یارو کوئی نشتر، کوئی مرہم کہ چلا میں ( از قلم نیرنگ خیال)

نیرنگ خیال نے 'آپ کی طنزیہ و مزاحیہ تحریریں' کی ذیل میں اس موضوع کا آغاز کیا، ‏اپریل 17, 2019

  1. نیرنگ خیال

    نیرنگ خیال لائبریرین

    مراسلے:
    17,935
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Dunce

    کبھی یوں بھی ہوا کہ آپ کوئی کام کرنا چاہتے ہیں، اور آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ ایک زمانہ آپ کے درمیان حائل ہوگیا ہے۔ یا پھر ایسا کہ آپ کوئی کام نہیں کرنا چاہتے اور معلوم پڑتا ہے کہ یہ تو اتنا آسان ہے۔ ہر آدمی آپ کی مدد کرنے پر تیار ہے اور آپ بس ہاتھ لگائیں گے تو یہ کام ہوجائے گا۔ ہم ان دونوں صورتوں سے پریشان ہیں۔ ابھی چند دن قبل کے واقعات کو ہی لیجیے۔ یوں ہی بےسبب ایک جگہ پر ویٹ مشین نظر آئی۔ اور جانے کس انجانے جذبے کے تحت ہم اس پر کھڑے ہوگئے۔ امید یہ تھی کہ ویٹ مشین سے آواز آئے گی۔ ارے بھئی! کوئی اوپر کھڑا بھی ہوگا کہ نہیں۔ اتنا ہلکا پھلکا آدمی کون ہو سکتا ہے۔ مگر ایسا نہیں ہوا۔ ویٹ مشین کی سوئی یوں اپنے اختتام کی طرف بھاگی ہے کہ تین سیکنڈ میں سو کلومیٹر پر جانے والی گاڑیاں بھی کیا بھاگتی ہوں گی۔ وزن پر نظر ڈالی۔ یقین نہیں آیا۔ لگتا ہے ویٹ مشین خراب ہے۔ دل کے اندر سے کوئی آواز ابھری۔ ایک اور جگہ جا کر دوبارہ وزن کیا۔ لیکن بجز مایوسی کچھ اور ہاتھ نہ آیا۔ ایسا نہیں کہ ہم کو اپنے بڑھتے وزن کا اندازہ نہ تھا۔ تنگ ہوتے کپڑے اور تھوڑا سا چلنے پر پھولتا سانس ہمیں مدت سے یہ حقیقت باور کروا رہے تھے، مگر ہمارے کان پر کوئی جوں نہیں رینگ رہی تھی۔ اور رینگتی بھی کیسے۔ اماں کی باریک کنگھی کا خیال ہی تمام جوؤں کو ہمارے سر اور کان میں رینگنے سے باز رکھنے کو کافی تھا۔ اماں باریک کنگھی سر میں یوں پھیرتی ہیں جیسے کوئی کھیتوں میں ہل چلا رہا ہو۔ خدا گواہ ہے کہ اس کے بعد کئی کئی دن تک نہاتے ہوئے ہمیں پانی سر کی بجائے سر کے اندر بنی کیاریوں میں بہتا محسوس ہوتا تھا۔

    خیر یہ بات کہاں کی کہاں نکل گئی تو ہم بات کر رہے تھے وزن کی۔ ویٹ مشین کی سوئی کی برق رفتاری نے ہمارے دنوں کا چین اور راتوں کی نیند چھین لی تھی۔ آنکھیں بند کرتے تو آنکھوں کے سامنے وہی برق رفتار سوئی آجاتی۔ الغرض بڑھتا وزن ہمارے اعصاب پر سوار ہوگیا تھا۔لیکن ہمارے اردگرد موجود تمام لوگ اس بات سے بےخبر تھے کہ ہم پر کیا گزر رہی ہے۔ ہم نے دل ہی دل میں فیصلہ کر لیا تھا کہ اب وزن کم ہو کر رہے گا، اور ہم دوبارہ اس ویٹ مشین پر جا کر کھڑے ہوں گے۔ اور سوئی کو ہلتا نہ پا کر اس کی بےبسی پر ہنسیں گے۔ لیکن جانے کیسے ہمارے اردگرد کے لوگوں کو ہماری ڈائٹنگ کی خبر ہوگئی۔

