جاسمن

لائبریرین
نئی نشست، دیرینہ رفاقت: بزمِ احبابِ اردو محفل
ہمارے محفلین اس امر سے بخوبی واقف ہیں کہ اردو محفل اِمسال نہ صرف اپنی عمر کے بیس برس مکمل کرنے جا رہی ہے بلکہ اس نے ڈیجیٹل دنیا میں اردو زبان کی تعمیر و ترقی میں ایک ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ اس ضمن میں اردو محفل انتظامیہ نے ہمیشہ انتھک لگن اور جانفشانی سے اپنی بے غرض خدمات پیش کیں، جس کے انمٹ نقوش اردو کمپیوٹنگ کے بیشتر میدانوں میں ہمیشہ کے لیے ثبت رہیں گے ۔ ان میں اردو فونٹ ، کی بورڈ اور کئی تکنیکی نوعیت کے ٹیوٹوریلز کے علاوہ ادب عالیہ کے لائبریری پراجیکٹ کے تحت کی گئی ٹائپنگ، پروف ریڈنگ اور اشاعت شامل ہیں۔

غرض یہ کہ اول اول مختصر سی اس ٹیم نے تجرباتی طور پر شروع کیے جانے والے اردو ویب فورم کو اتنے خلوص،دلجمعی اور پیہم جِدّوجُہد سے چلایا کہ اس نے اردو ادب کے نابغہ روزگار شعراء، ادباء اور مترجمین کو اپنی طرف متوجہ کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے انٹرنیٹ کی دنیا میں شعرو ادب کی ایک عظیم درسگاہ کی صورت اختیار کر گئی ۔ انٹرنیٹ کے ماحول میں بسی اس دنیا میں اردو زبان سے لگاؤ رکھنے والوں نے برسوں علمی و ادبی فیض پایا اور کئی دیرپا رفاقتیں قائم ہوئیں ۔ اس سلسلے میں یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ اس عظیم الشان محفل کے بانیان اور عملے کی بے غرض خدمات کا کماحقہ شکریہ ادا نہیں کیا جا سکتا۔ آج اردو محفل کا اردو زبان و ادب کے نام پر پائے جانے والے دوسرے فورمز میں دور دور تک کوئی ثانی نہیں۔

اب جبکہ محفل انتظامیہ کی طرف سے اردو محفل کو آرکائیو کی صورت محفوظ کرنے اور ریڈ اونلی بنانے کا اعلان کیا گیا ہے، تومحفلین کے لیے ایک نئے پلیٹ فارم کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی ، جس کے لیے اردو محفل میں متعدد مقامات پر مشاورت بھی کی گئی ۔اس کا مقصد طویل برسوں میں بنی ان رفاقتوں کو دوام بخشنا تھا جو خالصتا علم و ادب کی دوستی کی بنیاد پر استوار ہوئیں۔

اسی نظریہ کے تحت کچھ محفلین نے آزمائشی بنیادوں پر ڈسکورڈ کے پلیٹ فارم پر ایک اردو فورم "بزمِ احبابِ اردو محفل" سیٹ اپ کیا ہے۔اردو ڈسکورڈ فورم کو انہی خطوط پر استوار کرنے کی سعی کی گئی ہے جو اردو محفل کے خدوخال کی یادگار بن سکیں۔ یہ پلیٹ فارم محض ایک چیٹ سرور نہیں بلکہ اردو محفل کی روایات، اقدار اور علمی فضا کو جاری رکھنے کی ایک مخلصانہ کاوش ہے۔ کئی سینئر محفلین اس فورم پر رجسٹر ہوچکے ہیں اور تا حال اراکین کی تعداد 40 سے تجاوز کر چکی ہے۔
ہم اس ضمن میں بزمِ احبابِ اردو محفل کی انتظامیہ اور موجودہ اراکین کی جانب سے اردو محفل کے بانیان، منتظمین اور تمام محفلین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جنھوں نے اردو زبان و ادب کی خدمت کے لیے ایک بے مثال فورم مہیا کیا۔ اور ہم تمام محفلین کو اس نئے ڈسکورڈ فورم میں خوش آمدید کہتے ہیں، جہاں یہ رفاقتیں ایک نئی صورت میں جاری رہیں گی۔
اردو محفل کے تمام بانیان ،عملے اور معاونین کا دِلی شکریہ!


