کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں

الف عین

لائبریرین
@اظہر نذیر
یہ سب کلام میری نظر سے گزر چکا ہے؟
پہلی نعت ہے، لیکن اس کا دوسرا شعر نعت کا نہیں لگتا۔
ساگرِ دید؟؟؟ ساگر تو ہندی/سنسکرت لفظ ہے، اس میں اضافت کیسے لگ سکتی ہے؟
نثری نظم بھی درست ہے، بلکہ یہ تو کبھی غلط ہوتی ہی نہیں!!
اگلی غزل
عجب ستم ہے کہ بندھے ہوئے ہیں ہاتھ مرے
’بندھے‘ کا نون غنہ ہونا چاہئے، یہاں معلنہ باندھا گیا ہے۔
بتا ملن کا کہانی کو باب کیسے دوں
’باب‘ کے ساتھ دینے کا فعل عجیب سا محسوس ہوتا ہے۔

انٹ شنٹ پہ ’نو کمنٹ‘

آخری غزل سادہ اور اچھی ہے۔ پسند آئی۔
البتہ یہ شعر سمجھ میں نہیں آیا
بعد میں ہوش کس کو رہتا ہے
آنکھ ملتی ہے، جام ہوتا ہے


سلمان حمید
ماشاء اللہ پہلی غزل خوب ہے، آخری شعر نکال ہی دو۔ ملک الموت کا درست تلفظ نہیں بندھا۔
نظم کا بھی خیال اچھا ہے، لیکن یہ مصرع ’جس جہاں‘ کی وجہ سے
جس جہاں میں اب سب کچھ
اچھا نہیں۔
باقی اشعار بھی اچھے ہیں۔ تمہاری دریافت خوش گوار محسوس ہوئی مجھے۔



فیصل عظیم فیصل
پہلی غزل کی زمین پسند نہیں آئی۔ قافئے کی وجہ سے تک بندی ہی لگتی ہے۔ اکثر اشعار کا مفہوم بھی واضح نہیں ہوا۔
اب اتنا آسان نہیں ہے
کو نظم کہا جائے تو بہتر ہے۔ خیالات پسند آئے۔

عمران شناور
ماشاء اللہ، ہمارے صاحب دیوان شاعر ہیں عمران۔
آخری غزل سب سے زیادہ پسند آئی۔ نظم بھی خوب ہے



محمد حفیظ الرحمٰن
پہلی غزل ماشاء اللہ عمدہ ہے۔ البتہ اس شعر میں
دو عالم دسترس میں ہوں ہماری

کرے گرکوئی قسمت آزمائی
صیغے کا مسئلہ ہے، یا تو دوسرے مصرع میں بھی ’ہم‘ ہونا تھا، یا پہلے میں ’اس کے‘ ہونا تھا۔
چڑچڑی غزل بھی اچھی ہے، لیکن تیسری غزل نے خوش کر دیا۔ مبارکباد قبول کرو۔


 

الف عین

لائبریرین
آصف شفیع
یہ بھی ہمارے سٹیبلشڈ شاعر ہیں۔ دونوں غزلیں پسند آئیں۔
۔
نوید رزاق بٹ
نظم بھی خوب ہے، ’بے دھنک‘ ذرا عجیب سا لگتا ہے۔
اقبال کی وصیت بھی استادانہ ہے۔
باقی غزلیں بھی۔ لیکن وہ مزاحیہ شاعری کی بات دوسری ہے، وہ مجھے زیادہ پسند آئی تھی۔

ایم اے راجا

یہ غزل بھی شاید میری نظر سے نہیں گزری!!
ماشاء اللہ اچھی غزل ہے۔ کچھ مصرعوں میں روانی بہتر کی جا سکتی تھی، مثلاً
میرا چلنا جو گوارا ہی نہیں تجھ کو تو
(مفہوم سے قطعِ نظر)
 

الف عین

لائبریرین
مہدی نقوی حجاز
ماشاء اللہ اچھی غزلیں ہیں۔

عاطف علی
دونوں غزلیں طویل اور خوب ہیں۔ کچھ کمزور اشعار نکال دیں تو زیادہ بھرپور تاثر ہو جائے۔
یہ مصرع
جوئے شیر و تیشہ ؤ کوہِ گراں!
میں ’تیشہ و ‘ محض فاعلن ہونا چاہئے تھا۔ یہاں مفعول کے وزن پر تقطیع ہوا ہے جو غلط ہے۔

