محفل اسٹاف میں تبدیلیاں

محمد وارث

لائبریرین
السلام علیکم دوستو،

ہماری اس پیاری اردو محفل کی ساتویں سالگرہ کے موقع پر یہ خاکسار محفل کے منتظمین کی طرف سے ایک اہم اعلان لے کر آپ کی خدمت میں حاضر ہوا ہے اور سر نامے سے آپ کچھ کچھ سمجھ ہی گئے ہونگے۔

جی ہاں محفل کے اسٹاف میں کچھ تبدیلیاں کی جا چکی ہیں اور اب یہ خاکسار باضابطہ طور پر آپ سب کو اسی کی اطلاع دے رہا ہے۔

مدیرانِ اعلیٰ یعنی سُپر موڈریٹرز
مجھے انتہائی خوشی ہو رہی ہے یہ بتاتے ہوئے کہ محفل ناظمین نے مقدس اور ساجد کو ان کے عہدوں پر ترقی دیتے ہوئے اور ان کے اختیارارت میں اضافہ کرتے ہوئے ان دونوں کو محفل کے مدیرانِ اعلیٰ کے عہدوں پر فائز کیا ہے۔ اس سے پہلے مقدس بہن لائبریری کی مدیر تھیں جب کہ محترمی ساجد صاحب حالاتِ حاضرہ اور سیاست و مذہب کے زمرہ جات کے مدیر تھے جب کہ اب دونوں احباب مدیرانِ اعلیٰ ہونگے اور یوں محفل کے تمام زمرہ جات کی ادارت کر سکیں گے۔

مقدس اور ساجد دونوں کے متعلق کیا کہوں، جو احباب اردو محفل پر مستقل حاضری دیتے ہیں وہ جانتے ہی ہیں کہ مقدس کی آمد سے محفل خاص طور پر متحرک ہوئی بالخصوص لائبریری کے زمروں میں ایک طرح سے نئی جان پڑ گئی ہے، اور اس ماہِ سالگرہ کے دوران آپ کو اس کے متعلق مزید علم ہو جائے گا۔

ساجد صاحب نے پچھلے چند ماہ میں یعنی جب سے وہ اردو محفل کے موڈریٹر بنے ہیں اپنی صلاحیتوں سے سب ہی کو متاثر کیا ہے اور مذہب اور سیاست اور حالاتِ حاضرہ کے زمرہ جات میں اپنے فرائض انتہائی خوبصورتی اور خوش اسلوبی سے انجام دے رہے ہیں۔

لہذا منتظمین نے فیصلہ کیا ہے کہ ان دونوں دوستوں کو مزید ذمہ داریاں دی جائیں اور کیوں نہ دی جائیں، جب بہترین صلاحیتوں کے مالک احباب سے زیادہ فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے تو ضرور حاصل کرنا چاہیے۔

اردو محفل، اردو محفل کے منتظمین اور میری جانب سے مقدس اور ساجد دونوں کو یہ نئے عہدے اور ذمہ داریاں بہت مبارک ہوں۔

محفلِ ادب کے نئے مدیر
اردو محفل کی محفلِ ادب ایک طرح سے اردو محفل کا طرہٴ امتیاز ہے۔ جتنا خوبصورت کلام یہاں جمع ہے اور نئے شعرا کے کلام پر جیسی اور جتنی اہم اصلاح یہاں دی جاتی ہے ویب کی دنیا میں یقیناً کہیں بھی نہیں ہے۔ اور محفلِ ادب کے اس خصوصی امتیاز کو برقرار رکھنے کیلیے ضروری تھا کہ یہاں ایک متحرک اور فعال مدیر بھی ہو۔

لہذا محفل انتظامیہ نے جناب محمد خلیل الرحمٰن صاحب کو محفلِ ادب کا نیا مدیر مقرر کیا ہے۔

