سلیم احمد مشرق ہار گیا۔۔۔۔۔۔۔۔سلیم احمد

فلک شیر

محفلین
مشرق ہار گیا

کپلنگ نے کہا تھا

"مشرق مشرق ہے

اور مغرب مغرب ہے

اور دونوں کا ملنا نا ممکن ہے"

لیکن مغرب ، مشرق کے گھر آنگن میں آ پہونچا ہے

میرے بچوں کے کپڑے لندن سے آتے ہیں

میرا نوکر بی بی سی سے خبریں سنتا ہے

میں بیدل اور حافظ کی بجائے

شیکسپیئر اور رلکے کی باتیں کرتا ہوں



اخباروں میں

مغرب کے چکلوں کی خبریں اور تصویریں چھَپتی ہیں

مجھ کو چگی ڈاڑھی والے اکبرَ کی کھسیانی ہنسی پر

۔ ۔ ۔ ۔ رحم آتا ہے

(اقبال کی باتیں (گستاخی ہوتی ہیں

۔ ۔ ۔ ۔ مجذوب کی بڑ ہیں

وارث شاہ اور بُلھےَ شاہ اور بابا فرید ؟

چلئے جانے دیجیئے ان باتوں میں کیا رکھا ہے!


مشرق ہار گیا ہے

یہ بکسر اور پلاسی کی ہار نہیں ہے

ٹیپو اور جھانسی کی رانی کی ہار نہیں ہے

سن ستاون کی جنگِ آزادی کی ہار نہیں ہے

ایسی ہار تو جیتی بھی جا سکتی ہے (شاید ہم نے جیت بھی لی ہے)

لیکن مشرق اپنی روح کے اندر ہار گیا ہے!



قبلا خان تم ہار گئے ہو

اور تمہارے ٹکڑوں پر پلنے والا لالچی مارکوپولو

۔ ۔ ۔ ۔ جیت گیا ہے

اکبرِ اعظم ! تم کو مغرب کی جس عیارہ نے تحفے بھیجے تھے

اور بڑا بھائی لکھا تھا

اس کے کتے بھی ان لوگوں سے افضل ہیں

جو تمہیں مہابلی اور ظل اللہ کہا کرتے تھے

مشرق کیا تھا؟

جسم سے اوپر اٹھنے کی اک خواہش تھی

شہوت اور جبلت کی تاریکی میں

اک دیا جلانے کی کوشش تھی

میں سوچ رہا ہوں ، سورج مشرق سے نکلا تھا

(مشرق سے جانے کتنے سورج نکلے تھے)

لیکن مغرب ہر سورج کو نگل گیا ہے



" میں ہار گیا ہوں "

۔ ۔ ۔ ۔ میں نے اپنے گھر کی دیواروں پر لکھا ہے

" میں ہار گیا ہوں "

میں نے اپنے آئینے پر کالک مَل دی ہے

اور تصویروں پر تھوکا ہے

ہارنے والے چہرے ایسے ہوتے ہیں

میری روح کے اندر اک ایسا گہرا زخم لگا ہے

جس کے بھرنے کےلیے صدیاں بھی ناکافی ہیں

میں اپنے بچے اور کتے دونوں کو ٹیپو کہتا ہوں



مجھ سے میرا سب کچھ لے لو

اور مجھے اک نفرت دے دو

مجھ سے میرا سب کچھ لے لو

اور مجھے اک غصہ دے دو

ایسی نفرت ، ایسا غصہ

جس کی آگ میں سب جل جائیں!

۔ ۔ ۔ ۔ میں بھی



سلیم احمد​
 

arifkarim

معطل
شاعری میں مغربی اقدار کیخلاف بغض کُوٹ کُوٹ کر بھرا ہوا ہے! مشرق اسلئے نہیں ہارا کہ مغرب نے مشرق میں آکر عسکری بنیادوں پر قبضہ کر لیا کیونکہ مشرق کو مغرب سے آزادی ملے 60 سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے۔ اگر آزادی کے باوجود مشرقی اقدار مغرب کا مقابلہ نہیں کر پارہے تو ان اقدار کی کمزوری کا قصور ہے نہ کہ مغربی بغض کا!
 