    صبح ناشتے میں قہوہ پینے کا ارادہ کیے تھے، دیکھا کہ چائے چلی آرہی ہے۔ ہم نے سوچا کہ اب آئی چیز سے انکار تو کفرانِ نعمت ہے، سو اس نعمت سے استفادہ کیا۔ ابھی سوچ و بچار کا شکار تھے کہ صدر امور خانہ کی آواز آئی۔ آپ نے چائے پینی ہے تو میں دوبارہ بنا دوں۔ اللہ! کہاں چائے مانگ مانگ کر ہمارا گلا چھل جاتا تھا۔ ایک مسکینی ہماری شکل سے عیاں ہوتی تھی، لیکن چائے نہیں آتی تھی۔ ہم اسی سوچ و بچار میں گم تھے کہ چائے کی بجائے قہوہ کی آواز لگا ہی دیں کہ چائے ہمارے سامنے دھر دی گئی۔ ایسی پھرتی؟ ایسی چابکدستی؟ یہ کب سے؟ شاید آج سے ہی، جب سے ہم یہ ارادہ کیے ہیں کہ چائے کی جگہ قہوہ استعمال کریں گے۔

    لیکن یہ تو ہماری ڈائٹنگ کاآغاز تھا، ہم بستر پر محو استراحت اس سوچ بچار میں مصروف تھے کہ آج ناشتہ برائے نام کیا جائے۔ بلکہ بہتر ہے کہ ایک گلاس گریپ فروٹ کا جوس پی کر ہی کر بس کر دی جائے۔ کیا دیکھتے ہیں کہ دو عدد دیسی گھی میں بنے ہوئے پراٹھے ، بمعہ کباب اور مکھنی ہانڈی کے سامنے لائے جا رہے ہیں۔ہم نے حیرت سے صدر امور خانہ داری کی طرف دیکھا اور عرض کی یہ ہو کیا رہا ہے۔ یہ آپ کے لیے بنایا ہے۔ مگر کیوں؟ ہم نے حیرت سے استفسار کیا۔ کچھ دے دو تو کیوں دے دیا؟ اور نہ دو تو کیوں نہیں ملتا۔ عجیب آدمی ساتھ پھنس گئی ہوں۔ بڑبڑاہٹ سن کر ہم نے خاموش رہنے میں ہی عافیت جانی۔ ہمارے دل و دماغ میں جنگ جاری تھی۔ ڈائٹنگ کرنی ہے تو اس سب سے انکار کرنا پڑے گا۔ شکم کہہ رہا تھا کہ اب آہی گئے ہیں تو کھانے میں کیا ہرج ہے۔ دل کو دل آزاری اور کفران نعمت جیسی باتیں یاد آرہی تھیں۔ آخر فتح شکم ودل کی ہوئی۔ دماغ کو ہم نے اس طرح بہلایا کہ بس اب کھا لیا، بقیہ دن کچھ نہیں کھائیں گے، تو یوں ساری زیادتی کا مداوا ہوگا۔

    بقیہ دن دوپہر ڈھلنے تک ہم سختی سے اپنی ڈائٹنگ پر کاربند تھے کہ ایک ساتھی ہاتھ میں ایک ڈبہ پکڑے ہماری طرف آتے نظر آئے۔ دیکھا تو دیسی گھی میں بنا ہوا خوشاب کا گندمی ڈھوڈا تھا۔ میں نے کہا سب کے ساتھ ہی چمچ میں بھی لے لوں گا۔ فرمانےلگے۔ نہیں، یہ بس آپ کے لیے ہے۔ ہمارے ڈائٹنگ کے پیروں تلے سے زمین نکل گئی۔