خلیل صاحب کی صلاحیتیں بھی کسی سے چھپی ہوئی نہیں ہیں، آپ جہاں ایک طرح اپنے نمکین کلام سے محفل میں شیرینیاں بانٹتے نظر آتے ہیں وہیں دوسری طرف ایک انتہائی سنجیدہ، بردبار اور وسیع المطالعہ شخص بھی ہیں اور مجھے پورا یقین ہے کہ انکی آمد سے محفلِ ادب میں نئی روح پھونکی جائے گی۔

اردو محفل، اردو محفل کے منتظمین اور میری جانب سے جناب خلیل صاحب کو محفلِ ادب کی ادارت بہت مبارک ہو۔

آخر میں ایک بار پھر تینوں دوستوں کو سب کی طرف سے اور اپنی طرف سے دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ تینوں دوست اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے اپنے فرائض خوش اسلوبی سے انجام دیں گے اور ہماری اس پیاری محفل کی بہتری کیلیے کام کرتے رہیں گے۔

والسلام
 

محمداحمد

لائبریرین
بہت خوب! وارث بھائی بہت اچھی خبر سنائی آپ نے۔

اردو محفل کے جملہ مدیران اپنے قیمتی وقت میں سے وقت نکالتے ہیں اور محفل کے لئے اتنا کچھ کرتے ہیں کہ بقول غالب

سرمہ ء مفت نظر ہوں مری قیمت یہ ہے​
کہ رہے چشمِ خریدار پہ احساں میرا​

میری طرف سے مقدس ساجد اور خلیل الرحمن تینوں معزز مدیران اور آپ سمیت باقی تمام مدیران کو بہت سی مبارکباد اور بے حد شکریہ کہ اُنہوں نے یہ بھاری ذمہ داریاں سنبھالی ہوئی ہیں۔
 
ہم مقدس بٹیا رانی، ساجد بھائی اور محمد خلیل الرحمٰن بھائی کو نئی ذمہ داریوں کی مبارکباد پیش کرتے ہیں اس امید کے ساتھ آپ سب احباب کے ساتھ مل کر محفل کے ارتقا کا سفر مزید رفعتوں سے روشناس کرائے گا۔ نیز یہ کہ ہم بطور خادم، تمام ناظمین، مدیران اور محفلین کو حتیٰ المقدور اپنے تعاون اور خدمت کی یقین دہانی کراتے ہیں۔ :)
 
تمام ترقی یافتہ افراد کو اس خاکسار کی جانب سے بہت بہت تبریک اور بالخصوص محمد خلیل الرحمٰن صاحب کو کہ وہ اب ہماری اصلاح کرنے سے کہاں بچ سکتے ہیں کہ بقول غالب
آج واں تیغ و کفن باندھے ہوئے جاتا ہوں میں
عذر میرے قتل کرنے میں وہ اب لائیں گے کیا؟
"قتل" سے مراد اصلاح ہے اور "تیغ و کفن" سے مراد ردیف اور قافیہ ہے۔:)
 

شمشاد

لائبریرین
ساجد بھائی ایک اور ستارے کا اضافہ ہوا۔ مبارک ہو۔

مقدس نے گھر کے سارے کام تیمور سے کروانے شروع کر دیئے ہیں، اس لیے اسے مزید ذمہ داریاں اچھا ہی ہے۔ مبارک ہو مقدس۔

خلیل بھائی بہت خوشی ہوئی کہ آپ کو محفل ادب کا مدیر مقرر کیا گیا۔ بہت بہت مبارک ہو۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
خلیل بھائی کا شکریہ کہ انہوں نے محفل ادب کی نظامت کی ذمہ داری قبول کی۔ مقدس اور ساجد کا بھی شکریہ۔ سپر موڈز کی حیثیت سے آپ فورم پر کہیں زیادہ اختیارات کے حامل ہیں اور آپ کی ذمہ داریاں بھی اسی اعتبار سے بڑھ گئی ہیں۔ میں امید کرتا ہوں کہ آپ دوستوں کے تعاون سے محفل فورم روز افزوں ترقی کی منزلوں کی طرف گامزن رہےگی۔
 