بزمِ احباب کے قرطاس کے کچھ عکس بھی قارئینِ محفل کے لئے پیشِ خدمت ہیں۔
















جو احباب اس نئی بزم میں شامل ہونا چاہیں وہ اس ربط پر کلک کریں۔
 
یہ ایک بہترین قدم ہے ان سب محفلین کے حق میں جو علم و ادب سے دوستی میں ایک دوسرے کے ساتھی بنے اور جنہیں جب لگا کہ انتظامیہ کے ارادے محفل برخاست کرنے کے لیے مصمم ہیں تو انہیں کچھ لمحے آگے اندھیرا نظرآیا۔ جاسمن بجو! آپ کو ایک لیڈر کے طور پر اس کامیاب مشن پر خراج تحسین پیش کرتی ہوں اور امید کرتی ہوں کہ بزم احباب اردو محفل کا ماحول تادیر علم و ادب کے شیدائیوں کے لیے بہترین رہے گا۔مزید برآں اردو محفل کی انتظامیہ کی بے لوث کاوشوں کو جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے، کم ہے۔ خاص طور پر بانیاں نے تاریخ کے جس اہم موڑ پر اس کی بنیاد ڈالی اوریہ نہ صرف اردو کمپیوٹنگ کی ترویج کا شاخسانہ ثابت ہوئی بلکہ اس نے دنیا کے متعدد ممالک سے اردو بولنے والوں کو ایک جگہ یکجا کر دیا، جس سے بہتوں کے کلام کی اصلاح ہوئی، بہتوں کو نئی رفاقتیں نصیب ہوئیں اور بہتوں کی زندگیوں میں شاید سب سے پرلطف گوشہ یہی رہا۔ امید ہے ہم سب علم و تہذیب کے علم بردار بن کر آپس میں ہمیشہ اخوت و رواداری سے رہیں۔ بیسٹ آف لک ٹو بزم احباب اردو محفل (ڈسکورڈ سرور) اینڈ لوٹس آف لو ٹو مائی ون اینڈ اونلی اردو محفل!!! :redheart:
 

محمداحمد

لائبریرین
جب انتظامیہ نے محفل کی بندش کی بابت پوسٹ لگائی تھی تب ہم نے انتظامیہ کے اس فیصلے کی تائید کی تھی۔ اور انتظامیہ کے فیصلے پر محفل اور محفل سے جُڑے دوستوں سے جدائی کو نوشتہء قسمت سمجھ لیا تھا۔ بات بھی خیر درست تھی، محفل جیسا بڑا پلیٹ فارم تو واقعی اس قدر کم فعالیت پر چلانا کارِ عبث ہی ہے۔ لیکن ہماری بھولی بھالی جاسمن بہنا نے اسی لمحے سوچنا شروع کر دیا تھا کہ اگر محفل بند ہوگئی تو اتنی برسوں کی دوستیاں اور دیرینہ رفاقتوں کا کیا ہوگا۔ کیا سب یوں ہی تتر بتر ہو جائیں گے۔ جس پر ہم نے کہا کہ ہاں! ایسا ہی ہوتا ہے۔ :giggle: دنیا میں بہت کچھ ہوتا ہے، ایک یہ بھی سہی!

لیکن جاسمن بہن پر ہماری ان فلسفیانہ باتوں کا جادو نہ چلا۔ وہ مستقل سوچتی رہیں کہ آخر کیا ایسا کیا جائے کہ زیادہ نہ سہی لیکن کم از کم جو محفل کے فعال اراکین ہیں وہ تو ایک دوسرے سے کسی نہ کسی ذریعے سے جُڑے رہیں۔ جاسمن نا صرف سوچتی رہیں بلکہ ہم سب کو بھی اسی کام پر لگا دیا۔ کئی ایک دھاگے کھولے جن میں گفتگو ہوتی رہی۔ مختلف آپشن زیرِ بحث لائے گئے۔ حتیٰ کہ جاسمن بہن نے اپنے طور پر بھی کئی ایک کاوشیں کیں، جن سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔

چونکہ زیادہ فعال اراکین دستیاب نہیں تھے سو کسی باقاعدہ فورم کے خیال کو رہنے دیا گیا اور متفقہ اور متحدہ کوششوں سے عارضی طور پر ایک ڈسکورڈ کمیونٹی سرور بنا لیا گیا۔ جسے بزمِ احبابِ اردو محفل کا نام دیا گیا۔ نہیں معلوم یہ سلسلہ کب تک چلے لیکن عارضی طور پر جُڑنے کا اہتمام الحمدللہ ہو گیا اور وہاں پر آگے کے منصوبہ جات پر بھی غور وخوض ہو سکتا ہے۔

