تیرہویں سالگرہ "کبھی ہم بھی خوبصورت تھے۔"

جاسمن

لائبریرین
"کبھی ہم بھی خوبصورت تھے۔"

چند خاص الخاص انسان لوگوں کے لئے بہت مفید ایجادات /دریافتیں کرتے ہیں، کچھ اور خاص انسان اِن دریافتوں/ایجادات میں اپنا حصہ ملاتے ہوئے اِن کی نوک پلک درست کرنے میں لگے رہتے ہیں۔ یہ بے غرض انسان بغیر کسی صلہ یا لالچ کے اپنے اندر سے اُٹھتی لگن ،شوق اور خدمتِ خلق کے جذبہ سے سرشار اپنی دھن میں مست الست ہوتے ہیں۔پھر کچھ اور انسان اِن کے ساتھ آملتے ہیں اور ا اِن سے راہنمائی حاصل کرنے لگتے ہیں۔ رفتہ رفتہ یہ ایجادات/دریافتیں عام لوگوں کی رسائی میں آجاتی ہیں۔ لوگ اِن ایجادات / دریافت کردہ دُنیا سے روشناس ہوتے ہیں،مستفید ہوتے ہیں اور ہوتے رہتے ہیں۔

اردو محفل ایک اچھوتی تخلیق ہے۔ ایک روپہلی کائنات دریافت کی ہے اِس کے بنانے والوں نے۔بلکہ اِس کائنات میں تو اتنے رنگ ہیں کہ آنکھیں خیرہ ہوجاتی ہیں۔ اِس رنگ بھری محفل کو بنانے والے، سنوارنے والے، نوک پلک درست کرنے والے بہت سے لوگ تھے/ہیں۔کچھ چلے گئے، کچھ مہمان بن گئے۔ لیکن اردو محفل کی راہداریوں میں اُن کی تصاویر پوری شان و شوکت سے آویزاں ہیں۔ یہاں سے گذرنے والے اِن تصاویر کو دیکھے بنا نہیں گذر سکتے۔ وہ دیکھتے ہیں، ٹھٹھکتے ہیں،رُکتے ہیں، خاموش سلام پیش کرتے ہیں اور سامنے کے مناظر کا حِصہ بنتے ہیں۔

سامنے کا منظر!!!

کوئی بھی منظر اپنے پسِ منظر کے بغیر مکمل اور خوبصورت نہیں ہوتا۔ بعینہ اردو محفل بھی اپنے گذشتہ محفلین کے بغیر مکمل نہیں۔ وہ اِس رنگ بھری کائنات کے جگمگاتے ستارے ہیں۔آئیے اِن ستاروں کی ضیاء پاشیوں سے کچھ خود کو منور کریں۔
 
جاسمن

لائبریرین
"ابھی ہم خوبصورت ہیں"

