جون ایلیا بزم سے جب نگار اٹھتا ہے ۔ جون ایلیا

فاتح

لائبریرین
بزم سے جب نگار اٹھتا ہے
میرے دل سے غبار اٹھتا ہے

میں جو بیٹھا ہوں تو وہ خوش قامت
دیکھ لو! بار بار اٹھتا ہے

تیری صورت کو دیکھ کر مری جاں
خود بخود دل میں پیار اٹھتا ہے

اس کی گُل گشت سے روش بہ روش
رنگ ہی رنگ یار اٹھتا ہے

تیرے جاتے ہی اس خرابے سے
شورِ گریہ ہزار اٹھتا ہے

کون ہے جس کو جاں عزیز نہیں؟
لے ترا جاں نثار اٹھتا ہے

صف بہ صف آ کھڑے ہوئے ہیں غزال
دشت سے خاکسار اٹھتا ہے

ہے یہ تیشہ کہ ایک شعلہ سا
بر سرِ کوہسار اٹھتا ہے

کربِ تنہائی ہے وہ شے کہ خدا
آدمی کو پکار اٹھتا ہے

تو نے پھر کَسبِ زَر کا ذکر کیا
کہیں ہم سے یہ بار اٹھتا ہے

لو وہ مجبورِ شہر صحرا سے
آج دیوانہ وار اٹھتا ہے

اپنے ہاں تو زمانے والوں کا
روز ہی اعتبار اٹھتا ہے

جون اٹھتا ہے، یوں کہو، یعنی
میر و غالب کا یار اٹھتا ہے​

شاعر: جون ایلیا
کتاب: لیکن
صفحہ 177
 
فرخ منظور

لائبریرین
واہ فاتح صاحب بہت خوبصورت غزل ہے جون ایلیا نے اساتذہ کا اتباع کیا تو پھر کچھ کلام میں جان پیدا ہوئی - واہ قبلہ مگر یہ بات جون کو کچھ زیادہ سمجھ میں نہ آئی - ;)
 
فاتح

لائبریرین
واہ فاتح صاحب بہت خوبصورت غزل ہے جون ایلیا نے اساتذہ کا اتباع کیا تو پھر کچھ کلام میں جان پیدا ہوئی - واہ قبلہ مگر یہ بات جون کو کچھ زیادہ سمجھ میں نہ آئی - ;)

فرخ‌صاحب! میرے خیال میں جون کا اپنا ایک الگ انداز ہے اور خصوصآ اس کے ہاں سہل ممتنع کی جس قدر مثالیں ملتی ہیں اتنی کسی اور شاعر کے ہاں کم از کم میں نے نہیں دیکھیں۔
ویسے جون بھی کسی قدر راشد اور میرا جی کا ہم خیال ہے۔;)
 
قبلہ ہم خیال تو نورجہاں بھی بہت تھیں فیض کی - ;)
 
محمد وارث

لائبریرین
لاجواب غزل پوسٹ کی فاتح صاحب آپ نے جون ایلیا کی، واہ واہ واہ سبحان اللہ، ہر ایک شعر کمال کا شعر ہے، لاجواب۔

فرخ‌صاحب! میرے خیال میں جون کا اپنا ایک الگ انداز ہے اور خصوصآ اس کے ہاں سہل ممتنع کی جس قدر مثالیں ملتی ہیں اتنی کسی اور شاعر کے ہاں کم از کم میں نے نہیں دیکھیں۔
ویسے جون بھی کسی قدر راشد اور میرا جی کا ہم خیال ہے۔;)

بہت خوب کہا آپ نے جون ایلیا کی شاعری کے متعلق، اور یہی چیز مجھے بھی پسند ہے۔

خوبصورت بات کہی آپ نے ن م راشد، میرا جی، جون ایلیا اور فرخ صاحب کے متعلق، میرا جی اور جون ایلیا کو تو پھر دو گز زمین مل گئی تھی اپنے فرخ صاحب تو راشد کے عاشق ہیں ;)
 
فاتح

لائبریرین
خوبصورت بات کہی آپ نے ن م راشد، میرا جی، جون ایلیا اور فرخ صاحب کے متعلق، میرا جی اور جون ایلیا کو تو پھر دو گز زمین مل گئی تھی اپنے فرخ صاحب تو راشد کے عاشق ہیں ;)

میرے خیال میں فرخ صاحب دل کے پھپھولوں کو سینے کے داغ سے جلانے پر ہی اکتفا کریں گے;)
لیکن اگر کوئی وصیت کر چکے ہیں تو بہرصورت اس بارے بہتر وہی بتا سکتے ہیں:grin:
 
فرخ منظور

لائبریرین
ارے واہ واہ ! میں نے تو آج یہ پوسٹ پڑھیں بہت ہنسی آئی - اور جہاں تک وصیت یا مرنے کا سوال ہے تو ایک وصیت تو کرچکا ہوں کہ میرے مرنے پر بہترین موسیقی بجائی جائے - اور مرنے کے بارے میں تو غالب کا ہی قائل ہوں -
ہوئے مر کے ہم جو رسوا، ہوئے کیوں نہ غرق دریا؟
نہ کبھی جنازہ اٹھتا نہ کہیں مزار ہوتا
 
شکریہ قبلہ، اپنی وصیت بتانے کا۔

میں انشاءاللہ وہ ترانہ ضرور بجاؤں گا

اے مردِ مجاہد جاگ ذرا، اب وقتِ شہادت ہے آیا ;)
 
فرخ منظور

لائبریرین
قبلہ ترانہ چاہے بجائیے گا یہ نہ بجائیے گا لیکن نغمانہ کو ضرور لے آئیے گا کہ کوئی تو ترانہ اور نغمے کا ہم پلہ ہو - اور ہم بھی کہہ سکیں کہ
یار لائے میرے بالیں پہ اسے پر کس وقت :)
 
Top