اس موقع پر ہم ایک بار پھر اردو محفل انتظامیہ اور اراکین کے شکر گزار ہیں کہ ہمیں جو اچھی صحبتیں، محبتیں اور رفاقتیں اردو محفل کے توسط سے ملی ہیں، وہ شاید عام زندگی میں کبھی بھی نہ مل پاتیں۔ اردو محفل اور محفل انتظامیہ کا جس قدر شکر کیا جائے کم ہے۔ ❤️

ہماری انتظامیہ کے اراکین سمیت تمام تر محفل اراکین سے درخواست ہے کہ وہ ڈسکور سرور کا حصہ بنیں اور اردو کمیونٹی کے آگے کے سفر میں اپنا حصہ ڈالیں۔
 

سیما علی

لائبریرین
اسی نظریہ کے تحت کچھ محفلین نے آزمائشی بنیادوں پر ڈسکورڈ کے پلیٹ فارم پر ایک اردو فورم "بزمِ احبابِ اردو محفل" سیٹ اپ کیا ہے۔اردو ڈسکورڈ فورم کو انہی خطوط پر استوار کرنے کی سعی کی گئی ہے جو اردو محفل کے خدوخال کی یادگار بن سکیں۔ یہ پلیٹ فارم محض ایک چیٹ سرور نہیں بلکہ اردو محفل کی روایات، اقدار اور علمی فضا کو جاری رکھنے کی ایک مخلصانہ کاوش ہے۔ کئی سینئر محفلین اس فورم پر رجسٹر ہوچکے ہیں اور تا حال اراکین کی تعداد 40 سے تجاوز کر چکی ہے
ماشاء اللہ آپ نے خوب سجالی بزم احبابِ اردو محفل اللہ آپکی مخلصانہ کاوش کو کامیابیاں عطا فرمائے
جیتی رہیے شاد و آباد رہیے اللہ کے حضور دعا ہے کہ وہ آپکو عزت دولت شہرت صحت و سکون عطا فرمائے آمین ۔۔۔
 

محمداحمد

لائبریرین
مریم آپ محفل کے اراکین کو یہاں ٹیگ کر دیجے۔ :)

باقی محفلین بھی جن جن احباب کو ٹیگ کرنا چاہتے ہیں، وہ ضرور یہ نیک کام کریں۔ :)
 

یاز

محفلین
بہت عمدہ اقدام ہے جس کے لئے جاسمن آپی اور دیگر ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
ہم نے کچھ عرصہ پہلے ذیلی مراسلہ لکھا تھا
نیز یہ کہ تاثرات کیا ہونے ہیں۔ منطقی اقدام تو وہی لگتا ہے، جو انتظامیہ نے اٹھایا ہے۔
تاہم اس معاملے کا ایک اور پہلو بھی ہے۔ شاید اس میں کچھ سینئر (یعنی عمر میں) اراکین بھی کچھ رائے دے پائیں، کہ اردو محفل جیسا فورم اگر رہتا تو بہت سوں کے بڑھاپے کا سہارا بھی ہوتا۔ میں اکثر سوچتا ہوں کہ اب کے بعد والی نسل کو سوشل میڈیا اور آن لائن کنیکٹیوٹی کی وجہ سے ایک خاص عمر کے بعد ویسی تنہائی محسوس نہ ہو جیسی کچھ عرصہ پہلے تک تھی۔ لیکن ہر ایک سوشل میڈیا اس ضمن میں ویسا کارآمد نہ ہو پائے، جیسا محفل (یا اس جیسے کئی اور فورمز یا ایپس وغیرہ) ہو سکتا تھا۔
دوسرے الفاظ میں اردو محفل کی ضرورت اب باقی دنیا کو نہیں رہی تھی کہ اب یہاں (نیا) کوئی نہیں کوئی نہیں آئے گا۔ تاہم محفلین کی ایک مناسب تعداد کو اس کی ضرورت یا افادیت ضرور رہتی۔ خصوصاً اگر آج سے ایک دو دہائی بعد کا سوچیں تو (جب محفلین کی اکثریت عمر کی ایک خاص سٹیج کراس کر چکے ہوں گے۔
اتنا اناپ شناپ لکھ دیا ہے تو برادرم نبیل صاحب کو بھی ٹیگ کر ہی دوں کہ شاید دل میں اتر جائے بات، وغیرہ ۔

