دوسری سالگرہ محفل فورم کی دوسری سالگرہ کی مبارکباد!

نبیل

تکنیکی معاون
عزیز دوستو، السلام علیکم

الحمداللہ آج محفل فورم کا آغاز ہوئے دوسال مکمل ہو گئے ہیں۔ میری جانب سے آپ سب کو اس موقعے پر دلی مبارکباد قبول ہو۔ اللہ کے فضل سے اس سال بھی ہمارا اردو کی ترویج کا سفر جاری رہا اور اس کے دوران ہم نے کئی اہم سنگ میل عبور کیے۔ اردو محفل فورم نہ صرف انٹرنیٹ کی پہلی مکمل اردو فورم ہے بلکہ یہ تحریری اردو کی دنیا کی مقبول ترین فورم بھی ہے اور اس کامیابی کا کریڈٹ آپ دوستوں کو جاتا ہے جن کی اردو سے محبت اور اس فورم سے وابستگی کی بدولت محفل فورم مقبولیت کا سفر روز افزوں طے کر رہی ہے۔ میں چند ذاتی وجوہ کی بناء پر اگرچہ فورم پر عام گپ شپ میں فعال نہیں رہا ہوں لیکن اس سے فورم کی ڈیویلپمنٹ اور دوسرے سوفٹویر پراجیکٹس پر فرق نہیں پڑا بلکہ ہم نے پہلے سال کی نسبت کہیں زیادہ سوفٹویر ریلیز کیے۔ اردو ویب کے دوسرے اہم پراجیکٹس جیسے کہ لائبریری پراجیکٹ اور اردو لوکلائزیشن پراجیکٹ پر بھی کام جاری رہا۔ یہ پراجیکٹس ارکان محفل کے اپنے initiative سے جاری رہے اور ان میں میری اور دوسرے منتظمین کی مداخلت کم ہی رہی۔ بہتر یہ ہوگا اگر ان پراجیکٹس کی پیشرفت پر خود ان کے ذمہ دار افراد کی جانب سے کوئی پوسٹ کی جائے۔ شگفتہ اور قیصرانی کو گزشتہ سال میں لائبریری پراجیکٹ پر ہونے والے کام کا ایک جائزہ پیش کرنا چاہیے۔

محفل فورم قائم ہونے کے دو سال کے بعد اس پر ڈیڑھ لاکھ سے اوپر پوسٹس ہوئی ہیں اور اس کے مندرج صارفین کی تعداد 1200 کے قریب پہنچ گئی ہے۔ میری دانست میں اب وقت آ گیا ہے کہ محفل فورم کو ایک بہتر سائٹ کی شکل دے دی جائے۔ محفل فورم کی وی بلیٹن سوفٹویر پر مائگریشن اسی جانب پہلا قدم ہوگا۔ ایک مرتبہ محفل فورم کا وی بلیٹن پر آپریشن سٹیبل ہو جاتا ہے تو ہم اس میں وقفے وقفے سے مفید فیچرز کا اضافہ کرتے رہیں گے۔ اس کے علاوہ میں فورم پر نئے اور دلچسپ زمرہ جات کے اضافے کا ارادہ بھی رکھتا ہوں۔ اس کے علاوہ میں فورم پر بکھری ہوئی انفارمیشن کو بہتر طور پر منظم بھی کرنا چاہتا ہوں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہی میں اردو ویب اور محفل فورم کی باقاعدہ تشہیر شروع کرنے کا ارادہ بھی رکھتا ہوں۔ میرے اور بھی ارادے اور منصوبے ہیں۔ میں وقت ملنے پر ان پر عملدرآمد کرنے کی کوشش کرتا رہوں گا۔

گزشتہ ایک سال کے دوران اردو ویب پر جاری سوفٹویر پراجیکٹس کے ساتھ ساتھ دوسری ویب سائٹس پر بھی اردو کے لیے بہت مفید کام ہوا ہے۔ شارق مستقیم نے پن بی بی کا اردو ورژن تیار کیا اور ایک اوپن سورس ان پیج ٹو یونیکوڈ کنورٹر لکھا۔ نعمان نے ورڈبینک اطلاقیہ لکھا جبکہ اردو ہوم پر پردیسی نے ورڈپریس کی بہت اچھی تھیمز کی اردو کسٹمائزیشن کی۔ اردو ہوم کی اردو بلاگ ہوسٹنگ سروس کی بدولت اردو بلاگرز کو ایک نیا گھر میسر آ گیا۔ اس کے علاوہ عبدالرحمن نے وی بلیٹن کا اردو ترجمہ کیا اور باسم نے بھی منی بی بی فورم سوفٹویر کا اردو ورژن تیار کیا۔ محمد علی مکی اردو کمپیوٹنگ کے سین پر ایک دھماکے کے ساتھ نمودار ہوئے اور انہوں نے تھوڑے ہی عرصے میں اردو کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ خاص‌طور پر فری فورم ہوسٹس پر اردو پی ایچ پی بی بی ٹمپلیٹس کی شمولیت ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا سکتا ہے۔