آخری تدوین:

نیرنگ خیال

لائبریرین
شاعری میں مغربی اقدار کیخلاف بغض کُوٹ کُوٹ کر بھرا ہوا ہے!
صحیح کہہ رہے ہیں۔۔۔ شاعر کا تعصب صاف چھلک رہا ہے۔۔۔(y)
لیکن جب بھی کوئی اپنے نظریات سے ہار جاتا ہے۔۔۔ تو اس کی کیفیت کچھ یوں ہی ہوتی ہے۔ اور ایسے میں گھن کی طرح کھانے والی سوچوں اور رویوں کی نکاسی ازحد ضروری ہوتی ہے۔ شاعر نے بھی ایسی ہی نکاسی سے اپنے اعصاب پر مسلط ہونے والے خیالات کو جھٹکا ہے۔
 

نایاب

لائبریرین
شاعر نے سچ بولا ہے ۔ مشرق کے باسیوں کے ذہن و دل میں چھپے ' زہر نفرت " کی بنیاد کو کھودا ہے ۔
مشرق کیوں ہارا ہوا لگتا ہے ۔ بھید اس کا کھولا ہے ۔۔۔۔۔
قاری کی سوچ کو آزاد فضاء میں چکراتے یہ حقیقت پاتی ہے کہ
مشرق کے باسی " ایسے نہیں ایسے "کے مباحث میں الجھے رہے
اور مغرب کے باسی " کیوں اور کیسے " میں الجھ زندگی آسان بناتے رہے ۔۔۔
بہت خوب شراکت پر بہت دعائیں
 

فلک شیر

محفلین
شاعری میں مغربی اقدار کیخلاف بغض کُوٹ کُوٹ کر بھرا ہوا ہے! مشرق اسلئے نہیں ہارا کہ مغرب نے مشرق میں آکر عسکری بنیادوں پر قبضہ کر لیا کیونکہ مشرق کو مغرب سے آزادی ملے 60 سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے۔ اگر آزادی کے باوجود مشرقی اقدار مغرب کا مقابلہ نہیں کر پارہے تو ان اقدار کی کمزوری کا قصور ہے نہ کہ مغربی بغض کا!
اس نظم میں یا دنیا بھر کی تمام شاعری میں؟
:)
 

فلک شیر

محفلین
شاعر نے سچ بولا ہے ۔ مشرق کے باسیوں کے ذہن و دل میں چھپے ' زہر نفرت " کی بنیاد کو کھودا ہے ۔
مشرق کیوں ہارا ہوا لگتا ہے ۔ بھید اس کا کھولا ہے ۔۔۔ ۔۔
قاری کی سوچ کو آزاد فضاء میں چکراتے یہ حقیقت پاتی ہے کہ
مشرق کے باسی " ایسے نہیں ایسے "کے مباحث میں الجھے رہے
اور مغرب کے باسی " کیوں اور کیسے " میں الجھ زندگی آسان بناتے رہے ۔۔۔
بہت خوب شراکت پر بہت دعائیں
شکریہ نایاب بھائی
:)
 