    رات کو گھر واپس آئے اور بہ آواز بلند یہ اعلان فرمایا کہ خبردار، اگر کسی نے میرے ڈائٹنگ پلان میں کسی خلل ڈالنے کی کوشش کی۔ اب ہم کچھ نہ کھائیں گے۔ مگر کیا کہتے ہیں کہ ’’دن کٹا جس طرح کٹا لیکن، رات کٹتی نظر نہیں آتی‘‘ ۔گھر کی فضا میں شکر گھلی ہوئی تھی۔ ایک فرد برفی کی ڈلی لیے ایک طرف بیٹھا نظر آیا تو دوسرا پتیسہ کھا رہا تھا۔ یہ پتیسہ کہاں سے لائے ہو۔ ہم نے پوچھا۔ مہمان آئے تھے وہ مٹھائی لائے تھے۔ اچھا! ہم نے کہا۔ ہم کو کیا۔ جو بھی لائے ہوں۔ وہ ہمارے سامنے بیٹھ کر پتیسہ کھانے لگا۔ ہم اپنے ذہن کو کسی اور سمت مصروف کرنے کا سوچ ہی رہے تھے کہ وہ اپنا پتیسہ ختم کر کے واپس گیا اور ایک دو کلو مٹھائی کا ڈبہ لیکر واپس آیا۔ ہمارے عین سامنے بیٹھ چکنے کے بعد اس نے ڈبہ کھولا۔ اور اس میں سے سوہن حلوے کا ایک ٹکڑا اٹھا کر کھانے لگا۔ہم نے کہا دیکھیں تو سہی اس ڈبے میں اور کیا کیا ہے۔ ایک معصوم صورت گلاب جامن جو ہماری طرف ہی دیکھ رہا تھا پر ترس آگیا۔ اٹھا نے کی دیر تھی کہ اس نے خوشی کے مارے ہمارے ہاتھوں پر بھی شیرا ا نڈیل دیا۔ ہائے۔۔۔ رات کے پچھلے پہر پیاس سے حلق خشک ہو رہا تھا۔ ہمت کر کے اٹھے کہ قدم بےاختیار راستے میں پڑے فریج کے سامنے رک گئے۔ یوں ہی کھولا تھا کہ دل چلا اٹھا۔ اور اب یہ کیوی کا ڈبہ کس نے رکھ دیا ہے فریج میں؟ اور یہ کھیر کہاں سے آئی ہے؟ اب آپ خود ہی بتائیں کہ یہ سب یوں سامنے دھرنا کیا انسانیت ہے۔ کیا یہ سب ایک طرف چھپا کر نہیں رکھا جا سکتا تھا۔

    اگلی صبح ایک نئے جذبے کے ساتھ پھر سے ڈائٹنگ کا ارادہ کیا اور سختی سے اس پر کاربند رہنے کا فیصلہ بھی ۔ دوپہر ہونے کو آچکی تھی اور ہم ابھی تک اپنے اصول پر سختی سے کاربند تھے، کئی بار کیفے سے گزرے، مگر مجال ہے جو کسی سٹرابری، کسی جوس کو ہاتھ لگایا ہو۔ کہ فون بج اٹھا۔ دوسری طرف ایک دوست تھا۔ کھانا کھایا؟ نہیں! ہم نے جواب دیا۔اور ابھی یہ کہنے کے لیے پر تول ہی رہے تھے کہ کھائیں گے بھی نہیں۔ مگر دوسرے طرف سے تابڑ توڑ جملے برسنے لگے۔ زبردست! بات سن، دس منٹ میں تیرے دفتر کے باہر آرہا ہوں۔ بس نکلتے ہیں۔ اکھٹے کھاتے ہیں۔ اس کی آواز مجھے بہت دور سے آتی ہوئی محسوس ہو رہی تھی اور میں بس ایک ہی بات سوچ رہا تھا کہ جب آپ کوئی کام کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ ایک زمانہ آپ کے درمیان حائل ہوگیا ہے۔
     
    • زبردست زبردست × 11
    • پسندیدہ پسندیدہ × 5
    • پر مزاح پر مزاح × 3
  2. سید شہزاد ناصر

