ہمارا ربط نہیں رہ سکا ہمارے ساتھ -------------- نوید صادق

مغزل

محفلین
غزل

یہ روشنی کا جو ہے سلسلہ ہمارے ساتھ
تو چل رہا ہے کوئی آئینہ ہمارے ساتھ

یہ ہاتھ یونہی تکلف میں اٹھ گئے ورنہ
جو ہوتا آیاہے ، ہوگا سدا ہمارے ساتھ

کسی میں کوئی ادا تھی کسی میں کوئی ہنر
پہ کون چار قدم چل سکا ہمارے ساتھ

مگر یہ بات ، کسی اور سے نہیں ‌کہنا
ہمارا ربط نہیں رہ سکا ہمارے ساتھ

ہمیں کسی سے شکایت نہیں کوئی لیکن
جو چاہیے تھا نہیں ہو رہا ہمارے ساتھ

گلی کے موڑ پہ سرگوشیاں ہوئیں کچھ دیر
اور اس کے بعد کوئی چل پڑا ہمارے ساتھ

ہمارا عہد غلط تھا کہ ہم غلط تھے نوید ؟
قدم قدم پہ ہوا سانحہ ہمارے ساتھ

نوید صادق / بہاول پور
واضح رہے کہ غزل ششماہی ’’ خرمن ‘‘ میں رونق بہ بصارت ہے ۔
 

نایاب

لائبریرین
السلام علیکم
جناب م-م- مغل جی
ماشااللہ
بہت خوب۔۔
غوروفکر کرنے پر مجبور کرتا ہے یہ شعر۔۔

ہمارا عہد غلط تھا کہ ہم غلط تھے نوید ؟
قدم قدم پہ ہوا سانحہ ہمارے ساتھ

اللہ کرے زور علم و فضل اور زیادہ آمین
نایاب
 

الف عین

لائبریرین
اچھی غزل ہے حسبِ معمول۔ محمود۔ کیا "خرمن" کی ان پیج فائل دے سکتے ہو۔۔ اس کی ای بک بنائی جا سکتی ہے اگر ’اہلیانِ خرمن‘ اجازت دیں تو۔۔۔۔۔
 

مغزل

محفلین
اچھی غزل ہے حسبِ معمول۔ محمود۔ کیا "خرمن" کی ان پیج فائل دے سکتے ہو۔۔ اس کی ای بک بنائی جا سکتی ہے اگر ’اہلیانِ خرمن‘ اجازت دیں تو۔۔۔۔۔

کیوں نہیں‌ بابا جانی ۔۔ میں آج ہی رابطہ کرتا ہوں ۔۔ اور آپ سے گزارش کروں گا کہ سمت کی مناسبت سے مجھے بھی ای بک بنانا سکھائیں۔ سعود بھائی بھی اگر مدد کریں تو مجھے خوشی ہوگی۔
والسلام
 

مغزل

محفلین
محترم الف عین, خرم شہزاد خرم, زین زیڈ ایف, سارہ خان, سخنور, فرحت کیانی, محمد وارث, نوید صادق صاحبات و صاحبان آپ کی پزیرائی کیلئے سراپا تشکر ہوں ۔ بہت شکریہ
 
Top