محمد وارث صاحب، نبیل بھائی، ابن سعید بھائی، شمشاد بھائی، @محمد صابر ، محمد بلال اعظم، محمد احمد، اشتیاق علی، @مہدی نقوی حجاز، ملنگ بابا محمود احمد غزنوی، فاتح بھائی، برگ حنا بہنا، یوسف ثانی بھائی محمد امین اور تمام محفلین بھائیوں بہنوں اور بیٹیوں کے نام

میرے محفل کے پیارے سے اے دوستو!
مجھ کو اتنی محبت ملی آپ سے
میں جو کچھ بھی نہ تھا
آپ کے جو عنایات و الطاف ہیں
میرے کل کے لیے
میرے پل کے لیے
میرے جی کے لیے
آج کل کے لیے
مجھ کو چاہت کی دولت ملی آپ سے
میں تو کچھ بھی نہ تھا
میں تو کچھ بھی نہیں
صرف الطاف و اکرام ہیں آپ کے
یہ مرا حق نہیں میرا اعزاز ہے
میں نہ شاعر نہ لیکھکھ نہ مصلح کوئی
پر محبت سے کچھ بات یوں بن گئی
آپ کی جو محبت ہے میرے لیے
اک کھلا راز ہے
مجھ کو یہ جو ادارت ملی آج سے
یہ محبت کی دولت ملی آپ سے
شکریہ شکریہ
میرے محفل کے پیارے سے اے دوستو
آپ کا شکریہ۔
 

نایاب

لائبریرین
201.gif
 

محمد امین

لائبریرین
محمد وارث صاحب، نبیل بھائی، ابن سعید بھائی، شمشاد بھائی، @محمد صابر، محمد بلال اعظم، محمد احمد، اشتیاق علی، @مہدی نقوی حجاز، @ملنگ، محمود احمد غزنوی، فاتح بھائی، برگ حنا بہنا، یوسف ثانی بھائی محمد امین اور تمام محفلین بھائیوں بہنوں اور بیٹیوں کے نام

میرے محفل کے پیارے سے اے دوستو!
مجھ کو اتنی محبت ملی آپ سے
میں جو کچھ بھی نہ تھا
آپ کے جو عنایات و الطاف ہیں
میرے کل کے لیے
میرے پل کے لیے
میرے جی کے لیے
آج کل کے لیے
مجھ کو چاہت کی دولت ملی آپ سے
میں تو کچھ بھی نہ تھا
میں تو کچھ بھی نہیں
صرف الطاف و اکرام ہیں آپ کے
یہ مرا حق نہیں میرا اعزاز ہے
میں نہ شاعر نہ لیکھکھ نہ مصلح کوئی
پر محبت سے کچھ بات یوں بن گئی
آپ کی جو محبت ہے میرے لیے
اک کھلا راز ہے
مجھ کو یہ جو ادارت ملی آج سے
یہ محبت کی دولت ملی آپ سے
شکریہ شکریہ
میرے محفل کے پیارے سے اے دوستو
آپ کا شکریہ۔


واہ واہ واہ۔۔۔۔کیا تعریف کروں اس بدیہہ گوئی کی۔۔ سبحان اللہ قبلہ۔۔ اللہ آپ کے سخن کو روز افزوں کرے
 

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
السلام علیکم ، تمام مدیران کو بہت بہت مبارک باد !

جذبات پر غیر معمولی کنٹرول اور معاملات میں عدالت کا انتخاب ، گویا اب آپ کی صلاحیتوں کا صحیح معنوں میں امتحان ہو گا ۔ امید ہے کہ جانبداری اور ذرہ برابر تعصب بھی معاملات کی نسبت آپ کی سوچ اور عمل کی راہ میں جگہ نہیں پائیں گے ۔
 
Top