محفل میں اراکین کی ذاتی حفاظت و راز داری کے حقوق، آلات، وسائل، و اختیارات

کئی دفعہ محفلین کی جانب سے شکایات موصول ہوتی ہیں کہ انھیں گاہے گاہے بعض اراکین کی جانب سے ناگوار یا ناشائستہ رویوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور کچھ کو یہ شکایت رہتی ہے کہ وہ محفل میں بعض اراکین یا بعض نوعیت کے مراسلوں سے کنارہ کشی چاہتے ہیں۔ چونکہ محفل بے شمار لوگوں کے اظہار خیال اور روابط کا ایک وسیع ذریعہ ہے لہٰذا اس میں مختلف نوعیت کے اراکین پائے جاتے ہیں۔ ایسے میں کچھ مطلق اصول بنانا کم و بیش محال ہے جو ہر موقع محل اور ہر فرد کے لیے قابل استعمال ہوں۔ البتہ محفل میں ہر رکن کو بے شمار ایسے اختیارات و آلات دستیاب ہیں جن کی مدد سے محفلین محفل کو کافی حد تک اپنی پسند کے مطابق ڈھال سکتے ہیں۔ ذیل میں ہم بعض معاملات بیان کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو اراکین کے مراسلوں پر ادارتی زاویہ نگاہ اور موقف کی وضاحت کے ساتھ ساتھ محفلین کو ان کے اختیارات اور ان کے مؤثر استعمال کو سمجھنے میں معاون ہو سکتے ہیں۔ :) :) :)

عمومی لڑیاں

مدیران کی نظروں میں عمومی لڑیوں میں کسی کے پیغام کی موزونیت کا معیار قدرے عمومی ہوتا ہے، مثلاً پیغام ناشائستگی، گالم گلوچ، پائریسی، منافرت، دھمکی، یا ایسے ہی دوسرے ممنوع مزاج کا حامل تو نہیں؟ مواد بذات خود تو درست ہے لیکن کیا وہ متعلقہ زمرے میں ہے یا کوئی تبصرہ کسی لڑی کے موضوع سے بہت زیادہ ہٹ کر تو نہیں؟ ایسا تو نہیں کہ اس پیغام سے آگے چل کر انتشار اور فساد کا خطرہ ہے؟ وغیرہ وغیرہ۔

کوائف نامے

کوائف ناموں کا معاملہ کچھ یوں ہے کہ اس میں ایک یا دو شخصیات کے درمیان کی بات ہوتی ہے جو کہ عام نمائش کے لیے دستیاب ہوتی ہے۔ ایسے میں جہاں اس پر عمومی اصول لاگو ہوتے ہیں وہیں یہ بات بھی اہم ہو جاتی ہے کہ ان دو افراد کا آپسی تعلق کیسا ہے اور کسی بات کے پیچھے سیاق و سباق کیا ہے۔ عمومی ضوابط کے تحت تو مدیران اس پر ادارت کر سکتے ہیں، لیکن مؤخر ذکر صورت میں پس منظر سے واقفیت نہ ہونے کے باعث از خود کوئی قدم اٹھانا مناسب نہیں ہوتا۔ البتہ کوائف نامے کے مراسلوں میں صاحب کوائف نامہ کو بھی کچھ ادارتی اختیارات دیے گئے ہیں، مثلاً کسی کا پیغام یا تبصرہ حذف کرنا، اس کے لیے رپورٹ کرنے یا کسی مدیر کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں۔

ذاتی مکالمات

ذاتی مکالمات کا معاملہ یکسر مختلف ہے، کیونکہ اس تک کسی رکن یا اراکین عملہ کی رسائی تب تک نہیں ہوتی جب تک وہ بھی اس مکالمے کے شرکاء میں نہ شامل ہوں۔ اس طرح ذاتی مکالمات میں نہ تو عمومی اصولوں کے تحت کوئی قدم اٹھایا جا سکتا ہے اور نہ ہی ذاتی نوعیت کے معاملات کو دیکھتے ہوئے۔ اتفاق سے ذاتی مکالموں میں اپنے یا کسی اور کے پیغامات کو حذف کرنے کی بھی سہولت نہیں، البتہ چند منٹ تک اپنے مراسلوں کو مدون کرنے کی سہولت دستیاب ہوتی ہے تاکہ املا وغیرہ کی درستگی کی جا سکے۔ لیکن ذاتی مکالمے میں ہر کسی کے پاس مکالمہ ترک کرنے کی سہولت موجود ہوتی ہے۔