    سید شہزاد ناصر محفلین

    مراسلے:
    9,398
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Relaxed
    بات سے بات نکالنے کا فن ہر کسی کے بس کی بات نہیں اس کے لئے تریا چلتر قسم کا بندہ ہونا چاہئے اور یہ خوبی بہت کم لوگوں میں پائی جاتی ہے
    ماشاءاللہ بہت خوب لکھا
    اللہ کرے زور قلم زیادہ
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 1
    • دوستانہ دوستانہ × 1
    • متفق متفق × 1
  3. محمداحمد

    محمداحمد لائبریرین

    مراسلے:
    22,251
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Amazed
    واہ واہ!

    کیا کہنے!

    خوبصورت اور مزیدار تحریر !
     
    • دوستانہ دوستانہ × 1
    • متفق متفق × 1
  4. فرخ منظور

    فرخ منظور لائبریرین

    مراسلے:
    12,830
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Cold
    میں نے یوں پڑھا
    دن کٹا جس طرح کَٹّا :)
     
    • پر مزاح پر مزاح × 2
  5. اوشو

    اوشو محفلین

    مراسلے:
    2,322
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Drunk
    خوب!!!!!
    بہت خوب! :)
     
    • دوستانہ دوستانہ × 1
    • متفق متفق × 1
  6. ام اویس

    ام اویس محفلین

    مراسلے:
    1,896
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Relaxed
    حسب عادت محفل میں داخل ہوتے ہی جدید مراسلے پر نظر ڈالی کہ نیا کیا ہے ؟
    “ یارو کوئی نشتر کوئی مرہم کہ چلا میں “ عنوان دیکھتے ہی واٹس ایپ پر حالیہ گردش کرتی ویڈیو “ ابو جی تاڈی سعدیہ گئی جئی “ بسبب گردش ، تصور میں گردش کرنے لگی ۔ اسی گردش میں ڈوبے مسکراتے ہوئے لڑی کو رونمائی کے لیے کھولا اور ہنسی کو روکتے نشتر میرا مطلب مرہم ڈھونڈنے لگے
    سعدیہ بے چاری تو لڑکی تھی رنگ بھرنگے جھولے کے فریب میں آگئی جی نے بہکایا ، مال بھی لگایا اور ابو کی سعدیہ کو بھی قریب قریب گوایا
    آپ اچھے بھلے کھاتے پیتے موج مستی کرتے خود میں مگن اس موئی مشین کے دھوکے میں کیونکر آگئے ؟
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 1
    • دوستانہ دوستانہ × 1
  7. محمد تابش صدیقی

    محمد تابش صدیقی منتظم

    مراسلے:
    25,110
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Breezy
    مجھے پتا چل گیا ہے کہ آپ میرا مذاق اڑا رہے ہیں۔ :mad:
     
    • پر مزاح پر مزاح × 6
  8. سید شہزاد ناصر

    سید شہزاد ناصر محفلین

    مراسلے:
    9,398
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Relaxed
    وہ کس طرح ؟:shocked:
     
    • پر مزاح پر مزاح × 1
  9. محمد تابش صدیقی

    محمد تابش صدیقی منتظم

    مراسلے:
    25,110
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Breezy
    ساری میری کہانی لکھی ہوئی ہے۔
     
    • پر مزاح پر مزاح × 5
  10. سید شہزاد ناصر

    سید شہزاد ناصر محفلین

    مراسلے:
    9,398
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Relaxed
    نینو ؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟؟
    :waiting::waiting::waiting:
     
    • پر مزاح پر مزاح × 2
  11. جاسمن

    جاسمن مدیر

    مراسلے:
    13,258
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Fine
    عام باتوں کے نجانے کتنے دھاگے تو ہماری الماری میں بھی بے شمار پڑے ہیں لیکن انھیں الماری سے نکالنا، علیحدہ کرنا، چُننا، رنگنا، کسی کو بٹنا، کسی کو اور ملا کر موٹا کرنا، پھر ان کے تانے ڈالنا اور بُننا۔۔۔نوک پلک سنوارنا۔۔۔
    یہ سب نیرنگ کے رنگ ہی ہو سکتے ہیں۔
    شاباش نیرنگ۔:cool:
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 1
    • دوستانہ دوستانہ × 1
  12. نیرنگ خیال

