چمن میں نہ گُل ہے، نہ حسنِ نظر ہے۔۔۔۔ عبدالعزیز راقم

راقم

محفلین
السّلام علیکم معزز اساتذہ کرام!
مجھے یہاں رجسٹر ہوئے صرف دو ہی دن ہوئے ہیں لیکن مجھے اپنی کم مائیگی کا شدت سے احساس ہو رہا ہے۔ میں نے اپنے طور پر بہت کوشش کی کہ کسی استاد سے اپنی نام نہاد غزلیات کی اصلاح لے سکوں لیکن ناکامی ہی ہوتی رہی۔ اللہ بھلا کرے محترم خرم شہزاد صاحب کا جن کی راہنمائی سے میں یہاں پہنچنے میں کامیاب ہوا۔
آتے ہی میں نے استاد محترم جناب وارث صاحب کی تلاش شروع کی اور بالاآخر ان سے رابطہ ہونے کے بعد اس محفل میں اصلاح کی غرض سے پہلی غزل پیش کرنے کی جسارت کر رہا ہوں۔
براہ کرم مجھے میری غلطیوں سے آگاہ فرمائیے۔ اور اس کا وزن اور بحر بھی بتا دیجیے۔ پیشگی شکریہ۔
پہلی غزل ملاحظہ فرمائیے:

چمن میں نہ گُل ہے, نہ حُسنِ نظر ہے
نہ اب داغ ہے وہ, نہ اب وہ جگر ہے

اگر ہے شکایت تو بس اک ذرا سی
مٹایا ہے جس نے وہی بے خبر ہے

جمالِ تصوّر بھی ہے اس کے دم سے
مری شاعری بھی اسی کا اثر ہے

نہیں ہوش رہتا پہنچ کر وہاں پر
ہے کعبہ کدھر کو، مدینہ کدھر ہے

رقیبوں نے اُس کو یہ مُژدہ سنایا
تمھارا یہ تیرِ نظر کارگر ہے

خموشی طریقِ سفر تو نہیں ہے
کرے گفتگو بھی اگر ہم سفر ہے

چلے طور پر ہیں تکلُّم کی خاطر
قدم بھی وہی ہیں، وہی رہ گُزر ہے

نہ فن کار ہو تم، نہ شاعر ہو راقم
وہی گھر تمھارا، وہی بام و در ہے
 
خرم شہزاد خرم

لائبریرین
السلام علیکم راقم صاحب اب آپ سمجھے کہ آپ اپنی منزل کے قریب ہیں انشاءاللہ استادِ محترم یہاں آپ کی رہنمائی فرمائیں گے انشاءاللہ
 
بہت ہی خوبصورت کلام ہے راقم صاحب داد قبول فرمائیں۔ مجھے کوئی عالم فاضل مت سمجھئے گا بس یوں ہی دو باتیں کھٹک رہی ہیں سو عرض کر رہا ہوں۔

پیاسا رہا دل، پیاسی نظر بھی

یہاں وزن میں کچھ مسئلہ ہے شاید۔ اللہ جانے خیر مجھے لگ رہا ہے۔ غالباً آپ نے "پی-یا-سا" اور "پی-یا-سی" استعمال کیا ہے جس کے بارے میں میں پر یقین نہیں ہوں کہ ایسی ادائگی جائز ہے یا نہیں۔ خیر جانیں اہل علم و فن۔

تمھارا یہ تیرِ نظر کارگر ہے

یہاں تذکریر و یانیث کا مسئلہ ہے۔ غالباً تیر مؤنث ہے۔

کل ملا کر کلام انتہائی خوبصورت ہے۔
 
فاتح

لائبریرین
یہ غزل بحر متقارب مثمن سالم میں ہے جس کے اوزان یوں ہوں گے: فعولن فعولن فعولن فعولن
ماشاء اللہ مکمل غزل درست طور پر وزن میں ہے سوائے ایک لفظ "پیاس" کے کہ اس میں ی وزن میں شمار نہیں ہوا کرتی یعنی پیاس بروزن پاس اور پیاسا و پیاسی بر وزن پاسا و پاسی ہوتے ہیں۔
 
فاتح

لائبریرین
بہت ہی خوبصورت کلام ہے راقم صاحب داد قبول فرمائیں۔ مجھے کوئی عالم فاضل مت سمجھئے گا بس یوں ہی دو باتیں کھٹک رہی ہیں سو عرض کر رہا ہوں۔

یہاں وزن میں کچھ مسئلہ ہے شاید۔ اللہ جانے خیر مجھے لگ رہا ہے۔ غالباً آپ نے "پی-یا-سا" اور "پی-یا-سی" استعمال کیا ہے جس کے بارے میں میں پر یقین نہیں ہوں کہ ایسی ادائگی جائز ہے یا نہیں۔ خیر جانیں اہل علم و فن۔

یہاں تذکریر و یانیث کا مسئلہ ہے۔ غالباً تیر مؤنث ہے۔

کل ملا کر کلام انتہائی خوبصورت ہے۔
ابنِ سعید صاحب! پیاسا اور پیاسی کے متعلق آپ کی رائے بالکل درست ہے لیکن "تیر" اردو و فارسی ہر دو زبانوں میں مذکر ہی استعمال ہوتا ہے۔
دل سے نکلا، پہ نہ نکلا دل سے
ہے ترے تیر کا پیکان عزیز
(غالبؔ)
 
اف میرے خدا!