اردو ویب پر نئے پراجیکٹس اور ریلیز ہونے والے سوفٹویر کے ساتھ ساتھ کام بھی بڑھتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے میرے لیے ان سوفٹویر کی سپورٹ فراہم کرنا بھی مشکل ہو رہا ہے۔ ان سوفٹویر کو مزید بہتر بنانے اور ان کی خامیوں کو دور کرنے کے لیے ہمیں مزید افرادی قوت کی ضرورت پڑتی رہے گی۔ میں امید کرتا ہوں کہ ان پراجیکٹس کو سنبھالنے کے لیے لوگ سامنے آئیں گے جو کہ ان پراجیکٹس کی بقاء اور ارتقاء کے لیے اشد ضروری ہے۔

محفل فورم چلانا اور اس میں بہتری لانا ہمیشہ ایک تکنیکی چیلنج رہا ہے۔گزشتہ سال نومبر میں جو اپگریڈ کی گئی تھی اس پر کئی ماہ تک کام جاری رہا تھا۔ دراصل کٹیگری موڈ کے ورژن کا نیا ورژن آ گیا تھا اور اس کے استعمال سے باقی موڈز نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ لہذا مجھے خود سے ان موڈز کو کمپیٹیبل بنانا پڑا۔ محفل فورم کو وی بلیٹن پر لانا بھی ایسا ہی ایک تکنیکی چیلنج ہے۔ اللہ کا شکر ہے ہم ان چیلنجز کا بخوبی مقابلہ کرتے آئے ہیں۔ مجھے اس سلسلے میں زکریا کا تعاون اور ان کی رہنمائی حاصل رہی ہے۔ زکریا ہی اردو ویب کا انفراسٹرکچر سنبھالے ہوئے ہیں۔ آصف اگرچہ فورم پر زیادہ فعال نہیں ہیں لیکن وہ فورم کے مزاج کا تعین کرنے میں اثر انداز ضرور ہوتے ہیں۔ میں اپنے دوستوں اور محفل فورم کے ناظمین خاص منصور قیصرانی اور شمشاد بھائی کا بھی ان کی فعال نظامت کا شکریہ ادا کروں گا۔

میں ایک مرتبہ پھر آپ سب دوستوں کو اس موقعے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ آپ کی اردو ویب اور محفل فورم سے وابستگی اسی طرح باقی رہے اور اردو کی ترویج کا کارواں یونہی چلتا رہے۔

والسلام
 

ساجداقبال

محفلین
میری طرف سے محفل کی دوسری سالگرہ کے موقع پر تمام اراکین اور منتظمین خاص کر نبیل ، زکریا اور آصف کو بہت بہت مبارکباد۔
 
نبیل تمہارے اس خطبہ کا بے چینی سے انتظار تھا اور واقعی احباب نے گراں قدر کام کیا ہے اور بہت سے نئے راستے وا ہوئے جس پر چلتے ہوئے کئی لوگوں نے ہمت کی اور نئے محاذوں پر کام کیا جس پر انہیں اپنی طرف سے ایک تجزیہ اور تفصیلی جائزہ پیش کرنا چاہیے۔ لائبریری کے حوالے سے شگفتہ اور قیصرانی کے بھرپور تجزیے اور جائزے کا انتظار رہے گا۔ میں کوشش کروں گا کہ لغت کے سلسلے میں ہونے والی کاوشوں کا تجزیہ اور آئیندہ کا لائحہ عمل پیش کر سکوں۔

