الوداعی تقریب کچھ پھول تشکّر کے

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
احبابِ کرام ! الوداع کے اس موقع پر بہت ضروری ہے کہ محفل کو قائم کرنے اور بیس برس تک کامیابی سے چلانے والے محسنینِ اردو کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا جائے۔ بیشک اردو فورم کا قیام اور ڈیجیٹل عہد میں ترویجِ اردو کی بیس سالہ جدوجہد ایک تاریخ ساز سفر ہے۔ اس سفر میں جو مراحل پیش آئے اور جن تکنیکی مشکلات سے نبٹنا پڑا ان کی کہانی یقیناً تاریخِ اردو کا ایک اہم حصہ ہے اور اس پر بہت کچھ لکھا جانا چاہیے۔
بانیانِ محفل اور اس کے منتظمین کے لیے یقیناً یہ امر باعثِ فخر و مسرت ہوگا کہ ترویجِ اردو کا جو پودا انہوں نے بیس سال پہلے لگایا تھا وہ ان کی مسلسل آبیاری اور نگہداشت کے طفیل دیکھتے ہی دیکھتے ایک تناور درخت بن گیا کہ جس کے ثمر اور سائے سے بے شمار شائقینِ اردو نے استفادہ کیا اور ایک طویل عرصے تک کرتے رہیں گے۔ ان شاء اللہ العزیز!
اردو کی ترویج و ترقی کے لیے آپ کی یہ کوششیں تاریخ کا حصہ ہیں اور ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ اس کے لیے شکریے کہ چند الفاظ کافی نہیں۔ اللہ کریم آپ حضرات کو آپ کی کاوشوں کے صلے میں دین د نیا کی نعمتیں عطا فرمائے اور اجرِ خیر سے نوازتا رہے۔ آمین!
محفل کا یہ بیس سالہ سفر اگرچہ چند لوگوں نے شروع کیا تھا لیکن لوگ آتے گئے ، کارواں بنتا گیا۔ اور نتیجتاً اردو محفل کی صورت میں ایک ایسی مثالی کمیونٹی نے جنم لیا کہ جس میں ہر شامل ہونے والا اسی کا اسیر ہو کر رہ گیا۔ واقعی یہ قابلِ رشک کمیونٹی اپنی شائستگی ، سنجیدگی و شگفتگی اور موضوعات کے تنوع میں اپنی مثال آپ رہی ۔ الوداع کے اس موقع پر بہت سارے محفلین میں جو بے چینی اور دکھ کی صورتحال دکھائی دیتی ہے وہ اسی کمیونٹی سے جدائی کا مظہر ہے۔ ضروری ہے کہ اس موقع پر ان تمام محفلین کا شکریہ بھی ادا کیا جائے کہ جو اردو کے اس سفر میں شریکِ سفر رہے اور اس محفل کی رونقوں کو بڑھانے کا باعث بنے۔ خدا کرے کہ وہ سب سلامت رہیں ، شاد و آباد رہیں!
 
آخری تدوین:

رضوان راز

محفلین
آمین یا رب العالمین
بلاشبہ بانیانِ محفل اور منتظمین کی مساعی قابلِ داد ہیں۔ محبان ِ اردو ہمیشہ ان کے شکر گزار رہیں گے۔
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
میں بھی پچھلے دس سالوں سے اس محبتی محفل کا حصہ رہا ہوں۔ اردو سے لگاؤ اور اردو شعر و ادب سے وابستگی مجھے یہاں لائی تھی ۔ مجموعی طور پر بہت ہی اچھا وقت گزرا ۔ بہت سارے اچھے لوگوں سے واقفیت ہوئی اور ان کی صحبت میسر آئی۔ محفل کو الوداع کہتے وقت ملال کے ساتھ ساتھ ایک احساسِ جرم بھی ہو رہا ہے کہ اس بے مثال محفل کی رونقوں کو برقرار رکھنے اور اردو شعر و ادب کی خدمت کے ضمن میں جو کوششیں کرنا چاہیے تھیں وہ کماحقہ نہیں کر سکا۔ اس کے لیے شرمندہ ہوں۔ ان برسوں میں بہت سارے احباب سے گفت و شنید رہی اور جیسا کہ کسی بھی محفل میں ہوتا ہے ان دس برسوں میں تلخ و شیریں مواقع بھی پیش آئے۔ شیریں بہت زیادہ اور تلخ بس چند ایک!
میری ہمیشہ کوشش رہی کہ محفل میں خوشگوار ، مثبت اور تعمیری فضا پیدا کرنے اور برقرار رکھنے میں اپنا حصہ ڈالتا رہوں لیکن بندہ بشر ہوں۔ اگر میری کسی بات سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہو یا کوئی بات گراں گزری ہو تو میں دست بستہ معافی کا خواستگار ہوں۔ آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ للہ میری خطا سے درگزر فرمائیے اور فراخ دلی سے کام لیتے ہوئے مجھے معاف فرما دیجیے۔ یہ محفل برخواست ہونے کے بعد اب زندگی نا معلوم کب ، کہاں اور کن حالات میں پھر سے مل بیٹھنے اور باتیں کرنے کا موقع دے یا شاید نہ دے۔ اس لیے بہتر ہے کہ وقتِ رخصت دل صاف کر لیے جائیں۔ اللہ کریم آپ سب اچھے لوگوں کو خوش و خرم رکھے ، آپ جہاں بھی ہوں وہ آپ کو اپنی امان میں رکھے۔ شاد و آباد رہیں! آمین!
 
آخری تدوین:

صریر

محفلین
سب بڑا دکھ تو محفل پر پسندیدہ اشخاص سے جدائی کا ہے، آپ ان میں سے ایک ہیں۔ سرِراہ اپنی تو متاع بکھر گئی،‌اور سمیٹنے کی سکت نہیں!🙁
 
میں بھی پچھلے دس سالوں سے اس محبتی محفل کا حصہ رہا ہوں۔ اردو سے لگاؤ اور اردو شعر و ادب سے وابستگی مجھے یہاں لائی تھی تھا۔ مجموعی طور پر بہت ہی اچھا وقت گزرا ۔ بہت سارے اچھے لوگوں سے واقفیت ہوئی اور ان کی صحبت میسر آئی۔ محفل کو الوداع کہتے وقت ملال کے ساتھ ساتھ ایک احساسِ جرم بھی ہو رہا ہے کہ اس بے مثال محفل کی رونقوں کو برقرار رکھنے اور اردو شعر و ادب کی خدمت کے ضمن میں جو کوششیں کرنا چاہیے تھیں وہ کماحقہ نہیں کر سکا۔ اس کے لیے شرمندہ ہوں۔ ان برسوں میں بہت سارے احباب سے گفت و شنید رہی اور جیسا کہ کسی بھی محفل میں ہوتا ہے ان دس برسوں میں تلخ و شیریں مواقع بھی پیش آئے۔ شیریں بہت زیادہ اور تلخ بس چند ایک!
میری ہمیشہ کوشش رہی کہ محفل میں خوشگوار ، مثبت اور تعمیری فضا پیدا کرنے اور برقرار رکھنے میں اپنا حصہ ڈالتا رہوں لیکن بندہ بشر ہوں۔ اگر میری کسی بات سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہو یا کوئی بات گراں گزری ہو تو میں دست بستہ معافی کا خواستگار ہوں۔ آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ للہ میری خطا سے درگزر فرمائیے اور فراخ دلی سے کام لیتے ہوئے مجھے معاف فرما دیجیے۔ یہ محفل برخواست ہونے کے بعد اب زندگی نا معلوم کب ، کہاں اور کن حالات میں پھر سے مل بیٹھنے اور باتیں کرنے کا موقع دے یا شاید نہ دے۔ اس لیے بہتر ہے کہ وقتِ رخصت دل صاف کر لیے جائیں۔ اللہ کریم آپ سب اچھے لوگوں کو خوش و خرم رکھے ، آپ جہاں بھی ہوں وہ آپ کو اپنی امان میں رکھے۔ شاد و آباد رہیں! آمین!
آپ جیسی قابل قدر اور علمی شخصیت اردو محفل کی معیاری شناخت میں شامل ہیں۔آپ اساتذہ اکرام کا عمدہ اسلوب اور خلوص و محبت کی بدولت ہمیں اردو ادب کے ساتھ ساتھ اخلاقی ادب بھی سنوارنے کا موقع ملا۔آپ اہل علم محفلین کا سایہ ہمارے سروں پر ہمیشہ رہا۔آپ کے مراسلہ جات سے بہت کچھ سیکھنے اور سمجھ کا موقع ملا۔
بانیان کی خدمات کے ساتھ اردو محفل فورم سے وابستہ تمام اساتذہ اکرام کا جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے وہ کم ہے۔
درحقیت ہمارے پاس تو نہ ہی وہ علم ہے اور نہ ایسے الفاظ کے آپ سب کی حقیقی ستائش بیان سکیں۔
اللہ کریم کی بارگاہ میں یہی التجاء ہے کہ آپ سب کو دونوں جہانوں میں عزت و اکرام سے نوازتے رہیں۔آمین
 