ہماری خوشنمائی پر کوئی حرف
اور کشیدہ قامتی میں خم نہیں آیا
ہمارے ہونٹ اردو کے نغموں سے گلابی ہیں
اور چہرے اردو محفل کی یادوں سے
سنہری ہیں
اور روپہلے خواب
نادیدہ ہواوں میں
پرندے بن کے اُڑتے ہیں
اس ملنے اور بچھڑنے کے سفر میں
کون سا موسم نہیں آیا
ابھی تک دل ہمارے
خندۂ طفلاں کی صورت بے کدورت ہیں
ابھی ہم خوبصورت ہیں
زمانے ہو گئے
ہم کوئے جاناں چھوڑ آئے تھے
مگر اب بھی
بہت سے آشنا نا آشنا ہمدم
اور ان کی یاد کے مانوس قاصد
اور ان کی چاہتوں کے ہجر نامے
دور دیسوں سے ہماری اور آتے ہیں
گلابی موسموں کی دُھوپ
جب نو رُستہ سبزے پر قدم رکھتی ہوئی
معمورۂ تن میں در آتی ہے
تو برفانی بدن میں
جوئے خوں آہستگی سے گنگناتی ہے
یوں لگتا ہے
جیسے حرف اپنے
زندہ آوازوں کی صورت ہیں
ابھی ہم خوبصورت ہیں
ہماری خوشنمائی حرفِ حق کی رونمائی ہے
اسی خاطر تو ہم آشفتہ جاں
عشّاق کی یادوں میں رہتے ہیں
کہ جو اُن پر گزرتی ہے وہ کہتے ہیں
ہماری حرف سازی
اب بھی محبوبِ جاں ہے
شاعری شوریدگانِ عشق کے وردِ زباں ہے
اور گلابوں کی طرح شاداب چہرے
غالب و اقبال ہاتھوں سے
چاہت اور عقیدت کی بیاضوں پر
ہمارے نام لکھتے ہیں
سبھی درد آشنا
ایثار مشرب
ہم نفس محفلین
جب نئے دھاگوں پرانے زمروں کی سمت جاتے ہیں
ہمارے بیت گاتے ہیں
ابھی تک ناز کرتے ہیں
سب اہلِ قافلہ
اپنے حدی خوانوں پر آشفتہ کلاموں پر
ابھی ہم دستخط کرتے ہیں اپنے سب سلاموں پر
ابھی ہم آسمانوں کی امانت
اور زمینوں کی ضرورت ہیں
ابھی ہم خوبصورت ہیں
 
جاسمن

لائبریرین
جب میں نئی نئی اردو محفل پہ آئی تو شمشاد بھائی اور قیصرانی بھائی بہت متحرک تھے اردو محفل پہ۔ کون سا زمرہ تھا جہاں وہ نہ جاتے ہوں۔ ابھی یہاں ہیں ،ہمارے ساتھ بات چیت چل رہی ہے، اور اِدھر آنکھ جھپکی، اُدھر وہ کہیں اور نظر آرہے ہیں لیکن ساتھ ساتھ ہماری باتوں کے جوابات بھی جاری ہیں۔ ایک عرصہ تو مجھے اں دونوں شخصیات کی علیحدہ علیحدہ پہچان نہیں ہوئی۔ میں نہ نیٹ گرد تھی نہ فیس بکی۔تو مجھے کئی حوالوں سے خاصی مشکل تھی ۔ کمپیوٹر پہ ارود لکھنا میرے لئے مشکل نہ ہوتا اگر تو کی بورڈ ساتھ دیتا۔لیکن جو کی بورڈ مجھے نیٹ پہ میسر تھا، اُس میں مکمل حروف نہیں تھے۔سو میری اردو عجیب سی تھی۔ اب بھی کہیں پڑھتی ہوں پچھلے دھاگوں میں تو شرمندگی ہوتی ہے۔ شمشاد بھائی اور قیصرانی بھائی دونوں نے بہت بہت مدد کی میری۔بغیر شرمندہ کئے، بغیر مذاق اڑائے۔ شمشاد بھائی مجھے دائیں بازو کے لگتے تھے اور قیصرانی بھائی کی سمجھ ہی نہیں لگتی تھی کہ کون سی طرف ہیں۔ کبھی اِدھر کے لگتے اور کبھی اُدھر کے۔
پھر رفتہ رفتہ دونوں شخصیات کی علیحدہ علیحدہ پہچان ہوئی۔ شمشاد بھائی شفیق اور مروت والے تھے اور قیصرانی بھائی شفیق اور جارحانہ مزاج والے تھے۔ کہیں کوئی بات@ قیصرانی بھائی کو غلط لگتی تو فوراََ کہیں سے آجاتے اور اقتباس لے کے بتاتے کہ یہ کیا کیا/کیوں کیا/غلط کیا وغیرہ۔ اب اقتباس لینے سے بندہ اپنی غلطی درست بھی کر لیتا تو بھی وہ موجود رہتی۔ بہت چیں بہ چیں ہوتی لیکن۔۔۔
قیصرانی بھائی کی ہممم بہت مزے کی تھی۔ وہ بڑی سے بڑی بات کا جواب بھی ایک ہممم سے دے سکتے تھے/دے دیتے تھے۔ ایک بار اُن کے حوالے سے میں نے ایک چھوٹا سا خاکہ بھی لکھا تھا۔ اب نجانے کہاں ہوگا۔
اردو محفل پہ خواتین/لڑکیوں کو اِن دونوں شخصیات کا مکمل تعاون حاصل تھا۔ بہت تحفظ محسوس ہوتا تھا۔ اگر محفل پہ کوئی بدتمیزی کرتا یا کوئی بھی ایسی ویسی بات کہ جس سے خواتین محفلین کو تحفظات ہوں تو پھر وہ بچ نہیں پاتا تھا۔ یہی رویہ @ فاتح میں بھی دیکھا۔
محفل کی راہداریوں میں اِن دونوں شخصیات کے قدموں کے ان منٹ نشان ہیں۔ دیواروں پہ اِن کی ان گنت تصاویر ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ کوئی غم نہ آئے ان کی زندگیوں میں۔ شالا ہمیشہ ہنستے بستے رہیں۔ آمین!
 
