پینسل سے پکسل تک

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
اس مراسلے کا مقصد آپ دوستوں کو یہ اطلاع دینا ہے کہ یہ کشتۂ آزار ، بندۂ بیکار ،گنہگار شاعری کے علاوہ کئی دوسرے عارضوں میں بھی مبتلا ہے۔ عرصہ پہلے احمد بھائی سے مراسلت کے دوران کہیں غلطی سے لکھ دیا کہ ہمیں آرٹ وغیرہ سے بھی کچھ شغف ہے ۔ نتیجتاً ان کی طرف سے اس ’’ آرٹ‘‘ کی نمائش کی فرمائش صادر ہوئی۔ سو اُنہی کے ارشاد کی تعمیل میں یہ لڑی شروع کی جارہی ہے ۔ ارادہ ہے کہ وقتا فوقتا اس لڑی میں کچھ تصاویر وغیرہ لگاتا رہوں گا ۔ اطلاعاً عرض ہے کہ اس کا سارا عذاب ثواب احمد بھائی کی گردن پر ہوگا۔

نہ معلوم کب اورکس طرح تیسری چوتھی جماعت ہی سے مجھے ڈرائنگ کا شوق لاحق ہوگیا ۔ ہر وقت سلیٹ پر چاک سے کچھ نہ کچھ بنا بنا کر گھر والوں کو دکھایا کرتا تھا ۔ اور جب تک وہ ’’ ہاں ہاں اچھی ہے ، اچھی ہے‘‘ نہ کہہ دیں میں سلیٹ اٹھائے اٹھائے ان کے پیچھے پیچھے ہی لگا رہتا تھا ۔ بعض اہلِ خانہ تو فن شناسی میں اس قدر ماہر ہوگئے تھے کہ اکثر اوقات سلیٹ کی طرف دیکھے بغیر ہی ’’ ماشاء اللہ ، واہ بھئی واہ‘‘ اور ’’شابش ہے بھئی ،تم تو استاد پکاسو خاں بنتے جارہے ہو‘‘ وغیرہ جیسے کلماتِ تحسین سے نوازا کرتے تھے ۔ اپنے آرٹ کی اس درجہ عزت افزائی کا فائدہ یہ ہوا کہ ہمارا کیرئر پلان بچپن ہی میں یکسرتبدیل ہو گیا ۔ چنانچہ ہم آرٹسٹ بننے کے خواب بھول کر سائنسدان اور ڈاکو وغیرہ ۔۔۔۔۔ معاف کیجئے گا ڈاکٹر وغیرہ بننے کے خواب دیکھنے لگے ۔ ( جیسا کہ دستور ہے لڑکپن میں فلموں اور ناولوں کے زیرِ اثر ہر سال دو سال بعد کیرئر پلاننگ تبدیل ہوجایا کرتی ہے ۔ چنانچہ پرائیوٹ سراغ رساں ، عیاش فلمی ہدایتکار ، آوارہ کرکٹر اور بدچلن بین الاقوامی سیاح بننے کی پلاننگ تو ہمیں بھی یاد پڑتی ہے ۔ ) تفنن برطرف ، بچپن ہی سے آرٹ کا یہ مشغلہ اب تک دل کے بہت قریب میرے ساتھ ساتھ چلا آرہا ہے ۔ اب یہ الگ بات ہےکہ جب فرصت و فراغت میسرتھی تو شوق پورا کرنے کے لئے جیب میں پیسے نہیں تھے ۔ اب وہ مسئلہ نہیں رہا تو فرصت ڈھونڈے نہیں ملتی ۔ میں نے رنگین پینسل، پین اینڈ انک، پیسٹل ، واٹر کلر اور ایکریلک وغیرہ تقریبا ہر میڈیم میں کچھ نہ کچھ شوق پورا کیا ہے ۔ لیکن زندگی کی بڑھتی ہوئی ذمہ داریوں کے ساتھ جیسے جیسے فرصت کم ہوتی گئی ہے پچھلے دس بارہ سالوں سے سارا شوق سمٹ کر بوجوہ ڈرائی میڈیا تک محدود ہوگیا ہے ۔ آسانی اس میں یہ ہے کہ جب اور جہاں موقع ملا کاغذ اور پین اٹھا کر کچھ لکیریں کھینچ دیں ۔ ایک اسکیچ بک اور ایک جیل پین سفر و حضر میں ساتھ رہتا ہے ۔ تقریباً دس سالوں سے پین کے علاوہ اب اور اور کچھ شاذ و نادر ہی کرتا ہوں ۔ سنجیدہ کام ایک علیحدہ لڑی میں ’’ میری اسکیچ ُ بک‘‘ کے نام سے پیش کرنے کا ارادہ ہے ۔ فی الحال اس لڑی میں کچھ مصورانہ ایڈونچر پیش کرنے کا ارادہ ہے ۔ دکھانا یہ مقصود ہے کہ کمپیوٹر نے کس طرح دنیا کی دیگر چیزوں کے علاوہ آرٹ کو بھی تبدیل کرکے رکھ دیا ہے ۔ میں نے اپنی اسکیچ بک سے کچھ
(doodles) خاکے اسکین کرکے فوٹو شاپ کی مدد سے آرٹ میں تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے ۔ شاید آپ کو پسند آئیں ۔
نوٹ: باوجود تلاش بسیار فورم پر آرٹ یا مصوری کا کوئی زمرہ نظر نہیں آیا ۔ چنانچہ مجبوراً خطاطی کے زمرے میں پوسٹ کررہا ہوں ۔ منتظمین سے گزارش ہے کہ اس لڑی کو مناسب جگہ پر منتقل کردیا جائے ۔ شکریہ ۔

( پس نوشت: احمد بھائی تو اب محفل سے جاچکے ہیں ۔ سو یہ لڑی اب اُن کی یاد کے نام!)
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
scan0052.jpg
scan0052.jpg
 
آخری تدوین:
Top