ہے چھوڑ کے جانا تو مجھے چھوڑ مکمل - عتیق الرحمن صفی

کاشفی

محفلین
ہے چھوڑ کے جانا تو مجھے چھوڑ مکمل
دے ساتھ کسی کا مرا دل توڑ مکمل

ہے ساتھ نبھانا تو مرا ساتھ دے ایسے
دل اپنا مرے قلب سے دے جوڑ مکمل

افسانے کے کردار تو سب ہی ہیں پرانے
دے اپنی کہانی کو نیا موڑ‌ مکمل

کافی نہیں چلنا ہی فقط جانب منزل
کچھ پانا اگر ہے تو یہاں دوڑ مکمل

آؤ سبھی ہم مل کے کریں امن کی خاطر
اک آخری کوشش جو ہو سر توڑ مکمل

اُس طرزِ تحاطب نے ترے آخری خط میں
تا روح دیا ہے مجھے جھنجھوڑ‌ مکمل

آ پھر سے کریں ملنے کی ایسی کوئی کاوش
جو ٹوٹتے بندھن کو بھی دے جوڑ‌ مکمل

اِس بار نہ آئے گا صفی دام میں تیرے
تو خود کو جلا ڈال کہ سر پھوڑ مکمل


(عتیق الرحمن صفی)
 
Top