کوئی نہ بے قصور آیا​
ترے نصیب کا اے دل وہاں بھی صبر نہیں​
جو اب گیا وہ قیامت کے دن ضرور آیا​
بنے ہو بزم میں ساقی تق یہ خیال رہے​
کسے سرور نہ آیا کسے سرور آیا​
شہید ناز بھی عاشق مزاج میں بھی ہوں​
اسی لیے ملک الموت بنکے حور آیا​
وہیں سے داغؔ سیہ بخت کو ملی ظلمت​
جہاں سے حضرتِ موسیٰ کے ہاتھ نُور آیا​
مجموعہ کلام : آفتابِ داغ​
مُحترم فاتح صاحب اصلاح کی گُزارش​
 

فاتح

لائبریرین
ماروا ضیا صاحبہ! یہ خوبصورت انتخاب ارسال کرنے پر آپ کا شکریہ۔

آپ نے املا کی اغلاط کی درستگی کا حکم دیا تھا۔۔۔ ذیل کے مصرعے اور اشعار کو اپنے مراسلہ بالا میں مدون کر لیں:

کہاں کہاں دل مشتاقِ دید نے یہ کہا

قیامت آ گئی جس وقت نامِ حور آیا

وہ سمجھے بادۂ گُل رنگ کا سُرور آیا

تری گلی میں رہی باز گشت مثلِ نفس

یہ رشک ہے اُنھیں کیوں اس میں ذکرِ حُور آیا

پیامبر تری باتوں میں ہم کب آتے ہیں

جو خم کو جوش تو ساغر کو آ گیا چکر

الہی! اشکِ مصیبت کی آبرو رکھنا
یہ بے کسی میں بُرے وقت پر ضرور آیا

خُدا نے بخش دیے حشر میں بُہت عاشق
خیالِ یار میں کوئی نہ بے قصور آیا

بنے ہو بزم میں ساقی تو یہ خیال رہے

شہیدِ ناز بھی عاشق مزاج بھی میں ہوں
اسی لیے ملک الموت بن کے حور آیا


مگر یہاں کوئی بے تاب ناصبُور آیا
مگر یہاں کوئی مشتاق و ناصبور آیا (میرے پاس نسخے میں یوں ہے)

کسی سے شکوہ ہوا مجھ پہ مُنہ ضرور آیا
کسی نے شکوہ کیا مجھ پہ منہ ضرور آیا (میرے پاس نسخے میں یوں ہے)
 

ماروا ضیا

محفلین
محترم فاتح صاحب بُہت شکریہ آپ کا کہ آپ نے املاء کی اصلاح کی ۔ باقی میرے پاس دو نسخے ہیں داغ صاحب کے۔ اُن میں ایسے ہی لکھا ہے جیسے میں نے لکھا ہے۔ اس کے سکرین شاٹ شئیر کر رہی ہوں
نُسخہ اول سے لنک
نُسخہ دوئم سے لنک

اور آپ نے لکھا ہے "
شہیدِ ناز بھی عاشق مزاج بھی میں ہوں"​
جبکہ میرے پاس یہ ایسے ہی ہے جیسے میں نے لکھا ہے"شہیدِ ناز بھی عاشق مزاجمیں بھی ہوں"​
 

فاتح

لائبریرین
محترم فاتح صاحب بُہت شکریہ آپ کا کہ آپ نے املاء کی اصلاح کی ۔ باقی میرے پاس دو نسخے ہیں داغ صاحب کے۔ اُن میں ایسے ہی لکھا ہے جیسے میں نے لکھا ہے۔ اس کے سکرین شاٹ شئیر کر رہی ہوں
نُسخہ اول سے لنک
نُسخہ دوئم سے لنک

اور آپ نے لکھا ہے "
شہیدِ ناز بھی عاشق مزاج بھی میں ہوں"​
جبکہ میرے پاس یہ ایسے ہی ہے جیسے میں نے لکھا ہے"شہیدِ ناز بھی عاشق مزاجمیں بھی ہوں"​
زبردست!
تب میں اپنے نسخے میں درستگی کر لیتا ہوں۔ اچھا ہے اردو ویب ڈیجیٹل لائبریری کا حصہ بننے سے پہلے آفتابِ داغ کی بھی درستگی ہو جائے گی÷
 

ماروا ضیا

محفلین
آپ کا مطلب آفتاب داغ یونی کوڈ میں اردو ویب لائیبریری پر شایع کرنے والے ہیں آپ؟ یہ تو بُہت عمدہ ہو جائے گا
 

فاتح

لائبریرین
آپ کا مطلب آفتاب داغ یونی کوڈ میں اردو ویب لائیبریری پر شایع کرنے والے ہیں آپ؟ یہ تو بُہت عمدہ ہو جائے گا
جی بالکل درست سمجھا آپ نے۔۔۔
نہ صرف آفتابِ داغ بلکہ مہتابِ داغ، گلزارِ داغ، یادگارِ داغ اور مثنوی فریادِ داغ بھی شائع کرنے والے ہیں۔
ٹائپنگ مکمل ہو چکی ہے۔۔۔ اب پروف ریڈنگ کا کام باقی ہے، اگر آپ ان میں سے کسی کتاب کی پروف ریڈنگ کے لیے وقت نکال سکتی ہیں تو بتا دیجیے۔
 

الشفاء

لائبریرین
تُمھاری بزم تو ایسی ہی تھی نشاط افزا
رقیب نے بھی اگر پی مجھے سرور آیا
واہ۔ واہ۔ سبحان اللہ۔۔۔
 

ماروا ضیا

محفلین
جی ضرور مجھے خوشی ہو گی کے میں آپکے کام آسکوں آپ مجھے گُلزار داغ دے دیں میرے پاس گُلزار داغ کے بھی دو نُسخہ جات ہیں اور یہ بھی بتا دیں کے زیادہ سے زیادہ کتنے وقت میں مکمل کر دوں ؟ کیوں کے مجھے اپنی مصروفیات کو اُس ٹائم سے ترتیب دینا ہو گا۔
 

فاتح

لائبریرین
جی ضرور مجھے خوشی ہو گی کے میں آپکے کام آسکوں آپ مجھے گُلزار داغ دے دیں میرے پاس گُلزار داغ کے بھی دو نُسخہ جات ہیں اور یہ بھی بتا دیں کے زیادہ سے زیادہ کتنے وقت میں مکمل کر دوں ؟ کیوں کے مجھے اپنی مصروفیات کو اُس ٹائم سے ترتیب دینا ہو گا۔
ارے زبردست۔۔۔ اس کارِ خیر میں اعانت کی حامی بھر کر آپ نے ہمارا بوجھ کم کر دیا۔
بس اب اردو لائبریری کے کرتا دھرتا آپ سے رابطہ کرتے ہی ہوں گے۔ :)
وقت کی تو ایسی کوئی پابندی نہیں کیونکہ یہ تو اردو کی ترویج اور فروغ کی غرض سے ایک رضاکارانہ اور فلاحی کام ہے جو ہم اپنی ذاتی مصروفیات میں سے وقت نکال کر کرتے ہیں۔ اپنی ذاتی مصروفیات کو اولین ترجیح دیں اور اس کے بعد جس قدر وقت ممکن ہو تفویض کر کے یہ کام کر سکتی ہیں۔ جتنا جلدی آپ کی جانب سے پروف ریڈنگ اور اس کے بعد مقدس کی جانب سے فارمیٹنگ کے مراحل مکمل ہوں گے اتنی جلد ہی یہ کتاب لائبریری کی زینت بن سکے گی۔
 
Top