میں کہاں کھویا ہوا تھا اس وقت۔ یہ تو اجہل الجاہلین والا معاملہ ہو گیا۔ واقعی میرے لئے باعث شرم ہے یہ بات۔
 
فاتح

لائبریرین
اف میرے خدا!

میں کہاں کھویا ہوا تھا اس وقت۔ یہ تو اجہل الجاہلین والا معاملہ ہو گیا۔ واقعی میرے لئے باعث شرم ہے یہ بات۔
ارے قبلہ آپ کی مسلمہ ادبی حیثیت کے متعلق کسی کو تذبذب نہیں۔ خدارا ایسی بات لکھ کر ہمیں شرمسار نہ کیجیے۔
 
فاتح

لائبریرین
مجھ پہ الزام 'سعودوں' نے سنوارے کیا کیا
قبلہ یہ سراسر الزام ہے بہتان ہے، ہم تو ہمیشہ آپ کی تعریف میں ہی رطب اللسان رہے ہیں۔:)
 
محمد وارث

لائبریرین
اردو محفل پر خوش آمدید عبدالعزیز راقم صاحب اور اس خاکسار کیلیے حسنِ ظن رکھنے پر آپ کا ممنون ہوں۔

آپ کی غزل پر احباب بات کر ہی چکے، آپ کی دوسری غزل بھی اسی بحر میں ہے سو اس بحر سے لگتا ہے آپ کافی واقف ہیں، اچھی بات ہے :)
 
مجھ پہ الزام 'سعودوں' نے سنوارے کیا کیا
قبلہ یہ سراسر الزام ہے بہتان ہے، ہم تو ہمیشہ آپ کی تعریف میں ہی رطب اللسان رہے ہیں۔:)

میرے خدا!

یہاں تو شکریہ کہلوانے کی بالواسطہ کوشش کی جا رہی ہے۔ :grin:
بھئی ہم نے کب کہا کہ آپ کی وجہ سے شرمسار ہوئے ہیں۔ :grin:
 
مغزل

محفلین
راقم صاحب اردو محفل میں‌دل کی عمیق و بسیط گہرائیوں سے خوش آمدید، غزل کی مد میں رسید حاضر ہے ، انشا ء اللہ اپنی رائے سے آگاہ رکھوں گا، والسلام
 
راقم

محفلین
محترم ابن سعید اور فاتح صاحب ،اصلاح کا شکریہ۔

بہت ہی خوبصورت کلام ہے راقم صاحب داد قبول فرمائیں۔ مجھے کوئی عالم فاضل مت سمجھئے گا بس یوں ہی دو باتیں کھٹک رہی ہیں سو عرض کر رہا ہوں۔
یہاں وزن میں کچھ مسئلہ ہے شاید۔ اللہ جانے خیر مجھے لگ رہا ہے۔ غالباً آپ نے "پی-یا-سا" اور "پی-یا-سی" استعمال کیا ہے جس کے بارے میں میں پر یقین نہیں ہوں کہ ایسی ادائگی جائز ہے یا نہیں۔ خیر جانیں اہل علم و فن۔

یہاں تذکریر و یانیث کا مسئلہ ہے۔ غالباً تیر مؤنث ہے۔

کل ملا کر کلام انتہائی خوبصورت ہے۔

یہ غزل بحر متقارب مثمن سالم میں ہے جس کے اوزان یوں ہوں گے: فعولن فعولن فعولن فعولن
ماشاء اللہ مکمل غزل درست طور پر وزن میں ہے سوائے ایک لفظ "پیاس" کے کہ اس میں ی وزن میں شمار نہیں ہوا کرتی یعنی پیاس بروزن پاس اور پیاسا و پیاسی بر وزن پاسا و پاسی ہوتے ہیں۔