ذاتی نوعیت کے معاملات میں اراکین کے لیے ہمارا مشورہ یہ ہے کہ جس رکن کی جانب سے غیر مناسب بات کی گئی ہے اس کا پس منظر سمجھنے کی کوشش کریں اور اس کے مطابق اقدامات اٹھائیں، مثلاً نو وارد اراکین کو کئی دفعہ محفل کے نظام اور یہاں کے مزاج کا علم نہیں ہوتا اس لیے وہ ایسی لغزشیں کر سکتے ہیں، ایسے میں ان کی رہنمائی کی جانی چاہیے۔ اگر پرانے اراکین کی جانب سے کوئی ناگوار بات سامنے آئے تو نظر انداز کرنے، حذف کرنے، کسی مغالطے کی صورت میں مزید وضاحت طلب کرنے، یا براہ راست جواباً ان کا رد کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے، لیکن پھر بھی کوئی باز نہ آئے تو رپورٹ کر کے مدیران اور منتظمین کو متوجہ کرنا چاہیے۔

رپورٹنگ

کسی مواد یا معاملے کی جانب اراکین عملہ کی توجہ مبذول کرانے کے لیے رپورٹنگ ایک بے حد مؤثر طریقہ ہے۔ محفل میں شامل بیشتر ایسے مواد جنھیں شامل کرنے کا اختیار اراکین کے پاس ہوتا ہے ان کے ساتھ رپورٹنگ کی سہولت ہر رکن کو حاصل ہوتی ہے، پھر وہ مواد کسی لڑی میں ہو، کوائف نامے میں، یا ذاتی مکالمے میں، حتیٰ کہ کسی رکن تک کو رپورٹ کیا جا سکتا ہے۔ رپورٹ کردہ مواد کی ایک نقل رپورٹنگ کے نظام میں شامل ہوتی ہے، لہٰذا اگر ذاتی مکالمے کا بھی کوئی مراسلہ رپورٹ کیا گیا تو فقط اس مراسلے کی نقل (نہ کہ مکمل مکالمہ) اسٹاف کے لیے قابل رسائی ہو جاتی ہے اور اس صورت میں اس پر ادارتی اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں۔

ضروری نہیں کہ منتظمین ہر رپورٹنگ کے جواب میں بعینہ وہی اقدامات اٹھائیں رپورٹ کنندہ نے جس کی توقع کی ہو۔ متعلقہ اراکین کے ماضی اور معاملے کے پس منظر کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کو جو بھی مناسب محسوس ہو گا وہ کریں گے۔ ان اقدامات میں رپورٹ کو مسترد کرنا، مراسلوں کی تحذیف، اراکین کو تنبیہ، اور عارضی یا دائمی تعطل وغیرہ شامل ہیں۔

ترجیحات و ترتیبات

ہر رکن کو ان کے راز داری کے اختیارات کے تحت کچھ ترتیبات فراہم کرائی گئی ہیں جن کے ذریعہ اس بات کا تعین کیا جا سکتا ہے کہ ان کے کوائف ناموں یا ذاتی مکالموں میں مراسلے بھیجنے کا اختیار کن لوگوں کو حاصل ہوگا۔ مثلاً "آپ کے ساتھ مکالمہ شروع کر سکتے ہیں" سے ملحقہ چیک باکس سے چیک مارک ہٹا دینے پر کوئی بھی آپ کے ساتھ مکالمہ شروع نہیں کر سکے گا اور اگر اسے فعال کر دیا جائے تو اس کی ذیل میں دو اختیارات ہیں، "فقط اراکین" اور "فقط زیر اقتدا اراکین"، ان میں سے مؤخر الذکر کو منتخب کرنے کی صورت میں آپ کے ساتھ مکالمے صرف وہ اراکین شروع کر سکتے ہیں جن کی اقتدا کر کے آپ نے انھیں اپنے حلقہ احباب میں شامل کر رکھا ہے۔ واضح رہے کہ یہ ترتیبات اراکین عملہ کو آپ کے ساتھ مکالمے شروع کرنے سے نہیں روک سکتے۔