آخری تدوین:

فاخر رضا

محفلین
بہت اچھا لکھا ہے
نظم بہت اچھی ہے مگر مشکل الفاظ کی وجہ سے تھوڑا رک کر سمجھنا پڑتا ہے جو ہمارے لیے مشکل ہے
 
جاسمن

لائبریرین
بہت اچھا لکھا ہے
نظم بہت اچھی ہے مگر مشکل الفاظ کی وجہ سے تھوڑا رک کر سمجھنا پڑتا ہے جو ہمارے لیے مشکل ہے
نظم میری نہیں ہے۔ تحریف کی ہے۔مشکل الفاظ تو میرے ہرگز نہیں ہیں۔
ہاں سارے آسان الفاظ میرے ہیں۔
 
جاسمن

لائبریرین
مقدس سب بھائیوں سے لاڈ کرتی تھی اور سب واقعی اُس سے بہت پیار کرتے تھے/ہیں۔ فاتح اور مقدس جڑواں بہن بھائی ہیں ماشاءاللہ۔ مقدس کی نوک جھونک بہت مزے کی ہوتی ہے۔ اب تو لگتا ہے کہ عرصہ ہوا اِس نوک جھونک کو سُنے۔ مقدس کی پیار و لاڈ بھری آوازیں کبھی کبھی محفل کی راہداریوں میں گونجتی سُنائی دیتی ہیں۔
"بھیاز"
ہ"ی ہی ہی ہی ہی"
lol"
مقدس کو سب کی عادات و شخصیات کے بارے علم ہوتا تھا۔ بہت ذہین و فطین ہے یہ لڑکی۔ اور بہت پیار کرنے والی بھی۔ اردو سے زیادہ انگریزی سے واقفیت رکھتی ہے۔ لیکن ہر چیز سیکھنے کا شوق بہت ہے اور محنتی بھی بلا کی ہے۔ بہت محبت ملنے پہ رونے بھی بیٹھ جاتی ہے۔ اتنا پیارا دل ہے اس کا۔
جیسا کہ میں نے پہلے کہا مقدس بہت محنتی لڑکی ہے تو لائبریری کے حوالہ سے مقدس نے بہت کام کیا۔
پھر مقدس اپنے میاں اور ننھے بچوں کو پیاری ہوگئیں۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ اُن کے گھرانے کو شاد و آباد رکھے۔آمین!
 
