محفلوں سے تنگ آکر تخلیے میں کاٹ دی

عاطف بٹ

محفلین
محفلوں سے تنگ آکر تخلیے میں کاٹ دی
قید تنہائی کی ہم نے آئینے میں کاٹ دی

نیند کے مارے ہوؤں نے رتجگے میں کاٹ دی
زندگی کی رات ہم نے سوچنے میں کاٹ دی

ہجر تیرا اشک بن کر آنکھ میں پھرتا رہا
راحتوں کی عمر ہم نے المیے میں کاٹ دی

منزلِ ایقان تھی تشکیک کے دریا کے پار
اور ساری زندگی اک مخمصے میں کاٹ دی

ہم کتابِ عشق کا تھے جزوِ لازم اس لیے
حوض سے نکلے تو ہم نے حاشیے میں کاٹ دی

تو جدا جس پل ہوا تھا، ہم اسی میں قید ہیں
زندگی کی ہر گھڑی اس ثانیے میں کاٹ دی

بن ترے وہ پیاس جاگی بجھ نہ پائی جو کبھی
گو کہ ہم نے عمر ساری میکدے میں کاٹ دی

جس جگہ پہ نقشِ پا تیرا نظر آیا ہمیں
زیست کی ہر اک گھڑی اس راستے میں کاٹ دی

عشق کا صحراتھا پیاسا اور ہم مشتاق تھے
قیس کے پیرو ہوئے اور آبلے میں کاٹ دی

اس سے اپنا ہجر کا رشتہ رہا عاؔطف سدا
اور ہم نے بس اسی اک واسطے میں کاٹ دی​
 
الف عین

لائبریرین
اچھی غزل ہے ماشاء اللہ۔
اصلاح کی نظر سے۔۔
المیے کا تلفظ، لام پر زبر ہے درست تلفظ میں۔
حوض اور ھاشئے والا شعر دو لخت محسوس ہو رہا ہے یا ممکن ہے میں ہی نہ سمجھ سکا ہوں
 
عاطف بٹ

محفلین
اچھی غزل ہے ماشاء اللہ۔
اصلاح کی نظر سے۔۔
المیے کا تلفظ، لام پر زبر ہے درست تلفظ میں۔
حوض اور ھاشئے والا شعر دو لخت محسوس ہو رہا ہے یا ممکن ہے میں ہی نہ سمجھ سکا ہوں
سر، بہت شکریہ۔
جی بالکل ٹھیک کہا آپ نےتلفظ کے حوالے سے۔
تدوین اور تحقیق کی اصطلاح میں حوض کسی کتاب کے اس حصے کو کہا جاتا ہے جس میں متن لکھا ہوا ہوتا ہے جبکہ حوض کے چاروں کناروں پر موجود خالی جگہ جسے حاشیہ کہا جاتا ہے اس پر وہ اضافی عبارت لکھ دی جاتی ہے جو متن میں شامل تو نہیں ہوتی مگر متن کی وضاحت اور تشریح کرتی ہے۔ اس اضافی عبارت کو بھی اصطلاحی طور پر حاشیہ ہی کہا جاتا ہے۔
 
سید زبیر

محفلین
لا جواب ، کیا خوب کلام ،الفاظ کا بہت عمدہ استعمال
نیند کے مارے ہوؤں نے رتجگے میں کاٹ دی
زندگی کی رات ہم نے سوچنے میں کاٹ دی
 
نایاب

لائبریرین
واہہہہہہہہہہہہہہہہہہہہہ
بہت خوب کہی ہے غزل ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہجر تیرا اشک بن کر آنکھ میں پھرتا رہا
راحتوں کی عمر ہم نے المیے میں کاٹ دی

بہت سی دعاؤں بھری داد
 
تلمیذ

لائبریرین
عروض و اوزان کے بارے میں تو مجھے کچھ علم نہیں۔ لیکن کلام آپ کا معیاری اور عمدہ ہے۔ اور واردات قلب کے برملااظہار پر آپ کو عبور حاصل ہے۔ بہت خوب!
براہ کرم اسے جاری رکھیں۔
 
عاطف بٹ

محفلین
عروض و اوزان کے بارے میں تو مجھے کچھ علم نہیں۔ لیکن کلام آپ کا معیاری اور عمدہ ہے۔ اور واردات قلب کے برملااظہار پر آپ کو عبور حاصل ہے۔ بہت خوب!
براہ کرم اسے جاری رکھیں۔
سر، بہت نوازش۔ آپ جیسے بزرگوں کی راہنمائی اور حوصلہ افزائی میرے لیے حقیقۃً کسی اعزاز سے کم نہیں۔
 
عمراعظم

محفلین
واہ کو روکنے پر اختیار نہیں۔ واہ۔واہ ۔واہ
آپ کے اس ہنر سے واقف ہو کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ہم کہ ٹھہرے شاعری کے دیوانے۔
عاطف بٹ صاحب بہت عمدہ اشعار کہے ہیں۔ اللہ آپ کو اچھی صحت کے ساتھ ہمیشہ خوش اور اپنی حفظ و امان میں رکھے۔آمین
 
سر، بےحد شکریہ۔ آپ کی طرف سے داد پا کر واقعی بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔
جزاک اللہ خیراً
 
Top