اقتدا و مقتدی

اقتدا اور مقتدی در اصل سوشل نیٹورک پر "دوستی" کو اس کے دو اجزا میں توڑ کر پیش کرنے کی کوشش ہے۔ اس کے اپنے فوائد ہیں جو دو طرفہ دوستی کے پرانے ماڈل کے بعض مسائل کو کافی خوبصورتی سے حل کرتے ہیں۔ مثلاً کوئی بڑی شخصیت جسے روزآنہ ہزاروں کی تعداد میں دوستی کی درخواستیں موصول ہوتی ہوں وہ کیسے ان کی چھان پھٹک کرے کہ کن درخواستوں کو قبول کرنا ہے اور کن کو مسترد۔ لہٰذا یہ نیا طریقہ کار اس مسئلے کا حل یوں کرتا ہے کہ کوئی آپ کی اقتدا کرنا چاہے تو شوق سے کرے تا کہ آپ کی ہر عمومی فعالیت کی اطلاع ان کی فیڈ میں نمودار ہو، یہ ان کا حق ہے۔ لیکن ایسا کر کے وہ کسی طور خود کو آپ کا دوست ثابت نہیں کر سکتے اور نہ ہی آپ کو اپنا مقتدی بنانے پر مجبور کر سکتے ہیں۔ اس کی مثال ایسے ہی ہے کہ سیلیبریٹیز کو ان کے بے شمار فینز جانتے ہیں لیکن وہ اپنے فینز میں سے بہت کم لوگوں کو جانتے ہیں۔

راز داری کے اختیارات کی ذیل میں وہ لوگ شامل ہوں گے جن کی اقتدا آپ کرتے ہیں، نا کہ وہ لوگ جو آپ کی اقتدا کرتے ہیں۔ لہٰذا اگر آپ اپنے کوائف نامے میں پیغامات ارسال کرنے کو فقط ان تک محدود کر دیں جن کی اقتدا آپ کرتے ہیں تو پھر وہی لوگ آپ کے کوائف نامے میں کچھ لکھ سکیں گے جن کو آپ نے اپنے حلقہ احباب میں شامل کر رکھا ہوگا یعنی وہ جو آپ کی پروفائل کے صفحے پر "زیر اقتدا" والی فہرست میں نظر آ رہے ہیں، نہ کہ وہ جو "مقتدی" کی ذیل میں۔ حالانکہ ایسی قید لگانے پر آپ کی پروفائل میں ایسے لوگ بھی کچھ نہیں لکھ سکیں گے، بظاہر جن کے کچھ لکھنے سے آپ کو کوئی مسئلہ نہیں، الا یہ کہ آپ ان کی اقتدا کر کے ان کو اپنے حلقہ احباب میں شامل کر لیں۔

نظر انداز کرنا

محفل میں شامل ہر نوعیت کا مواد ہر کسی کے لیے مناسب ہو ایسا ضروری نہیں۔ گو کہ مختلف النوع آرا سے آگاہ رہنا سیکھنے کے عمل کا حصہ ہوتا ہے، مختلف معاملات میں دوسروں کا موقف سمجھنے میں بھی معاون ہوتا ہے، ضرورت محسوس کرنے پر اپنا موقف بیان کر کے مباحثے کو صحت مند انداز میں آگے لے جانے کا راستہ ہموار کرتا ہے، نیز رواداری اور برداشت کا دائرہ وسیع کرتا ہے۔ پھر بھی کسی مخصوص رکن، زمرے، یا لڑی کا مواد کسی کے لیے ناقابل برداشت ہو یا جدید مراسلوں کی فیڈ سے اپنی دلچسپی کے دائرے سے باہر کا مواد خارج کرنا مقصود ہو تو اس کے لیے مخصوص اراکین، زمروں، یا لڑیوں کو نظر انداز کرنے کا نظام بھی موجود ہے۔

