نعت رسول مکرم ( از خاور چودھری)

خاورچودھری

محفلین
مری حیات کبھی با ثمر نہیں ہوتی
مرے حبیب تری یاد گر نہیں ہوتی

شعورِ ہست تری ذات کے تصدق ہے
وگرنہ ذات کوئی معتبر نہیں ہوتی

چراغِ عقل تری خاکِ پا سے روشن ہو
جبینِ صبح کبھی بے ہنر نہیں ہوتی

مرے لبوں پہ ترا نام جب چمکتا ہے
ہزار شکر زباں بے اثر نہیں ہوتی

ترے ظہور کی شاہد نسیمِ صبح ازل
بنا ترے یہ فضا معتبر نہیں ہوتی

ہر ایک سمت تری رحمتیں اُترتی ہیں
ترے کرم سے پرے رہ گزر نہیں ہوتی

عجیب وقت مری دسترس میں آیا ہے
شہا ! یہ قوم مری ہم سفر نہیں ہوتی

یہ خاکسار تری نسبتوں سے ہے خاور
ولے اُڑان تو بے بال و پر نہیں ہوتی
 
خاورچودھری

محفلین
خواجہ طلحہ صاحب شکریہ۔
سخن ور بھائی نے وضاحت توکردی ہے میں پھر بھی عرض کروں گا جب ہم ( از فلاں) لکھتے ہیں تو اس کا مطلب یہی ہوتا ہے ۔ شروع کرنے والا یا پوسٹ کرنے والا کوئی بھی ہو سکتا ہے۔ لیکن یہاں میں دیکھا ہے پوسٹ کرنے والے کے ساتھ بھی از لکھا ہوتا ہے۔
 
خواجہ طلحہ

محفلین
یقین مانیں بہت خوشی ہوئی، الفاظ کا انتخاب نبی کریم صل اللہ علیہ وسلم سے محبت کا بھر پوراظہار کر رہا ہے۔
 
الف عین

لائبریرین
’سمت‘ کے لئے اس شمارے میں کوئی نعت نہیں مل سکی اب تک، اب یہی منتخب کر رہا ہوں۔ محمود مغل کو بھی اطلاع دے دیتا ہوں۔
 
خاورچودھری

محفلین
’سمت‘ کے لئے اس شمارے میں کوئی نعت نہیں مل سکی اب تک، اب یہی منتخب کر رہا ہوں۔ محمود مغل کو بھی اطلاع دے دیتا ہوں۔

حضور ذرہ نوازی ہے ‘ شکریہ
آپ میری تحریریں سمت کے لیے اور جہاں جہاں جیسے چاہیں شائع کرسکتے ہیں
 
محمد وارث

لائبریرین
خوبصورت نعت ہے خاور صاحب، سبحان اللہ۔ بہت داد قبول کیجیئے، جزاک اللہ۔

فقط ایک بات مطلعے کے متعلق، رسولِ اکرم (ص) کا لقب "حبیبِ خدا" ہے لیکن مصرعِ ثانی میں آپ نے انہیں "مرے حبیب" یعنی اپنا حبیب کہہ کر مخاطب کیا ہے، میں نہیں جانتا کہ یہ صحیح ہے یا غلط لیکن بہرحال میرے لیے اچنبھے کی بات ضرور ہے، ہو سکے تو اسے دیکھ لیں۔

والسلام
 
بہت شکریہ بھائی
حدیث کا مفہوم بیان کرتا ہوں۔ میرے آقا صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا۔۔ تم میں سے جو شخص اپنی اولاد،والدین اور مال سے زیادہ مجھ سے محبت نہیں کرتا وہ مومن نہیں ہے۔
حبیب محبت سے ہے۔ اس اعتبار سے آپ کی ذات بابرکات ہرمسلمان کی محبوب ہے۔ اگرمحبوب نہ ہو تو پھر ایمان کے سارے تقاضے کہاں پورے ہوئے؟
آپ کا بہت شکریہ۔ میں ایک بارپھر کسی عالم سے اس بابت پوچھ لوں گا۔
 
Top