تیسری سالگرہ محفل فورم کی تیسری سالگرہ کے موقعے پر!

نبیل

تکنیکی معاون
عزیز دوستو، السلام علیکم

آپ سب کو میری جانب سے محفل فورم کی تیسری سالگرہ کی دلی مبارکباد قبول ہو۔ الحمداللہ اس سال بھی ہمارا اردو کی ترویج کا سفر کامیابی سے جاری رہا ہے اور پہلے کی طرح کئی پراجیکٹس پر کام مکمل ہوا اور کئی نئے پراجیکٹس پر کام شروع کیا گیا۔ میری نظر میں اردو ویب کی اصل خصوصیت یہاں پر اردو سے محبت کرنے والے با صلاحیت افراد کا اکٹھا ہونا ہے۔ ان میں سوفٹویر ڈیویلوپرز سے لے گرافک آرٹ کے ماہرین شامل ہیں، اور سبھی اردو کے فروغ میں اپنا حصہ ڈال رہے۔

گزشتہ سال کی ایک خاص بات محفل فورم پر ایک معقول تعداد میں شعروادب کا نفیس ذوق رکھنے والے خواتین و حضرات کا اکٹھا ہونا بھی ہے۔ اور ان کی یہاں موجودگی اس فورم پر مزید شاعر اور ادیب حضرات کی آمد کا باعث بھی بن رہی ہے۔ اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے اس سال بہترین شاعر کا انتخاب عام رائے شماری سے کرنے کی بجائے اس کے لیے ایک پینل تشکیل دیا اور اسی پینل کی مشاورت سے اس کا فیصلہ کیا گیا۔ اس مشاورت کے دوران ہم نے طے کیا ہے کہ آئندہ اس سلسلے کو مستقل بنیادوں پر چلایا جائے گا جس میں باقاعدگی سے بہترین تحاریر کا انتخاب کیا جائے گا اور اس انتخاب کو صفحہ اول پر نمایاں جگہ دی جائے گی۔ ابھی یہ صرف آئیڈیا ہے اور اس کو رو بہ عمل لانے کے لیے تکنیکی تفصیلات طے کرنی کی ضرورت باقی ہے۔ اسی آئیڈیا کو میں نے دوسرے زمرہ جات پر استعمال کرنے کے بارے میں بھی سوچا ہے۔ بہترین شاعری کی طرح بہترین آئی ٹی ٹیوٹوریل، بہترین سوفٹویر شئیرنگ وغیرہ کے سلسلے بھی شروع کیے جانے چاہییں۔ لیکن اس کے لیے مجھے ناظمین کا تعاون درکار ہوگا اور ان کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی اس کی تفصیلات طے کی جائیں گی۔

اردو لائبریری پراجیکٹ بلاشبہ اردو ویب کا prestige پراجیکٹ‌ ہے، اور آج یہ پراجیکٹ جس مقام پر ہے وہ اس پراجیکٹ کی لیڈر کی غیر معمولی صلاحیتوں اور ان کی ٹیم کی انتھک اور بے غرض محنت کا ثبوت ہے۔ لائبریری پراجیکٹ کے بارے میں بہت عرصے سے شکایت رہی ہے کہ اس پر اب تک کے شامل کیے گئے مواد کی نیویگیشن اور پریزینٹیشن غیر تسلی بخش ہے۔ لائبریری سائٹ کا استعمال بھی ابھی تک صحیح معنوں میں رواج نہیں پا سکا ہے کیونکہ اکثر دوست وکی مارک اپ استعمال کرنے میں دقت محسوس کرتے ہیں۔ میں نے سوچا ہے کہ آئندہ لائبریری پراجیکٹ کے مختلف پہلوؤں کو بھی صفحہ اول پر نمائندگی دی جائے جیسے کہ فیچر کتابیں جو مکمل ہو چکی ہیں یا جن کتابوں کے برقیانے پر کام چل رہا ہے ان پر کام کی پراگریس کو پراگریس بار کے ذریعے دکھایا جائے۔ میں نے لائبریری پراجیکٹ کی لیڈر شگفتہ کو یہ تجویز بھی پیش کی تھی کہ لائبریری پراجیکٹ کے اگلے سال ٹارگٹس مقرر کر لیے جائیں جن میں طے کیا جائے کہ آنے والے سال میں کس کس زمرہ کی کتابوں کو برقیانے کا کام کیا جانا چاہیے اور اس کے بعد ان زمرہ جات میں سے کاپی رائٹ فری مواد کا انتخاب کیا جائے جس کے برقیانے پر کام کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ لائبریری ٹیم میں بہتر رابطے کی ضرورت بھی موجود ہے۔ میں نے اس مقصد کے لیے کچھ پرائیویٹ فورم تشکیل دیے ہیں اور میں نے لائبریری پراجیکٹ کی انتظامیہ سے گزارش کی ہے وہ مہینے میں کم از کم ایک مرتبہ میٹنگ کال کرکے اس پراجیکٹ کے سلسلے میں مشاورت کیا کریں۔