ہمیں امید ہے کہ مذکورہ سہولیات، آلات، اختیارات، اور ترتیبات محفل میں آپ کی فعال، خوشگوار، اور تعمیری شرکت میں معاون ہوں گے۔ :) :) :)
 
ابن سعید بھائی یہ بھی بتائیے کہ نظرانداز کردہ رکن کو اس کے نظرانداز کئے جانے کی اطلاع ملتی ہے یانہیں؟؟ مثلاًً ہم اگر آپ کی مسلسل سہ بارہ مسکراہٹ سے تنگ آکر آپ کو نظر انداز کرنا چاہیں تو آپ کو اس کی خبر ہو گی یا نہیں ؟! اور اگر ہوگی تو اس میں دل آزاری کا کتنے فیصد امکان ہے ؟
:):):)
 
ابن سعید بھائی یہ بھی بتائیے کہ نظرانداز کردہ رکن کو اس کے نظرانداز کئے جانے کی اطلاع ملتی ہے یانہیں؟؟ مثلاًً ہم اگر آپ کی مسلسل سہ بارہ مسکراہٹ سے تنگ آکر آپ کو نظر انداز کرنا چاہیں تو آپ کو اس کی خبر ہو گی یا نہیں ؟! اور اگر ہوگی تو اس میں دل آزاری کا کتنے فیصد امکان ہے ؟
:):):)
ہمیں تو ایسی کوئی اطلاع نہیں ملی کہ آپ نے ہمیں نظر انداز کر رکھا ہے، اب یہ اور بات ہے اگر ہم خادمانہ اختیارات استعمال کر کے جاننے کی کوشش کر بیٹھیں۔ ویسے بھی جب آپ کو علم نہیں ہوا کہ آپ کے کتنے دشمنان نے آپ کو عرصہ سے نظر انداز کر رکھا ہے تو کسی اور کو کیونکر ہوگا؟ بہر کیف یہ تو مذاق کی ذیل میں تھا، ویسے کسی کو نظر انداز کرنے کی اطلاع موصول نہیں ہوتی ہے لہٰذا اس سہولت سے بلا تکلف استفادہ فرمائیں۔ :) :) :)

نوٹ: افسوس کی بات یہ ہے کہ آپ اراکین عملہ میں سے کسی کو (بشمول خادم) چاہ کر بھی نظر انداز نہیں کر سکتے۔ :) :) :)
 
اگر مجھے صحیح یاد پڑتا ہے تو اراکین عملہ بھی کسی کو نظرانداز نہیں کر سکتے۔
کر سکتے ہیں، لیکن انھیں کرنا نہیں چاہیے۔ اگر ہمیں ٹھیک سے وہ بات یاد ہے جب ہماری آپ سے اس بارے میں گفتگو ہوئی تھی تو قصہ کچھ یوں تھا کہ ہم نے آپ سے کہا تھا کہ گو کہ آپ ایسا کر سکتے ہیں پر نہ کریں تو بہتر ہو گا تا کہ لوگوں کی کاروائیوں پر نگاہ رکھ سکیں۔ یہ غالباً ان دنوں کی بات ہے جب آپ اراکین عملہ میں شامل تھے۔ :) :) :)
 
نوٹ: افسوس کی بات یہ ہے کہ آپ اراکین عملہ میں سے کسی کو (بشمول خادم) چاہ کر بھی نظر انداز نہیں کر سکتے۔ :) :) :)
تو پھر کیا فائدہ ہوا اس موئی سہولت کا !
خیر صاحب ، اللہ آپ کو خوش رکھے ۔ آپ یونہی سینہ تان کر دن دھاڑے مسکراتے پھریے ۔ کوئی روکنے والا نہیں آپ کو!
 
