پشین‘کربلا میں‌مولانا شیرانی پر خودکش حملہ‘ چھ افراد ہلاک، شیرانی محفوظ رہے

زین

لائبریرین
کوئٹہ+پشین.......شمالی بلوچستان کے علاقے پشین میں جمعیت علمائے اسلام (ف)کے صوبائی امیر مولانا محمد خان شیرانی پر ایک مدرسے میں خودکش حملہ ہوا،جس میں حملہ آور سمیت چھ افراد ہلاک جبکہ آٹھ زخمی ہوگئے ، تاہم مولانا شیرانی اور جمعیت کے دیگر رہنماء حملے میں محفوظ رہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حملہ ضلع پشین سے دس کلو میٹر دور کلی کربلا میں واقع مدرسہ اشرف العلوم میں ہوا ۔ خود کش حملہ آور نے خود کو اس وقت دھماکے سے اڑا یا جب جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے امیر سینٹ کے امیدوار مولانا محمد خان شیرانی ، جمعیت کے رہنمائوں ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی مطیع اللہ آغا، صوبائی وزیر مولوی عبدالباری آغا اور دیگر کے ہمراہ دستار بندی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے۔ حملے میں تین افراد عبدالجلال، عبدالقاہر ، قاری محمد نسیم موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ دس زخمی ہوگئے ۔
نعشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا جہاں‌مزید دو زخمی نظام الدین اور بسم اللہ زخموں‌کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
ایس پی پشین اکبر رئیسانی نے دھماکے میں حملہ آور سمیت پانچ افراد کی ہلاکت اور چار افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے ۔
جائے وقوعہ پر عینی شاہدین نےبتایا کہ حملہ آور کی عمر بیس سال سے کم تھی ۔انہوں نے بتایا کہ واقعے سے پہلے دو مشکوک مسلح افراد کو دیکھا گیا تھا جو حملے کے بعد قریبی ندی کی طرف فرار ہوگئے۔جمعیت کے کارکنوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دونوں مشکوک افراد کی تلاش شروع کردی ہے ۔
اس حوالے جب جمعیت علمائے اسلام (ف)کے رہنماء اور سینئر صوبائی وزیر مولانا عبدالواسع سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ حملے میں چھ طلباء اور علماء شہید اور آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔ مولانا واسع کا کہنا تھا کہ اس حملے میں‌وہی قوتیں ملوث ہیں جنہوں نے اس سے قبل بھی مولانا شیرانی پر ژوب اور پشین میں حملے کئے جس کا مقصد جمعیت کے رہنمائوں کو عوامی سیاست سے دور رکھنا ہے تاہم جمعیت کے قائدین اور کارکن شرپسند عناصر کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
یاد رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی امیر مولانا محمد خان شیرانی پر اس سے قبل بھی18 جولائی 2004ء میں قلعہ سیف اللہ میں ریموٹ کنٹرول حملہ ہوا تھاجس میں ان کی گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم مولانا شیرانی اپنے ڈرائیور سمیت محفوظ رہے ۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
عارف، تم جس اسلام کی تبلیغ کرنا چاہ رہے ہو، اس کے لیے الگ تھریڈ موجود ہے۔ میری گزارش ہے کہ ہر جگہ اپنے عقائد کا پرچار مت کرتے پھرو۔
 

زین

لائبریرین
واقعہ کے خلاف جے یو آئی نے آج منگل کو بلوچستان بھر میں شٹر ڈائون ہڑتال اور مظاہروں کا اعلان کیا ہے ۔
 

زین

لائبریرین
یہ تو یہاں کا روز کا معمول ہے ۔ مہینے میں تین بار شٹر ڈائون ہڑتال ضرور ہوتی ہے ۔ تاجر بھی روز روز کی ہڑتالوں سے تنگ آگئے ہیں تاہم جمعیت کی طرف سے ہڑتال کی کال بہت عرصے بعد دی گئی ہے ۔
 
Top