ابھی تک محفل فورم کا تشخص بنیادی طور پر اردو کمپیوٹنگ کے فروغ کے لیے کمیونٹی ویب سائٹ‌ کا ہے۔ اس کے علاوہ اس پر شعروادب کے زمرہ جات ہیں اور کچھ زمرہ جات عوامی رائے عامہ کے اظہار کا ذریعہ بھی ہیں۔ میری خواہش ہے کہ یہاں پر عام تعلیم اور بالخصوص آئی ٹی ایجوکیشن کے لیے بھی کام کیا جائے، لیکن اس کے لیے کافی منصوبہ بندی اور تیاری کی ضرورت ہے۔ کچھ عرصہ قبل میں نے کورس وئیر موڈل سوفٹویر کی اردو لوکلائزیشن کے کام کا آغاز کیا تھا، اس کے پیچھے یہی سوچ کار فرما تھی۔ میں انشاءاللہ جلد اس پراجیکٹ کو دوبارہ آگے بڑھاؤں گا۔ اردو کمپیوٹنگ کے فروغ کی سرگرمیوں کا دائرہ اب دوسری ویب سائٹس تک بھی پھیل گیا ہے۔ اس کی ایک مثال القلم پر اردو فونٹ ڈیویلپمنٹ اور پی ایچ پی بی بی 3 کے اردو پیکج کی تیاری ہے۔

آخر میں اپنے رفقاء کار کے تعاون کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ سب سے پہلے زکریا کا شکریہ جو اپنی بے پناہ مصروفیت کے باوجود فورم کا انتظام چلانے کے لیے وقت نکال لیتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر ہمیشہ رہنمائی کے لیے موجود رہتے ہیں۔ شمشاد بھائی، ماوراء، قیصرانی اور دوسرے تمام ناظمین کا بھی ان کی فعال نظامت کے لیے شکریہ۔ اور ان تمام دوستوں کا بھی دل کی گہرائیوں سے شکریہ جنہوں نے محفل فورم کی سالگرہ کی اتنی محبت اور محنت سے تیاری کی۔ ماوراء تو لگتا ہے کہ اپنی سالگرہ منا رہی ہیں۔ :) ابوشامل اور محمد کاشف مجید نے جس محنت سے مختلف گرافکس کی تیاری کا کام کیا ہے وہ یقیناً دل کو چھو لینے والی ہے۔ اللہ تعالی انہیں جزائے خیر عطا فرمائے۔ اور میری اللہ تعالی سے دعا ہے کہ یہ محفل سدا یونہی سجی رہے۔ آمین۔

ذیل میں محفل فورم کی پہلی اور دوسری سالگرہ کے موقعے پر میری تحاریر کے روابط ہیں۔


آپ سب کو محفل فورم کی پہلی سالگرہ مبارک
محفل فورم کی دوسری سالگرہ کی مبارکباد!

والسلام
 

خرم

محفلین
نبیل بھائی آپکی لائبریری کے کارکنان کی ماہانہ نشست کا خیال بہت عمدہ ہے۔ اس سے یقیناَ مجھ ایسے سست لوگوں کو کام کی تحریک ہوگی اور مقاصد کا تعین اور حصول زیادہ بہتر طریق سے ممکن ہو سکے گا۔
 

زیک

مسافر
آپ سب کو اردوویب کی تیسری سالگرہ مبارک ہو۔

جی ہاں اردوویب کا آغاز جون 2005 میں ہوا تھا۔ محفل اس کے 6 دن بعد وجود میں آئ۔ کچھ پراجیکٹ پہلے سے موجود تھے اور انہیں اردوویب پر منتقل کیا گیا۔ اردوویب بلاگ 27 جنوری 2005 کو شروع ہوا اور اردو سیارہ کا آغاز31 مارچ 2005 کو ہوا۔ اردو وکی کو 28 جنوری 2005 کو آصف نے شروع کیا تھا۔

پچھلے ایک سال میں اردوویب پر 145 ممالک سے لوگوں نے وزٹ کیا۔ ان میں سے سب سے زیادہ ان دس ممالک کے تھے:

1۔ پاکستان
2۔ امریکہ
3۔ برطانیہ
4۔ سعودیہ
5۔ جرمنی
6۔ متحدہ عرب امارات
7۔ ایران
8۔ انڈیا
9۔ جنوبی کوریا
10۔ کینیڈا

امید ہے کہ آنے والے دنوں میں اردوویب پر قائم ہونے والی کمیونٹی مزید بڑھے گی۔
 

ماوراء

محفلین
نبیل بھائی، مجھ سے تو قسمت نے پتہ نہیں کس چیز کا بدلا لیا ہے۔۔۔کہ ادھر سالگرہ شروع ہو رہی تھی تو میرا نیٹ خراب ہوا۔ اور ابھی دوبارہ فون کرنے پر پتہ چلا ہے کہ دس جولائی کو ٹھیک ہو گا۔ غور کریں۔۔ عین ان دنوں میں جب سالگرہ کا جشن ختم ہو رہا ہو گا۔:) :)

ابھی تو شگفتہ، حجاب، سارہ سے مل کر بہت کچھ مزید کرنا تھا۔۔ لیکن میرا کسی سے رابطہ ہی نہیں ہو سکا۔ لیکن خدا کا شکر ہے کہ محفل تک رسائی ممکن ہو رہی ہے۔
 

حجاب

محفلین
ماورا ء کتنی ساری باتیں کرنی ہیں تم سے :rolleyes: سارہ بھی کہہ رہی تھی کتنے سارے مشورے کرنے تھے :(
 

تعبیر

محفلین
تالیاں تالیاں

نبیل آپ کیا بس سالگرہ کے دن ہی بولتے ہیں :eek: :grin:


ماوراء ہا آپکا نیٹ ابھی تک ٹھیک نہیں ہوا۔ یہ تو روز بروز لیٹ ہی ہوتا جا رہا ہے :(

کوئی دھمکی شمکی دے نا انہیں
 

نبیل

تکنیکی معاون
شکریہ تعبیر۔ بس ایک دن قوم سے خطاب کا بھی ہونا چاہیے۔ :grin:
ماوراء، ہم آپ کا انٹرنیٹ ٹھیک ہونے کا انتظار کرتے رہیں گے۔ آپ فکر نہ کریں۔
 

تعبیر

محفلین
شکریہ تعبیر۔ بس ایک دن قوم سے خطاب کا بھی ہونا چاہیے۔ :grin:
ماوراء، ہم آپ کا انٹرنیٹ ٹھیک ہونے کا انتظار کرتے رہیں گے۔ آپ فکر نہ کریں۔

ایک دن ہی کیوں یہ قوم تو روز روز بھی خطاب سن کر بور نہیں ہوگی سچیییییی اور نہ ہی چینل تبدیل کریگی :grin: سچی مچی
 
ایک دن ہی کیوں یہ قوم تو روز روز بھی خطاب سن کر بور نہیں ہوگی سچیییییی اور نہ ہی چینل تبدیل کریگی :grin: سچی مچی

چلیں ہم اسی پر شکر گزار ہیں کہ سال کم از کم ایک بار ہی ان کا خطاب ہو تو جاتا ہے۔ صدرِ پاکستان تو کئی سالوں تک پارلیمنٹ سے خطاب کرنے کے بجائے فرار ہیں۔ :grin:
 

محمد وارث

لائبریرین
شکریہ نبیل، میں اس پر مسرت موقعے پر آپ، زیک، محفل کے دیگر منتظمین اور سب اراکین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

اردو محفل واقعی ترقی کر رہی ہے اور یہ بہت خوش آئند بات ہے، اردو محفل کا طرۂ امتیاز میرے خیال میں اس کا بلند معیار ہے، کوئی سا بھی زمرہ اٹھا کر دیکھ لیں ہر جگہ اعلٰی پائے کا کام ملے گا اور کسی بھی معیار کے عین مطابق، اور یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ معیار سے کم کام اردو محفل پر نہ قبول ہوتا ہے اور نہ مقبول۔


