یوم آزادی ہند مبارک ۔۔۔۔۔

عندلیب

محفلین
یومِ آزادئ ہند مبارک


15۔اگست
کی صبح جب بعدِ نماز آنگن میں نکل کر دیکھتی ہوں تو سارا ماحول فسوں خیز سا محسوس ہوتا ہے ، ایسا لگتا ہے جیسے بادِ صبا سب سے پہلے ہمارے چہرے کو دھیرے سے چوم کر اس مبارک لمحے کی مبارکباد دئے جا رہی ہو۔
پھولوں کی خوشبو ، دالان سے ہٹ کر پھیلا ہوا سبزہ ، آسمان پر پھیلے روپہلے بادل ۔۔۔ ایسا لگتا ہے روزانہ کے معمول سے ہٹ کر ایک نیا پیغام دے رہے ہوں۔

آزادی بھی کتنی بڑی نعمت ہے !
ہم آزاد ہیں ، غلامی کے برسوں پرانے ناسور کو آج ہی کے دن وطن کے معماران نے جڑوں سے کاٹ کر پھینک ڈالا تھا۔ ہم آج جس ماحول میں سانس لے رہے ہیں وہ ہمارا اپنا ماحول ہے ، دائیں بائیں اوپر نیچے ، اپنے وطن کی مٹی کے ایک ایک ذرہ پر ہمارا حق ہے۔
آزادی کا احساس ہی کچھ ایسا ہوتا ہے ، اس کا نشہ دنیا کے ہر نشے سے زیادہ طاقت ور ہے۔

باہر کی دنیا تو بڑی حسین ہے ، خوشگوار ہے ، رومانی ہے ، رنگ برنگی ہے ، ہواؤں میں تازگی سی ہے ۔۔۔۔
مگر اے کاش ۔۔۔
اے کاش کہ ہمارے اندر کا موسم بھی اتنا دلربا ہوتا ، اتنا مہکتا ہوتا ۔۔۔۔۔۔۔
آج مٹی کا رنگ بھی بڑا سرخ سرخ سا نظر آتا ہے ، روح کہتی ہے کہ یہ ان جیالوں متوالوں کے خون کی یاد میں رو رہی ہے جنہوں نے اس پیارے وطن کو آزاد کرایا ، اپنے قیمتی خون کی قربانیاں دیں ۔۔۔ سوچا کہ ان کے بعد ہی سہی مگر ایک نئی صبح تو طلوع ہوگی !

آہ کہ وہ صبح طلوع ہوئی بھی تو کس مختصر وقفے کے لئے؟
وطنِ عزیز کی دھرتی کا رنگ آج بھی اتنا ہی سرخ ہے۔ مذہب ، سیاست ، زبان ، علاقہ ، ذات و فرقہ ۔۔۔ ان سب موتیوں کو جمع کر کے خوبصورت جگمگاتی مالا بنائی تھی معمارانِ وطن نے۔ معلوم نہیں اتنے سالوں میں کس کی نظر لگ گئی۔
تسبیح کی ڈور ٹوٹ گئی ہے ، دانے ادھر ادھر بکھر گئے ہیں ۔۔۔
رونے کی آوازیں ، دہشت زدہ آوازیں ، دھماکوں کی آوازیں ، چیخنا چلانا ، فضاؤں میں بارود کی بوُ ۔۔۔۔ پرندے اداس ہیں ، ان کی چونچوں سے شاخِ زیتون چھین لی گئی ہے !!

پھر بھی ۔۔۔۔ ہاں پھر بھی ہر سال 15۔اگست کی علی الصباح ماحول بدل جاتا ہے ، حسین و خوشگوار ہو جاتا ہے ، چاروں کے طرف گویا ہولی کے گلال رنگ بکھر سے جاتے ہیں ۔۔۔ آزادی کے دلآویز نغموں کی بہاریں سنائی دیتی ہیں ، فضائیں جھوم جھوم اٹھتی ہیں
اے اللہ ! اے ربّ العزت !
کاش کہ یہ دن ، یہ معجزاتی دن سارے سال پر حاوی ہو جائے ، ہم نعمتِ آزادی کی حقیقت کو جان لیں پہچان لیں ، اس کی حفاظت ہم سب نے مل کر کرنی ہے ، آپس میں انہی محبتوں ، چاہتوں ، رشتوں ، ناطوں کو پروان چڑھانا ہے جس کی خاطر ہم نے آزادی جیسی یہ نعمت حاصل کی تھی
کاش کہ یہ بات ہم سب کی سمجھ میں آجائے ۔۔۔ کاش کہ ۔۔۔