اس کا بھی علاج ہے! احتجاج کر کے ہمیں سرونٹ کوارٹر سے نکلوا پھینکیے، بس کام بن گیا سمجھیے! :) :) :)

اللہ نہ کرے سعود بھائی ! آپ اور اردو محفل تو لازم و ملزوم ہیں ۔ آپ نہ رہے تو یہ محفل اور ہم سب کہاں جائیں گے ۔ اللہ تعالیٰ آپ کو سلامت رکھے۔ آپ کے وقت اور توانائی میں برکت دے ۔ جس بے غرضی سے پسِ پردہ رہتے ہوئے آپ اردو کی یہ عظیم خدمت کر رہے ہیں اس کا صلہ کم از کم ہمارے پاس تو نہیں ۔ صرف دعا دے سکتے ہیں ۔ سو وہ دیتے رہتے ہیں ۔
اور آپ کی مسکراہٹوں کے تو ہم مقلد ہیں ۔ :):):)
 
اور آپ کی مسکراہٹوں کے تو ہم مقلد ہیں ۔ :):):)
ابھی تو امامت، اقتدا اور مقتدی کا قصہ تمام نہیں ہوا، آپ نے یہ مقلد اور غیر مقلد کا شوشہ مزید چھوڑ دیا۔ اس کے نتیجے میں پھیلنے والی بد نظمی کی پوری ذمہ داری آپ پر عائد ہوگی، ہم تو بری الذمہ ٹھہرے۔ :) :) :)
 
ابھی تو امامت، اقتدا اور مقتدی کا قصہ تمام نہیں ہوا، آپ نے یہ مقلد اور غیر مقلد کا شوشہ مزید چھوڑ دیا۔ اس کے نتیجے میں پھیلنے والی بد نظمی کی پوری ذمہ داری آپ پر عائد ہوگی، ہم تو بری الذمہ ٹھہرے۔ :) :) :)
ہماری تو دعا ہے کہ یہ ابتسام والی بیماری چھوت چھات کی طرح پوری محفل میں پھیل جائے ۔ ہم اس عارضے کا الزام آپ پر لگانے کے لئے بالکل تیار ہیں ۔ ہمیں امید ہے کہ اردو محفل کی امت بالاجماع اس کا ذمہ دار آپ ہی کو ٹھہرائے گی ۔ :):):)
 

لاریب مرزا

محفلین
جہاں اس لڑی کی مدد سے پرانے محفلین کے بہت سے ابہام ختم ہوئے ہیں۔ اسی طرح یہ نو وارد محفلین کے لیے بے حد معلوماتی لڑی ہے۔
 

اے خان

محفلین
محفل میں ایک دوسرے کے خلاف پوسٹس کرنا کے فلاں ایسا ہے فلاں ویساہے۔ تو پوسٹس کے بجائے اس فلاں کو نظر انداز کر دے تو قصّہ ہی ختم ہوجائے گا۔
کس فساد کی بات کر رہے ہیں اے خان بھائی؟؟
پچھلے دو تین دنو ں میں دو تین باعزت محفلین کی درمیان جو ہوا تھا ۔اس کی بات کر رہا ہوں۔
 

لاریب مرزا

محفلین
محفل میں ایک دوسرے کے خلاف پوسٹس کرنا کے فلاں ایسا ہے فلاں ویساہے۔ تو پوسٹس کے بجائے اس فلاں کو نظر انداز کر دے تو قصّہ ہی ختم ہوجائے گا۔

پچھلے دو تین دنو ں میں دو تین باعزت محفلین کی درمیان جو ہوا تھا ۔اس کی بات کر رہا ہوں۔

ارے بھائی!! محفل پر اس طرح کا اختلاف رائے چلتا رہتا ہے۔ اور بہتر ہو گا کہ اس دھاگے میں ہم متعلقہ موضوع پر گفتگو کریں۔ اور اس قسم کی باتوں سے گریز کریں۔ :)
دو تین باعزت محفلین
 
Top