واضح ہو کہ داستان امیر حمزہ کے سات دفتر ہیں اور بغیر ملاحظہ دفاتر مذکور کے دشوار ہے امیر و عمرو اور زمرد شاہ اور بختیارک اور افراسیاب جادو وغیرہ کے نام سمجھ میں آئیں۔ باین خیال گزارش ہے کہ امیر حمزہ پسر سید خواجہ عبدالمطلب سردار خانہ کعبہ کے ہیں اور عمرو ان کا عیار ہے اور امیر حمزہ نے اپنے پوتے...