آخری تدوین:

جاسمن

لائبریرین
لڑکیوں/خواتین میں جتنا زیادہ میں نے جیہ کو یاد کیا ہے کسی کو نہیں کیا۔شاید میرے ہی پیار اور خلوص میں کہیں کمی رہ گئی کہ وہ نہ آئیں۔ بہرحال۔۔۔۔۔جیہ کے دم سے چائے خانہ بھی آباد تھا اور ادبی بیٹھکیں بھی۔لائبریری میں بھی بہت کام کرتی پائی جاتی تھیں۔ دیوانِ غالب بغل میں دبائے کبھی یہاں اور کبھی وہاں نظر آتیں۔ اُن کی گفتگو میں غالب کے اشعار کے ٹانکے جابجا لگتے تھے۔ جو بھی اُن کی گفتگو پڑھتا مبہوت رہ جاتا۔ یہ نہیں کہ نیٹ گردی کر کے غالب کا شعر لاتی تھیں۔ نہیں۔ انہیں شاید دیوانِ غالب پورا یاد تھا۔ ایسے ایسے مشکل شعر اپنی بات چیت میں ساتھ ساتھ ٹانکتی تھیں کہ گفتگو نثر نہیں شاعری لگتی تھی۔ انہیں غالب کی بھتیجی بھی کہا جاتا ہے۔ غالب کے علاوہ بھی بہت اشعار یاد تھے انہیں۔ محاورات اور ضرب الامثال کا استعمال بھی کرتی تھیں اپنی گفتگو میں کتابیں بہت پڑھتی تھیں۔ پشتو ادب بھی اور پھر ہم پہ اُس کا "رعب" ڈالا کرتی تھیں۔:)(وہ تو ایسا نہیں کرتی تھیں لیکن بہرحال ہم رعب میں ضرور آجاتے تھے)۔بہت مشہور شخصیت ہے اُن کی محفل پہ۔ حساس بھی بہت ہیں۔
انہیں اُن کے بیٹے کے حوالے سے اُمِ گبین بھی کہا جاتا ہے۔ میں نے جب محفل میں شمولیت اختیار کی تو سب کو اُن کا بہت احترام کرتے دیکھا۔ پھر ایک واقعہ ایسا ہوا کہ وہ دل برداشتہ ہوکر محفل چھوڑ گئیں۔ سب نے بہت منایا لیکن شاید وہ زیادہ محسوس کرگئیں یا پھر اُن کے نزدیک بات زیادہ بڑی تھی۔
بہرحال ہماری دعائیں ہیں اُن کے لئے کہ رب العالمین انہیں اور ان کے سب پیاروں خاص کر بیٹے کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔ ڈھیروں خوشیاں اور آسانیاں عطا فرمائے۔ آمین!
 
عمدہ!
 
نیرنگ خیال

لائبریرین
قیصرانی بھائی شفیق اور جارحانہ مزاج والے تھے۔ کہیں کوئی بات@ قیصرانی بھائی کو غلط لگتی تو فوراََ کہیں سے آجاتے اور اقتباس لے کے بتاتے کہ یہ کیا کیا/کیوں کیا/غلط کیا وغیرہ۔ اب اقتباس لینے سے بندہ اپنی غلطی درست بھی کر لیتا تو بھی وہ موجود رہتی۔ بہت چیں بہ چیں ہوتی لیکن۔۔۔
قیصرانی بھائی پر تو دل کھول کر ہم نے رقم طرازی کی تھی۔ ان کو بہت مس کرتا ہوں فورم پر۔
 
نیرنگ خیال

لائبریرین
مقدس سب بھائیوں سے لاڈ کرتی تھی اور سب واقعی اُس سے بہت پیار کرتے تھے/ہیں۔ فاتح اور مقدس جڑواں بہن بھائی ہیں ماشاءاللہ۔ مقدس کی نوک جھونک بہت مزے کی ہوتی ہے۔ اب تو لگتا ہے کہ عرصہ ہوا اِس نوک جھونک کو سُنے۔ مقدس کی پیار و لاڈ بھری آوازیں کبھی کبھی محفل کی راہداریوں میں گونجتی سُنائی دیتی ہیں۔
"بھیاز"
ہ"ی ہی ہی ہی ہی"
lol"
مقدس کو سب کی عادات و شخصیات کے بارے علم ہوتا تھا۔ بہت ذہین و فطین ہے یہ لڑکی۔ اور بہت پیار کرنے والی بھی۔ اردو سے زیادہ انگریزی سے واقفیت رکھتی ہے۔ لیکن ہر چیز سیکھنے کا شوق بہت ہے اور محنتی بھی بلا کی ہے۔ بہت محبت ملنے پہ رونے بھی بیٹھ جاتی ہے۔ اتنا پیارا دل ہے اس کا۔
جیسا کہ میں نے پہلے کہا مقدس بہت محنتی لڑکی ہے تو لائبریری کے حوالہ سے مقدس نے بہت کام کیا۔
پھر مقدس اپنے میاں اور ننھے بچوں کو پیاری ہوگئیں۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ اُن کے گھرانے کو شاد و آباد رکھے۔آمین!
بہت ہی مقدس مراسلہ ہے۔
 