اس کے علاوہ قدیر کو پی ایچ پی کے ترجمے ، شارق ، باسم ، عبدالرحمن اور دیگر تمام افراد جنہوں نے مختلف کام انجام دیے انہیں ایک تجزیہ پیش کرنا چاہیے تاکہ ان سب کو یکجا کیا جا سکے اور اردو کی انٹرنیٹ پر ترقی کا جائزہ لیا جا سکے۔ اردو کا ایک اور سنگ میل اردو وکیپیڈیا بھی ہے جہاں پر 6000 تحقیقی مضامین ہیں اور محفل پر وہاں سے اور محفل سے وہاں پر معلومات کا تبادلہ خیال ہوتا رہتا ہے۔ یہ بھی ایک انتہائی اہم پراجیکٹ ہے اور اس کے لیے بھی اردو محفل سے بہت سے مضامین تیار کیے جا سکتے ہیں جس پر ابو شامل کافی متحرک ہیں اور جیسبادی گاہے گاہے یاد دلاتے رہتے ہیں۔ جیسبادی اردو محفل کے اولین صارفین میں سے ہیں اور اردو وکیپیڈیا کے بانیان میں بھی۔ انشاءللہ ترقی کا یہ سفر جاری و ساری رہے گا۔

میری طرف سے نبیل اور منتظمین کو خصوصی مبارکباد اور تمام دوست جنہوں نے اس ترقی میں اپنا حصہ ڈالا۔
 

قیصرانی

لائبریرین
سب دوستوں کو اور بالخصوص ایڈمن کو بہت بہت مبارکباد

لائبریری کے سلسلے میں‌ اپ ڈیٹ کے لئے میری رائے یہ ہے کہ باس صاحبہ کا انتظار کر لیا جائے :)
 

فرحت کیانی

لائبریرین
rose.gif
مبروک
rose.gif
 

فہیم

لائبریرین
تمام ممبران خاص طور پر ایڈمنز کو
اردو محفل کی دوسری سالگرہ
بہت بہت مبارک ہو
 

سارہ خان

محفلین
محفل کے تمام اراکین اور انتظامیہ کہ محفل کی دوسری سالگرہ بہت بہت مبارک ۔۔۔

چمکتا رہے ہمیشہ تیرے مقدر کا ستارہ
میری آب سے بڑھ کر تیری تاب سے زیادہ

animated+mickey+happy+birthday.gif
 

شمشاد

لائبریرین
آپ سبکو اور مجھے بھی اردو محفل کی دوسری سالگرہ کی بہت بہت مبارک ہو۔

اور جو میں نے پہلے پیغام لکھا تھا وہ کیا ہوا؟ کیا وہ کوئی اور دھاگہ تھا؟
 

شمشاد

لائبریرین
میں بھی کہوں میں نے ڈھونڈ ڈھونڈ کے اتنے سارے اراکین کے نام لکھے تھے، وہ خط کیا ہوا؟
 

نبیل

تکنیکی معاون
بہت شکریہ فرزانہ۔ مجھے خوشی ہوئی ہے کہ آپ بھی ہماری خوشیوں میں شامل ہیں۔ :)
 

F@rzana

محفلین
“بھی“ ؟؟؟؟

نبیل، میں یہاں ہونے والی “ تو تو میں میں “ سے گھبرا کے “غائب الذی “ ہو جاتی ہوں اور تو کوئی بات نہیں :roll:
 

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
السلام علیکم

ہم سب کو اردو محفل کی دوسری سالگرہ کی دلی مبارک باد !

اتنی محنت سے تقریر یاد کی تھی میں جشن کے لئے۔۔۔ پر یہ انٹرنیٹ۔۔۔ ابھی بھی اتنی کم اسپیڈ اس کی :( کسی نے نظر تو نہیں لگائی تھی ناں ادھر :)
 

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
نبیل نے کہا:
اردو ویب کے دوسرے اہم پراجیکٹس جیسے کہ لائبریری پراجیکٹ اور اردو لوکلائزیشن پراجیکٹ پر بھی کام جاری رہا۔ یہ پراجیکٹس ارکان محفل کے اپنے initiative سے جاری رہے اور ان میں میری اور دوسرے منتظمین کی مداخلت کم ہی رہی۔ بہتر یہ ہوگا اگر ان پراجیکٹس کی پیشرفت پر خود ان کے ذمہ دار افراد کی جانب سے کوئی پوسٹ کی جائے۔ شگفتہ اور قیصرانی کو گزشتہ سال میں لائبریری پراجیکٹ پر ہونے والے کام کا ایک جائزہ پیش کرنا چاہیے۔

والسلام

بالکل نبیل بھائی۔۔۔ جشن کے آغاز کے لئے تیاری تو انٹر نیٹ کی نظر ہوگئی امید ہے اب اختتام تک انٹرنیٹ ساتھ دے گا۔
 
Top