زیک

ایکاروس
نئی نشست، دیرینہ رفاقت: بزمِ احبابِ اردو محفل
ہمارے محفلین اس امر سے بخوبی واقف ہیں کہ اردو محفل اِمسال نہ صرف اپنی عمر کے بیس برس مکمل کرنے جا رہی ہے بلکہ اس نے ڈیجیٹل دنیا میں اردو زبان کی تعمیر و ترقی میں ایک ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ اس ضمن میں اردو محفل انتظامیہ نے ہمیشہ انتھک لگن اور جانفشانی سے اپنی بے غرض خدمات پیش کیں، جس کے انمٹ نقوش اردو کمپیوٹنگ کے بیشتر میدانوں میں ہمیشہ کے لیے ثبت رہیں گے ۔ ان میں اردو فونٹ ، کی بورڈ اور کئی تکنیکی نوعیت کے ٹیوٹوریلز کے علاوہ ادب عالیہ کے لائبریری پراجیکٹ کے تحت کی گئی ٹائپنگ، پروف ریڈنگ اور اشاعت شامل ہیں۔

غرض یہ کہ اول اول مختصر سی اس ٹیم نے تجرباتی طور پر شروع کیے جانے والے اردو ویب فورم کو اتنے خلوص،دلجمعی اور پیہم جِدّوجُہد سے چلایا کہ اس نے اردو ادب کے نابغہ روزگار شعراء، ادباء اور مترجمین کو اپنی طرف متوجہ کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے انٹرنیٹ کی دنیا میں شعرو ادب کی ایک عظیم درسگاہ کی صورت اختیار کر گئی ۔ انٹرنیٹ کے ماحول میں بسی اس دنیا میں اردو زبان سے لگاؤ رکھنے والوں نے برسوں علمی و ادبی فیض پایا اور کئی دیرپا رفاقتیں قائم ہوئیں ۔ اس سلسلے میں یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ اس عظیم الشان محفل کے بانیان اور عملے کی بے غرض خدمات کا کماحقہ شکریہ ادا نہیں کیا جا سکتا۔ آج اردو محفل کا اردو زبان و ادب کے نام پر پائے جانے والے دوسرے فورمز میں دور دور تک کوئی ثانی نہیں۔

اب جبکہ محفل انتظامیہ کی طرف سے اردو محفل کو آرکائیو کی صورت محفوظ کرنے اور ریڈ اونلی بنانے کا اعلان کیا گیا ہے، تومحفلین کے لیے ایک نئے پلیٹ فارم کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی ، جس کے لیے اردو محفل میں متعدد مقامات پر مشاورت بھی کی گئی ۔اس کا مقصد طویل برسوں میں بنی ان رفاقتوں کو دوام بخشنا تھا جو خالصتا علم و ادب کی دوستی کی بنیاد پر استوار ہوئیں۔

اسی نظریہ کے تحت کچھ محفلین نے آزمائشی بنیادوں پر ڈسکورڈ کے پلیٹ فارم پر ایک اردو فورم "بزمِ احبابِ اردو محفل" سیٹ اپ کیا ہے۔اردو ڈسکورڈ فورم کو انہی خطوط پر استوار کرنے کی سعی کی گئی ہے جو اردو محفل کے خدوخال کی یادگار بن سکیں۔ یہ پلیٹ فارم محض ایک چیٹ سرور نہیں بلکہ اردو محفل کی روایات، اقدار اور علمی فضا کو جاری رکھنے کی ایک مخلصانہ کاوش ہے۔ کئی سینئر محفلین اس فورم پر رجسٹر ہوچکے ہیں اور تا حال اراکین کی تعداد 40 سے تجاوز کر چکی ہے۔
ہم اس ضمن میں بزمِ احبابِ اردو محفل کی انتظامیہ اور موجودہ اراکین کی جانب سے اردو محفل کے بانیان، منتظمین اور تمام محفلین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جنھوں نے اردو زبان و ادب کی خدمت کے لیے ایک بے مثال فورم مہیا کیا۔ اور ہم تمام محفلین کو اس نئے ڈسکورڈ فورم میں خوش آمدید کہتے ہیں، جہاں یہ رفاقتیں ایک نئی صورت میں جاری رہیں گی۔
اردو محفل کے تمام بانیان ،عملے اور معاونین کا دِلی شکریہ!


بزمِ احباب کے قرطاس کے کچھ عکس بھی قارئینِ محفل کے لئے پیشِ خدمت ہیں۔
















جو احباب اس نئی بزم میں شامل ہونا چاہیں وہ اس ربط پر کلک کریں۔
نوٹ: پہلے ڈسکورڈ ایپ انسٹال کریں۔
اس پہ اپنی ای میل یا فون نمبر یا دونوں سے اپنا اکاؤنٹ بنائیں۔
اب محفل پہ دیے گئے لنک سے جوائن کریں۔
مثال کے طور پر کیا اس لڑی کی پہلی پوسٹ ڈسکورڈ پر ایک پوسٹ کے طور پر شامل کی جا سکتی ہے؟
 

جاسمن

لائبریرین
میں ابھی تک اس کا مقصد نہیں سمجھ پایا۔ نہ ہی یہ واضح ہے کہ اس کے منتظمین و مدیران کون ہیں
منتظمین میں سید عاطف علی اور محمداحمد ہیں۔ مدیران میں محمد عبدالرؤوف ، مریم افتخار اور میں۔
مقصد۔۔۔مختصراً اُردو محفل جیسا پلیٹ فارم تو ہمیں اب شاید کبھی نہ مل سکے۔ لیکن اس سے کچھ ملتا جلتا ایک چھوٹا پلیٹ فارم چاہتے تھے/ہیں۔
 

جاسمن

لائبریرین
میں خاصی سست رہی ہوں کہ کئی مضامین میرے ذہن میں تھے، کئی شکریے واجب تھے لیکن نہیں ہو سکے۔
اردومحفل کے بانیان و منتظمین و دیگر خدمات دینے والوں کے بے حد شکر گزار ہیں۔ اللہ پاک آپ سب کو دونوں جہانوں کی بھلائیاں عطا فرمائے۔ کوئی دکھ، کوئی آزمائش آپ کی زندگی میں نہ آئے۔ آمین!
آپ کی وجہ سے ہمیں یہاں وہ سب ملا جس نے ہمیں اور ہماری زندگی کو بہت مثبت رخ دیے۔
زیک پہ ایک خاکہ میرے ذہن میں کب سے مچل رہا تھا لیکن ممکن نہیں ہو سکا۔
! زیک! آپ کے اور میرے خیالات و نظریات کافی فرق ہیں لیکن میں نے آپ سے بہت بہت کچھ سیکھا ہے۔ میری دلی دعائیں آپ کے اور آپ کے گھر والوں کے لیے ہیں۔ میری خواہش ہے کہ آپ بھی ڈسکورڈ پہ آئیں تاکہ ہم آپ سے سیکھتے رہیں۔
 
آخری تدوین:
محفل فورم صرف مطالعے کے لیے دستیاب ہے۔
Top