قیصرانی

لائبریرین
میرا خیال ہے کہ مشرق اس لئے ہارا کہ اس نے دوسروں کی اچھائیوں کو اپنانے کی بجائے ان کی برائیوں کو اپنانے پر زیادہ توجہ صرف کی ہے
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
میرا خیال ہے کہ مشرق اس لئے ہارا کہ اس نے دوسروں کی اچھائیوں کو اپنانے کی بجائے ان کی برائیوں کو اپنانے پر زیادہ توجہ صرف کی ہے
مشرق ۔۔۔۔ اقدار کی جگہ
مغرب ---- نظام کی جگہ
اقدار و نظام کی بحث
طرز کہن و آئین نو کا تقابل
کہیں کج روی تو کہیں بے راہ روی۔۔۔۔
مشرق و مغرب کے درمیان معاشرتی تقابل۔۔۔ حاصل ۔۔۔۔۔ ایک لاحاصل بحث۔۔۔ جس میں نہ لکھنے والے کو پتا۔۔۔۔ کہ کیوں لکھ رہا۔۔۔ نہ سننے والے کو خبر کہ کیوں سن رہا۔۔۔
ایسی باتیں جو روز و شب میں تنوع نہ لائیں۔ جو دن کے معمولات میں کسی بےترتیبی کا باعث نہ ہوں۔۔۔۔ ان باتوں کا کیا کرنا۔۔۔ ان باتوں کا کیا سننا۔۔۔۔
محض الفاظ کی جگالی۔۔۔ یا چند صفحات کا پیٹ بھرنا۔۔۔۔
قیصرانی بھائی۔۔۔۔ میرا دل کرتا ہے اس موضوع پر ایک اچھی بحث ہو۔۔۔ جس میں محض الزام تراشی کی بجائے کچھ جاننے سیکھنے کے لیے کچھ لکھا جائے۔۔۔ جہاں انٹرنیٹ سے چھاپے گئے تراشوں کی بھرمار نہ ہو۔۔۔۔ جہاں اپنا اپنا مشاہدہ اپنا اپنا علم اپنے اپنے الفاظ میں بیاں ہو۔۔۔۔ مگر ایسا موقع ایسا محل ایسا پنڈال کہاں سے لائیں گے۔۔۔۔ یعنی دفنا دیتے ہیں اس کو بھی۔۔۔۔ :)
 

قیصرانی

لائبریرین
مشرق ۔۔۔ ۔ اقدار کی جگہ
مغرب ---- نظام کی جگہ
اقدار و نظام کی بحث
طرز کہن و آئین نو کا تقابل
کہیں کج روی تو کہیں بے راہ روی۔۔۔ ۔
مشرق و مغرب کے درمیان معاشرتی تقابل۔۔۔ حاصل ۔۔۔ ۔۔ ایک لاحاصل بحث۔۔۔ جس میں نہ لکھنے والے کو پتا۔۔۔ ۔ کہ کیوں لکھ رہا۔۔۔ نہ سننے والے کو خبر کہ کیوں سن رہا۔۔۔
ایسی باتیں جو روز و شب میں تنوع نہ لائیں۔ جو دن کے معمولات میں کسی بےترتیبی کا باعث نہ ہوں۔۔۔ ۔ ان باتوں کا کیا کرنا۔۔۔ ان باتوں کا کیا سننا۔۔۔ ۔
محض الفاظ کی جگالی۔۔۔ یا چند صفحات کا پیٹ بھرنا۔۔۔ ۔
قیصرانی بھائی۔۔۔ ۔ میرا دل کرتا ہے اس موضوع پر ایک اچھی بحث ہو۔۔۔ جس میں محض الزام تراشی کی بجائے کچھ جاننے سیکھنے کے لیے کچھ لکھا جائے۔۔۔ جہاں انٹرنیٹ سے چھاپے گئے تراشوں کی بھرمار نہ ہو۔۔۔ ۔ جہاں اپنا اپنا مشاہدہ اپنا اپنا علم اپنے اپنے الفاظ میں بیاں ہو۔۔۔ ۔ مگر ایسی موقع ایسا محل ایسا پنڈال کہاں سے لائیں گے۔۔۔ ۔ یعنی دفنا دیتے ہیں اس کو بھی۔۔۔ ۔ :)
اگر ہم ایسا دھاگہ بنا لیں، اور غیر متعلقہ پوسٹس کو اگنور کرتے جائیں تو ماحول بنتے وقت نہیں لگنا جناب۔ بسم اللہ کیجئے
 
Top