السّلام علیکم اہلِ علم و فن!
میری کم علمی کا یہی ثبوت کیا کافی نہیں کہ میں اپنی پہلی غزل تین دن سےتلاش کر رہا ہوں۔ آج اتفاقاً نظر پڑ گئی۔ تو آپ مہربانوں کے تبصرے بھی دیکھ سکا۔
منتظمین سے میری پہلی گزارش یہ ہے کہ اگر ممکن ہو تو اس غزل کو ذیلی زمرے میں شامل کیا جائے۔
محترم ابنِ سعید صاحب اور فاتح صاحب مجھے یقیناً اس کا علم نہیں تھا کہ پیاسی میں "ی" گر جاتی ہے۔ ( استاد کی رہنمائی نہ ہو توایسا ہی ہوتا ہے)
اگر اس شعر کو غزل میں سے نکال ہی دیا جائے تو بہتر رہے گا یا اس میں ترمیم کر کے دوبارہ بھیجوں؟
مجھے بہت خوشی ہوئی کہ آپ نے میری غلطی کی نشان دہی کر دی۔ آپ دونوں کا بہت بہت شکریہ۔
مجھے اسی باریک بینی سے چیک کرتے رہیے۔
باقی سب احباب کا بہت شکریہ۔ میرے محسن خرّم شہزاد خرّم کا یہاں بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے مجھے یہاں تک پہنچنے کا راستہ دکھایا۔
 
مغزل

محفلین
راقم صاحب، آپ اپنا کلام ’’ آپ کی شاعری ‘‘ میں ہی پیش کیا کیجے ۔
اصلاح کی لڑی میں نوآموز شعراء کا کلام ہوتا ہے ۔
خرم میاں کا بھی شکریہ ، کہ آپ ایسی ہستی سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا،
 
راقم

محفلین
آپ کی رائے سر آنکھوں پر لیکن۔۔۔

راقم صاحب، آپ اپنا کلام ’’ آپ کی شاعری ‘‘ میں ہی پیش کیا کیجے ۔
اصلاح کی لڑی میں نوآموز شعراء کا کلام ہوتا ہے ۔
خرم میاں کا بھی شکریہ ، کہ آپ ایسی ہستی سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا،

السّلام علیکم محترم مغل صاحب!
آپ کی عنایت ہے کہ مجھے اپنی غزلیں "آپ کی شاعری" میں بھیجنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
میرا خیال ہے کہ میں ابھی اس قابل نہیں ہوں کہ آپ کے مشورے پر عمل کروں۔ میری عمر کی طرف نہ جائیے، میں ابھی نو آموز ہی ہوں ۔
بہر حال آپ کے حکم کی تعمیل نہ کرنا بے ادبی شمار ہو گی اس لیے آئندہ اپنی غزلیں "آپ کی شاعری" ہی میں بھیجا کروں گا۔
لیکن ایک بات کا خدشہ ہے کہ محترم وارث صاحب اور الف عین صاحب(جنھیں شاید میری کسی غزل پر کوئی تبصرہ کرنے کی فرصت ہی نہیں مل سکی) کی توجہ سے محروم نہ ہو جاؤں۔
آپ کے التفات کے لیے ممنون ہوں۔
والسّلام
 
محمد وارث

لائبریرین
دھیرج رکھیئے راقم صاحب، بعض دفعہ مصروفیات کی وجہ سے دیر سویر ہو جاتی ہے اور زیادہ تفصیل سے بات کرنے کا وقت نہیں ملتا۔ آپ ابھی اس محفل کو دیکھیئے بھالیے، مختلف تھریڈز کا مطالعہ کیجیئے اور یقیناً آپ کر بھی رہے ہیں، اعجاز صاحب بھی آتے ہی ہونگے :)
 
راقم

محفلین
جی ہاں، میں یہیں خوش ہوں۔

دھیرج رکھیئے راقم صاحب، بعض دفعہ مصروفیات کی وجہ سے دیر سویر ہو جاتی ہے اور زیادہ تفصیل سے بات کرنے کا وقت نہیں ملتا۔ آپ ابھی اس محفل کو دیکھیئے بھالیے، مختلف تھریڈز کا مطالعہ کیجیئے اور یقیناً آپ کر بھی رہے ہیں، اعجاز صاحب بھی آتے ہی ہونگے :)
استادِ مکرم، السّلام علیکم۔
آپ کی نوازش۔ میں خود یہیں رہنے پر فخر محسوس کرتا ہوں۔ آج کل مدرسے بند ہیں اس لیے کافی وقت مل جاتا ہے۔ دائیں بائیں گھوم کر واپس اپنے گھونسلے میں پہنچ جاتا ہوں۔
محترم اعجاز صاحب کا بے چینی سے انتظار ہے۔
والسّلام
 
اعجاز چاچو در اصل سفر میں تھے آج ہی امریکہ پہونچے ہیں اور محفل میں دعا سلام کر کے چلے گئے ہیں اگلی بار غالب امکان ہے کہ یہاں سے بھی ضرور گزریں گے۔
 
راقم

محفلین
اطلاع کے لیے شکریہ۔

اعجاز چاچو در اصل سفر میں تھے آج ہی امریکہ پہونچے ہیں اور محفل میں دعا سلام کر کے چلے گئے ہیں اگلی بار غالب امکان ہے کہ یہاں سے بھی ضرور گزریں گے۔

محترم ابنِ سعید صاحب!
اعجاز صاحب کے بارے میں اطلاع کا شکریہ۔

Top