نظم ۔ آندھی ۔۔۔ از ۔۔۔ نذیر احمد شیخ

محمداحمد

لائبریرین
نذیر احمد شیخ کی ایک خوبصورت نظم "آندھی" بشکریہ محترم نصیر احمد صاحب یہاں پیش کی جا رہی ہے ۔ نصیر صاحب کی تحریر سے پتہ چلتا ہے کہ نذیر احمد شیخ مزاحیہ شاعر تھے اور "حرفِ بشاش" کے نام سے اُن کی ایک کتاب بھی شائع ہوئی۔

نذیر احمد شیخ صاحب کی کہ یہ نظم اپنی سلاست اور روانی کے اعتبار سے لاجواب ہے۔ آندھی کا جو نقشہ شاعرِ موصوف نے کھینچا ہے اور جس بے ساختگی سے یہ خوش آہنگ نظم بُنی گئی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ ساتھ ساتھ یہ نظم آج کے دور سے کچھ پرے اُس زمانے کی ہے جب زندگی کی بیشتر سہولیات تک اکثریت کی رسائی نہیں تھی لیکن زندگی تب زیادہ خوبصورت تھی۔

آندھی
نظم

کھڑکی کھڑکے، سرکی سرکے، پھڑکے روشن دان
ناکہ بندی کرتے کرتے سب گھر ریگستان

جھاڑو جھاڑن موج منائیں اُن کا اپنا راج
پیپا بیٹھا ڈھول بجائے کتھک ناچے چھاج

درہم برہم سب تصویریں، طُرفہ تر احوال
مرزا غالب اُلٹے لٹکے، سجدے میں اقبال

ایک بگولہ سب سے اولیٰ، بھوتوں کا سردار
لوٹ پلٹ کر پڑھتا جائے دنیا کے اخبار

سُنتے سُنتے شور شرابا کانوں کا یہ حال
بیگم اپنی شال منگائے نوکر لائے ڈال

اُڑتی پھرتی جھاڑی پکڑے لوگوں کی شلوار
جب تک وہ شلوار چُھڑائیں رخصت ہو دستار

چھجے نے جب جھٹکا کھا کر دھڑ سے پھینکی اینٹ
مٹکے کا وہ جھٹکا دیکھا سر سے گزری چھینٹ

پیڑوں کے جب ٹہنے ٹوٹے سب کی ٹوٹی آس
اُپلے چھت سے فوراً کودے سیدھے چولہے پاس

نذیر احمد شیخ

بشکریہ نصیر احمد صاحب
 
واہ جناب محمداحمد صاحب ۔ کیا شاندار چیز عنایت فرمائی ہے۔ مزا آ گیا۔ بےحد شکریہ جناب آپ کا بھی اور نصیر احمد صاحب کا بھی۔ نذیر احمد شیخ صاحب تو بڑے اچھےشاعر لگے۔ اگر ان کا مزید کلام دستیاب ہو تو ضرور عنایت فرمایئے گا۔
 

محمداحمد

لائبریرین
واہ جناب محمداحمد صاحب ۔ کیا شاندار چیز عنایت فرمائی ہے۔ مزا آ گیا۔ بےحد شکریہ جناب آپ کا بھی اور نصیر احمد صاحب کا بھی۔ نذیر احمد شیخ صاحب تو بڑے اچھےشاعر لگے۔ اگر ان کا مزید کلام دستیاب ہو تو ضرور عنایت فرمایئے گا۔

بہت شکریہ حفیظ الرحمٰن صاحب،

واقعی نمونہء کلام دیکھ کر مزید کلام دیکھنے کی خواہش ہوتی ہے۔

خوش رہیے۔
 

محمداحمد

لائبریرین

محمداحمد

لائبریرین
واہ ! بہت خوب انتخاب ہے احمد بھائی!

لیکن نظم سے زیادہ آپ کی لکھی ہوئی ڈھائی سطروں نے متاثر کیا۔ :)

بہت شکریہ بھائی ۔۔۔۔!

نظم مجھے ایسی اچھی لگی کہ دل چاہا کہ اس کے ساتھ اپنے جذبات بھی ڈھائی سطروں (احاطہء تحریر) میں لے آؤں۔

خوش رہیے۔ :)
 

محمداحمد

لائبریرین
جی ۔۔۔۔۔ اُن کی کتاب "حرف بشاش" میں یہ نظم موجود ہے۔۔۔۔۔ میں کسی دن اسے مکمل کر دوں گا۔۔۔۔۔ انشاء اللہ۔

بہت شکریہ نوید ظفر بھائی ! انتظار رہے گا۔

حرفِ بشاش سے مزید کوئی انتخاب بھی آپ پیش کرنا چاہیں تو وہ بھی ضرور کریں۔
 

عامر منیر

محفلین
ممتاز مفتی کی کسی تحریر میں اس نظم کے چند اشعار نظر سے گزرے تھےجس میں انہوں نے ان اشعار کو معاشرتی انتشار پر منطبق کیا تھا۔ ٹھیک سے یاد نہیں، شاید ان کی کتاب "تلاش" میں تھے ۔ویسے میں زیادہ علامتی نکتہ آرائیوں کا قائل نہیں لیکن میرا خیال ہے کہ اس نظم کو علامتی اعتبار سے اب بھی ہمارے معاشرے کی کیفیت پر اسی طرح منطبق کیا جا سکتا ہے۔ پڑھ کر لطف آ گیا۔ مکمل نظم ضرور پوسٹ کیجئے گا۔
 

محمداحمد

لائبریرین
Top