رضوان راز

محفلین
اردو محفل پر وارث بھائی کی ایک تحریر دیکھ کر آیا۔
محفل سے متعارف کروانے کا سہرا وارث بھائی کے سر ہے۔
پروردگار ان کی لحد کو منور فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔ آمین یا رب العالمین
اس کے بعد غالب کی ایک انتہائی مشکل غزل کی تشریح کا طالب ہوا۔ یہ استادِ مکرم ظہیراحمدظہیر ہی تھے جنہوں نے اپنا قیمتی وقت ارزاں کیا اور دست گیری فرمائی۔
آپ کا ہمیشہ احسان مند رہوں گا۔
پروردگار آپ کے علم و فضل میں اِضافہ فرمائے۔آپ کو صحت اور تندرستی کے ساتھ سلامت رکھے۔ آمین
 

سیما علی

لائبریرین
محفل کا یہ بیس سالہ سفر اگرچہ چند لوگوں نے شروع کیا تھا لیکن لوگ آتے گئے ، کارواں بنتا گیا۔ اور نتیجتاً اردو محفل کی صورت میں ایک ایسی مثالی کمیونٹی نے جنم لیا کہ جس میں ہر شامل ہونے والا اسی کا اسیر ہو کر رہ گیا۔ واقعی یہ قابلِ رشک کمیونٹی اپنی شائستگی ، سنجیدگی و شگفتگی اور موضوعات کے تنوع میں اپنی مثال رہی ۔ الوداع کے اس موقع پر بہت سارے محفلین میں جو بے چینی اور دکھ کی صورتحال دکھائی دیتی ہے وہ اسی کمیونٹی سے جدائی کا مظہر ہے۔ ضروری ہے کہ اس موقع پر ان تمام محفلین کا شکریہ بھی ادا کیا جائے کہ جو اردو کے اس سفر میں شریکِ سفر رہے اور اس محفل کی رونقوں کو بڑھانے کا باعث بنے۔ خدا کرے کہ وہ سب سلامت رہیں ، شاد و آباد رہیں
ماشاءاللہ ماشا ء اللہ !ظہیر بھائی آپکی شخصیت کاحسن یہ ہےاپنی فراست و قابلیت کا رعب ڈالے بغیر انتہائی پیارے انداز میں سکھاتے۔آپ سے شاید اتنا نہ سیکھ سکے جتنا آپ نے سکھانے کی کوشش کی یہ ہماری نالائقی ہوسکتی ہے۔
۔سلامت رہیے،شاد و آباد رہیے آپ وہ ہیں جن پر اردو محفل ناز کرتی ہے۔
آپ اپنی مصروفیت کےباعث جب بھی نہ آسکے آپ کی کمی کو بڑی شدت سے ہم سب نے محسوس کیا۔
اللہ تعالیٰ آپکو صحت و تندرستی والی زندگی عطا فرمائے آمین
 
Top