اے خدا ! ڈھلکتے ہوئے ایک آنسو کی اس دعا کو قبول فرما لے ، آمین۔

اپنے وطن عزیز ہندوستان کے تمام ساتھیوں کو یومِ آزادئ ہند مبارک ہو !!

 
یوم آزادی مبارک ہو! :):) :grin: :grin:

جادوئی بول والی اپیا آپ اتنا کچھ اتنی آسانی سے کیسے لکھ لیتی ہیں؟ میں تو سائنس پڑھ کے کسی کام کا نہیں رہا۔ :)
 

مغزل

محفلین
الف عین صاحب ، عندلیب صاحبہ ، ابنِ سعید صاحب اور سرزمینِ ہندوستان کے دیگر پروانوں کو
یومِ آزادیِ ہندوستان (بھارت) مبارک ہو۔
عقیدت کیش
م۔م۔مغل

(عندلیب صاحبہ آپ کی سلیس اردو نثر کا قائل ہوگیا ہوں۔
امیدِ واثق ہے کہ آپ آئندہ اپنے نثر پارے یہاں پیش فرماتی رہیں گی۔)
 

ابوشامل

محفلین
اقبال نے تو خود کو "عندلیبِ باغِ حجاز" قرار دیا تھا لیکن آپ کا طرز تحریر دیکھ کر بے ساختہ زبان سے آپ کے لیے "عندلیبِ باغِ ہند" نکل گیا۔ سبحان اللہ بہت خوب لکھا ہے۔
پاکستان سے اس ناچیز کی جانب سے ہندوستان کے تمام باشندوں کو صبحِ آزادی مبارک ہو خاص طور پر اعجاز عبید صاحب، ابن سعید صاحب اور عندلیب صاحبہ کو
 

محسن حجازی

محفلین
تمام اہل ہند کو ہماری طرف سے یوم آزادی بہت بہت مبارک ہو۔
خواہش ہے کہ تیسری دنیا کو سامراج کے قبضے سے بھی آزادی مل جائے کہ جو کچھ ہو ہو رہا ہے، جہاں بھی ہو رہا ہے ہماری دانست میں سب اسی کا شاخسانہ ہے۔
 

سارہ خان

محفلین
بہت خوبصورت لکھا عندلیب ۔۔۔ :)

میری طرف سے بھی سعود بھیا اعجاز صاحب اور عندلیب سسٹر کو یوم آزادی مبارک ۔۔:)
 

زھرا علوی

محفلین
بہت خوب عندلیب۔۔۔احساسات کا بہت پیارا اظہار ہے۔۔۔
آپ سب کو آزادی کی خوشیاں بہت بہت مبارک ہوں۔۔۔۔ں
 

الف عین

لائبریرین
شکریہ جنہوں نے اس ناچیز کو نام کے ساتھ مبارکباد دی۔ میں شکریے کے لئے ہی لیٹ ہو گیا ہوں تو اب دوسروں کو کیا مبارکباد دوں۔
 

عندلیب

محفلین
بہت عمدہ تحریر لکھی ہے عندلیب آپ نے ۔۔

پڑھ کر خوشی ہوئی کہ آپ اتنا اچھا لکھ لیتی ہیں‌۔۔

شکریہ حیدرآبادی ! آپ کہیں تو آپ کو بھی سکھا سکتی ہوں‌لکھنا کیا خیال ہے ؟ کیا آپ میرے شاگرد بننا پسند کرینگے ۔۔۔۔:grin:
 

شمشاد

لائبریرین
اور بھی کوئی آپ کی شاگردی میں آ سکتا ہے یا صرف حیدر آبادی کو ہی دعوت ہے؟
 
Top