عائشہ بیگ
پہلی غزل ۔ مترنم بحر میں اچھی غزل۔ بس حیاتیات‘ کا استعمال غلط ہے۔ حیاتیات بایولاجی کو کہتے ہیں۔ حیات کا ہم معنی نہیں،
جھکی ہے جس کے سامنے حیاتیات کی جبیں
دوسری غزل بھی اچھی ہے، البتہ کہیں کہیں ردیف ساتھ نہیں دے رہی۔

شہزاد نیر
دونوں غزلیں پسند آئیں۔ مبارکباد قبول کریں

ابن سعید
سعود کی یہ تخلیقات ، ایک استثنا کے ساتھ محفل میں پہلے بھی آ چکی ہیں اور تحسین حاصل کر چکی ہیں۔ البتہ آخری ’تک بندی‘ اگر پیش کی جا چکی ہے تو میں بھول گیا ہوں، یا میری نظر سے نہیں گزری۔ وہ غزل تو خاصی استادانہ ہے۔ بس مطلع میں ’راگ رنگ ‘ہی کر دو، راگ و رنگ‘ کا ’واؤ فارسی ترکیب کے مطابق غلط ہے کہ راگ ہندی النسل ہے

@محمدخلیل الرحمن سے نمکین اشعار کی امید رہتی ہے لیکن یہاں سنجیدہ اشعار سنا کر کافی متاثر کیا مجھے۔
کالج کے زمانے کی غزل بھی کافی ’بالغ‘ ہے۔ (میچیور کا ترجمہ ہے، ایڈلٹ کا نہیں)

فاتح
نظم سادہ سی اور خوب ہے، آخری مصرع نکال دینے کی سوچیں۔ میرے خیال میں اس سے تاثر بڑھ جاتا ہے
غزلیں دونوں اچھی ہیں۔ دوسری غزل البتہ اپنی زمین کی وجہ سے مرعوب کرتی ہے، متاثر نہیں۔ استاد ناسخؔ کی پہلوانی یاد آ جاتی ہے۔

منیر انور، منصور آفاق، @ محمد یعقوب آسی
آپ حضرات تو یوں ہی محفل کی آبرو ہیں۔ آپ کی موجودگی ہی قالِ تعریف ہے۔ اشعار کی بات تو سورج کو چراغ دکھانا ہے۔ ہاں منصور آفاق صاحب کو اس بات کی نشان دہی تو کر ہی دوں کہ
اک تری نظر عنایت کے طفیل
میں نظر کے تلفظ پر ایک بار نَظَرِ ثانی کر لیں

یہ ایک بار پھر کہہ دوں کہ مجھے تعریف کرنی آتی ہی نہیں، اس لئے جن دوستوں کے کلام پر مختصر رائے ہے، وہ یہ نہ سمجھیں کہ تفصیلی رائے نہیں دی تو مراد یہ ہے کہ پسند نہیں آیا کلام ۔ زیادہ تر مبتدی شعراء کے کلام کو ہی باریک بیں نظر سے دیکھا ہے۔
آخر میں ایک بار پھر شکریہ کہ مجھے اس قدر عزت بخشی، آسی بھائی کے لئے بھی سر تا پا سپاس ہوں کہ مہمان خصوصی کی نشست سنبھالے رہے، اور محفلینس کو میری کمی محسوس نہیں ہونے دی۔
منتظمین کا بھی اس آن لائن مشاعرے کے کامیاب انعقاد کے لئے بہت بہت مبارکباد۔
اللہ حافظ
 
استادِ محترم جناب اعجاز عبید صاحب کے انہی خوبصورت الفاظ کے ساتھ مشاعرے کے باقاعدہ اختتام کا اعلان کیا جاتا ہے ۔ ساتھ ہی اس دھاگے کو مقفل کیا جارہا ہے۔ محفلین کی انتہائی قیمتی آراء اور داد کے لیے تبصرے کا دھاگہ البتہ تادیر کھلا رہے گا۔قلم اُٹھائیے اور جی بھر کر داد دیجیے۔
 
کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں
Top