گزشتہ سال کی ایک خاص بات محفل فورم پر ایک معقول تعداد میں شعروادب کا نفیس ذوق رکھنے والے خواتین و حضرات کا اکٹھا ہونا بھی ہے۔ اور ان کی یہاں موجودگی اس فورم پر مزید شاعر اور ادیب حضرات کی آمد کا باعث بھی بن رہی ہے۔ اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے اس سال بہترین شاعر کا انتخاب عام رائے شماری سے کرنے کی بجائے اس کے لیے ایک پینل تشکیل دیا اور اسی پینل کی مشاورت سے اس کا فیصلہ کیا گیا۔ اس مشاورت کے دوران ہم نے طے کیا ہے کہ آئندہ اس سلسلے کو مستقل بنیادوں پر چلایا جائے گا جس میں باقاعدگی سے بہترین تحاریر کا انتخاب کیا جائے گا اور اس انتخاب کو صفحہ اول پر نمایاں جگہ دی جائے گی۔ ابھی یہ صرف آئیڈیا ہے اور اس کو رو بہ عمل لانے کے لیے تکنیکی تفصیلات طے کرنی کی ضرورت باقی ہے۔


یہ بالکل صحیح کہا ہے آپ نے، اردو محفل پر اس وقت جتنے سخن شناس، سخن فہم اور سخنور خواتین و حضرات جمع ہیں شاید ہی کسی اور فورم پر ہوں۔ 'آپ کی شاعری' 'آپ کی تحریریں' اور 'پسندیدہ کلام' محفل کے مقبول ترین زمرہ جات میں سے ہیں، اور پھر اپنی بات دہراؤنگا کہ 'معیار' ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔

آپ کی تجویز بھی بہت شاندار ہے، اس طرح سے نہ صرف ہمیں شعرائے کرام کا تازہ کلام پڑھنے کو ملے گا بلکہ معیار بھی یقیناً اور بلند ہوگا۔ اس سلسلے میں میرا مکمل تعاون آپ کو حاصل رہے گا۔

والسلام
 

فرحت کیانی

لائبریرین
السلام علیکم
میری طرف سے بھی ایک بار پھر ہم سب کو اردو محفل کی تیسری سالگرہ مبارک۔
نئے پلانز واقعی بہت خوش کن ہیں اور امید ہے کہ اگلے سال محفل کی چوتھی سالگرہ تک یہ منصوبے کامیابی کی طرف گامزن ہوں گے۔ انشاءاللہ
خصوصاً لائبریری کے حوالے سے جن پہلوؤں کو ہائی لائٹ کیا گیا ہے وہ واقعی بہت اہم ہیں۔ میں بھی کافی عرصے سے یہ کہنا چاہ رہی تھی کہ اگر ممکن ہو تو اردو لائبریری پراجیکٹ کے بارے میں تمام بنیادی معلومات اگر ایک جگہ پر اکٹھی کر دی جائیں تو نئے ٹیم ممبرز کے کے لئے پراجیکٹ کو سمجھنا مزید آسان ہو جائے گا۔ جیسے تکمیل شدہ اور زیرِتکمیل منصوبوں کی اپ ٹو ڈیٹ لسٹ۔ ٹائپنگ اور پروف ریڈنگ کے بنیادی اصول، اردو لائبریری کے بارے میں تفصیلی معلومات۔ ویسے تو یہ سب کچھ کسی نہ کسی صورت میں محفل پر موجود ہی ہے لیکن اگر ٹو دا پوائنٹ معلومات کے لئے ایک مخصوص سیکشن ہو تو کم کم آنے والے اور نئے ٹیم ممبرز دونوں کے لئے آسانی ہو جائے گی۔ مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ یہ ساری باتیں پہلے ہی انتظامیہ کی ٹو ڈو لسٹ میں شامل ہیں۔ :)
شگفتہ آپ جلدی سے میٹنگ بلائیں ناں۔۔میرے پاس ایک دو تجاویز ہیں ہوسکتا ہے آپ کو قابلِ عمل لگیں۔

ایک بار پھر تمام اہلیانِ محفل کو محفل کی سالگرہ مبارک اور آنے والے سال میں کامیابیوں کے لئے نیک خواہشات
 

ابوشامل

محفلین
مجھے بہت افسوس ہے کہ محفل کی تیسری سالگرہ جیسے اہم موقع پر میں غیر حاضر تھا۔ لیکن اس تاریخی موقع پر ہیڈر کی تنصیب غیر حاضری میں تمام احباب کو میری موجودگی کا احساس دلاتی رہی ہوگی۔
اس حقیر سی کاوش کی پسندیدگی پر میں تمام احباب خصوصاً نبیل بھائی کامشکور ہوں جنہوں نے اسے شرفِ قبولیت بخشا۔ مستقبل میں بھی اردو محفل کے لیے اپنی بساط کے مطابق خدمات انجام دینے کے لیے تیار ہوں۔
 
Top