مجھے تو @بوچھی ، ماوراء ، ظفری ، زینب ، سیدہ شگفتہ ، باذوق ، دوست ، تیلے شاہ ، چاند بابو ، @ساقی ، بہت یاد آتے ہیں۔ اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ باقی سارے فارغ ہیں بلکہ محفل کا ہر رکن میرے گھر کا فرد ہے اور میں اس گھر کا ایک فرد البتہ جن کے ساتھ آپ کی گفتگو ایک عمومی درجے سے آگے ہو جاتی ہے تو اپنی انفرادیت اور اس میں موجود اپنائیت کی وجہ سے ہمیشہ یاد رہتے ہیں۔ اور جب گفتگو نہ ہو پائے تو کمی کھلتی ہے
 
آخری تدوین:
معذرت مہوش علی اور @زہرہ علوی کا نام بھولنے کی غلطی ہو گئی۔ اگر کبھی لوٹ آئیں تو شامت آجائے گی ۔ لو جی آپ کا نام لے دیا اور معذرت بھی ریکارڈ پر آگئی ہے۔ آہو نالے فورم پر ٹیگ کرنے کے ہنر سے نا آشنا ہو لہذا اسی پر اکتفا رکریں ۔ سادے نام بنا ٹیگنگ کے
 
آخری تدوین:
معذرت مہوش علی اور زہرہ علوی کا نام بھولنے کی غلطی ہو گئی۔ اگر کبھی لوٹ آئیں تو شامت آجائے گی ۔ لو جی آپ کا نام لے دیا اور معذرت بھی ریکارڈ پر آگئی ہے۔ آہو نالے فورم پر ٹیگ کرنے کے ہنر سے نا آشنا ہو لہذا اسی پر اکتفا رکریں ۔ سادے نام بنا ٹیگنگ کے
فیصل بھائی! نام سے پہلے صرف @ لکھیں تو ٹیگ ہو جائے گا. آہو! :)
 
کبھی ہم بھی خوبصورت تھے ۔۔۔ ۔۔۔ ۔!
کتابوں میں بسی خوشبو کی صورت​
سانس ساکن تھی!​
بہت سے ان کہے لفظوں سے تصویریں بناتے تھے​
پرندوں کے پروں پر نظم لکھ کر​
دور کی جھیلوں میں بسنے والے لوگوں کو سناتے تھے​
جو ہم سے دور تھے​
لیکن ہمارے پاس رہتے تھے !​
نئے دن کی مسافت​
جب کرن کے ساتھ آنگن میں اترتی تھی​
تو ہم کہتے تھے۔۔۔ ۔۔امی!​
تتلیوں کے پر بہت ہی خوبصورت ہیں​
ہمیں ماتھے پہ بوسا دو​
کہ ہم کو تتلیوں کے‘ جگنوؤں کے دیس جانا ہے​
ہمیں رنگوں کے جگنو‘ روشنی کی تتلیاں آواز دیتی ہیں​
نئے دن کی مسافت رنگ میں ڈوبی ہوا کے ساتھ​
کھڑکی سے بلاتی ہے​
ہمیں ماتھے پہ بوسا دو​
 
Top