تاہم ڈسکورڈ کے فورم کی تشکیل کے بعد ہم اپنے درج بالا خیالات سے کسی حد تک رجوع کرنے پہ قائل ہوئے۔ جس کی اہم وجوہات یوں ہیں
-- اب چونکہ اردو محفل کا عمومی استعمال پرانے ممبران کی بات چیت یا گپ شپ تک ہی رہ گیا ہے، تو محفل کو مزید چلانا یا کھینچنا زیادہ sustainable نہیں ہو گا۔ ایک آدھ سال مزید نکال بھی گئے تو ہر سال یہی مسئلہ سامنے آ جایا کرے گا۔
2) ڈسکورڈ پہ فورم چلانے کے لئے کسی قسم کی مالی یا تکنیکی امداد کی ضرورت نہیں ہے۔ کچھ سادہ سی موڈریشن سے کام چل سکتا ہے۔
3) ڈسکورڈ پہ اردو لکھنے کے لئے کافی بہتر سپورٹ پہلے سے ہی دستیاب ہے۔
4) ڈسکورڈ چونکہ ایک بڑا پلیٹ فارم ہے، تو اس کو بقا کا اتنا زیادہ مسئلہ شاید نہ ہو، جتنا چھوٹے یا محدود پلیٹ فارمز کو ہے۔
5) نیز اس کی سوفٹ ویئر اپ ڈیٹ وغیرہ کا جھنجھٹ بھی ہمیں نہیں ہو گا، بلکہ ڈسکورڈ کی انتظامیہ وغیرہ ہی کیا کرے گی۔
6) اور آخری بات پھر وہی کہ اب چونکہ زیادہ اہم مقصد اراکینِ محفل کا آپس میں اجتماعی ربط ہی ہے، تو وہ ڈسکورڈ سے بآسانی پورا ہو سکتا ہے۔
7) ضرورت بس اس امر کی ہے کہ اس طرح کی لڑیاں یا ان کے ربط محفل میں مختلف جگہوں پہ موجود ہوں، تا کہ اگر کوئی ممبر کچھ عرصہ بعد آئے اور محفل کو ریڈ اونلی حالت میں دیکھے تو اس کو علم ہو کہ اجتماعی ہجرت کہاں کو ہوئی ہے ۔
بہت دعائیں
 
مریم آپ محفل کے اراکین کو یہاں ٹیگ کر دیجے۔ :)

باقی محفلین بھی جن جن احباب کو ٹیگ کرنا چاہتے ہیں، وہ ضرور یہ نیک کام کریں۔ :)
کچھ ایکٹو ممبران نے کمنٹس کر دیے ہیں، باقی ایکٹو ممبران کو بھی ٹیگ کر دیتی ہوں تاکہ حجت تمام ہو جائے۔ تاہم میں سب سے پہلے اردو محفل کے ابتدائی اراکین کو ٹیگ کرنا چاہوں گی اور ان کو بھی جنہوں نے بارِ محفل ایک لمبا عرصہ اپنے شانوں پر اٹھائے رکھا اور ہم سب اس رنگا رنگ محفل کے مزے لوٹتے رہے۔ میں محفل کے ساتھ ساتھ ان کو کھونا نہیں چاہتی، اگر وہ نئے فورم پر آنا چاہیں تو اب کے رولز ریورس ہو سکتے ہیں۔ آپ کے محفلین اب آپ کے خادم وغیرہ ہوں گے۔ :D
اور اگر کسی بھی وجہ سے نہ آنا چاہیں تو بھی آپ کا جتنا شکریہ ادا کیا جائے، حق ادا نہیں ہو سکتا۔ اللہ تعالی آپ کو دونوں جہانوں میں آسانیوں اور رحمتوں میں رکھے۔ آمین

نبیل
زیک
ابن سعید
سعادت
 

سیما علی

لائبریرین
اور اگر کسی بھی وجہ سے نہ آنا چاہیں تو بھی آپ کا جتنا شکریہ ادا کیا جائے، حق ادا نہیں ہو سکتا۔ اللہ تعالی آپ کو دونوں جہانوں میں آسانیوں اور رحمتوں میں رکھے۔ آمین
بیشک حق ادا نہیں ہوسکتا اور حق تو یہ ہے کہ شکریہ بہت چھوٹا لفظ ہے انکی خدمات کے سامنے آپکی دعاؤں پر تہہِ دل سے آمین
 
Top