    نیرنگ خیال لائبریرین

    مراسلے:
    17,935
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Dunce
    میں سوچ رہا ہوں کہ شاہ صیب نے تعریف تو کی ہے مگر اس طرح کہ کسی کو شبہ نہ گزرے تعریف کی گئی ہے۔ :devil3:

    بہت محبت بہت نوازش شاہ جی۔ :redheart:
     
    • دوستانہ دوستانہ × 1
    • پر مزاح پر مزاح × 1
  13. نیرنگ خیال

    نیرنگ خیال لائبریرین

    مراسلے:
    17,935
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Dunce
    احمد بھائی ی ی ی ی ی ی :inlove::angel3:
     
    • دوستانہ دوستانہ × 1
  14. نیرنگ خیال

    نیرنگ خیال لائبریرین

    مراسلے:
    17,935
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Dunce
    ویسے دلچسپ ہے۔ :devil:
     
    • دوستانہ دوستانہ × 1
  15. نیرنگ خیال

    نیرنگ خیال لائبریرین

    مراسلے:
    17,935
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Dunce
    نوازش اوشو
     
    • دوستانہ دوستانہ × 1
  16. نیرنگ خیال

    نیرنگ خیال لائبریرین

    مراسلے:
    17,935
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Dunce
    آپ یہ کام ذاتی مرضی سے کرتی ہوں گی وگرنہ منتظمین محفل کی یہ سازش ہے کہ وہ ایسے دھاگے سامنے رکھتے ہیں۔ تاکہ بچ نکلنے کی راہ نہ رہے۔ :evil:

    میں نے یہ ویڈیو نہیں دیکھی۔ اس لیے راوی یہاں ستلج کا کام کرے گا۔ تعریف کا شکریہ۔ :p

    چشم تصور سے بھی حظ اٹھانے کی کاوش ناکام ہوئی۔ :unsure:

    بس ۔۔۔ کمزور لمحے انسانوں پر آتے رہتے ہیں۔ :feelingbeatup:
     
    • پر مزاح پر مزاح × 1
  17. نیرنگ خیال

    نیرنگ خیال لائبریرین

    مراسلے:
    17,935
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Dunce
    اچھا پتا چل گیا تھا تو سب کو یہ بات بتانے کی کیا ضرورت تھی۔ :idontknow:
     
    • پر مزاح پر مزاح × 1
  18. نیرنگ خیال

    نیرنگ خیال لائبریرین

    مراسلے:
    17,935
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Dunce
    کتنے بھولے ہیں شاہ صیب۔ ایسے بھولپن پر آنکھوں میں میونسپل کی ٹینکی آبسی ہے۔ :skull:

    دنیا میں تمام سست ایک جیسے ہوتے ہیں۔ لیکن بعض کے ہاں تو سستی کے مضامین بھی ایک ہی ہوتے ہیں۔ :tongue:

    کیوں شاہ جی۔ دو موٹے ایک جیسے سست نہین ہو سکتے؟:rollingonthefloor:
     
    • پر مزاح پر مزاح × 3
  19. نیرنگ خیال

    نیرنگ خیال لائبریرین

    مراسلے:
    17,935
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Dunce
    اس قدر خوبصورت تعریف کے لیے شکریہ جاسمن صاحبہ۔ :devil::devil:
     
    • دوستانہ دوستانہ × 1
  20. محمد تابش صدیقی

    محمد تابش صدیقی منتظم

    مراسلے:
    25,110
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Breezy
    اچھا چھوڑیں، تجربہ کی روشنی میں یہ بتائیں کہ ڈائٹنگ کیسے کی جاتی ہے۔
    کل ہی غلطی سے دوبارہ وزن کر بیٹھا ہوں۔
     
    • پر مزاح پر مزاح × 4

اس صفحے کی تشہیر