احباب موضوع سے ہٹ کر گفتگو سے احتراز کریں۔ مختلف باتوں کے لئے متعلقہ زمروں میں نئے دھاگے شروع کر لیا کریں، اس پر کوئی پابندی نہیں۔
اردو محفل بجائے خود اینٹی قادیانیت یا اینٹی مسلم، قدامت پسندی یا ترقی پسندی وغیرہ جیسی کسی بھی تحریک کا حامی نہیں ہے۔ سبھی محفلین ایک دائرے اور قاعدے میں رہ کر کسی بھی مکتب فکر کے بارے میں گفتگو کر سکتے ہیں۔ سبھی منتظمین و مدیران بھی اپنی اپنی ذاتی سوچ کے حامل ہیں اور ضروری نہیں کہ ان کی ذاتی فکر یا ہمدردیاں آفیشیل گردانی جائیں۔
مذمت، تذلیل، گالی، ہجو اور ناشائستہ الفاظ و بیان خواہ مسلمانوں کے لئے ہوں یا مسلمانوں کے ذریعہ، کفار کے لئے ہوں یا کفار کے ذریعہ، قادیانیوں کے لئے ہوں یا قادیانیوں کے ذریعہ، ترقی پسندوں کے لئے ہوں یا ترقی پسندوں کے ذریعہ، قدامت پسندوں کے لئے ہوں یا قدامت پسندوں کے ذریعہ، کسی کو بھی محفل میں پسندیدگی کی نظر سے نہیں دیکھا جا سکتا اور نہ ہی محفل کی حمایت حاصل ہو سکتی ہے، ہاں فرداً فرداً محفلیں کی سوچ کچھ بھی ہو سکتی ہے۔
محفل میں ایک چیز جو انتہائی ناپسندیدہ ہے وہ ہے موضوع سے ہٹ کر گفتگو کرنا اور ایسے معاملات کو بار بار ہوا دینا جس سے نقص امن کا خطرہ ہو۔
جو مراسلے قابل اعتراض لگیں ان کو سر بازار گھسیٹنے کے بجائے مناسب سبب لکھ کر رپورٹ کر دیا کریں۔ اس طرح انتظامیہ ضروری سمجھے گی تو مناسب اقدامات اٹھائے گی۔
یہ ایک عمومی نوٹ اور یاد دہانی ہے، احباب خیال رکھیں۔