قصّہ مرا بھی تشنہء انجام رہ گیا

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
ایک پرانی غزل احبابِ کرام کی خدمت میں !

کارِ وفا محال تھا ، ناکام رہ گیا
قصّہ مرا بھی تشنہء انجام رہ گیا

شب کوبھی میں چھڑا نہ سکا رہن ِدرد سے
دن بھی اسیر ِگردشِ ایّام رہ گیا

ظلمات ِپُرفریب میں اُلجھی رہی نظر
محروم ِ دید ماہ ِ سر ِ بام رہ گیا

تکتا ہوں چھوٹ کر بھی کمیں گاہِ دہر کو
دل جیسا اک اسیر تہِ دام رہ گیا

غارت گر ِسخن تھی ہوائے خیالِ ہجر
بجھ کر چراغِ حرف سر ِشام رہ گیا

اک خواہش ِ دوام کہ تھی ضامن ِ کمال
رخصت ہوئی تو نقش ِ ہنر خام رہ گیا

ہر تہمتِ جنوں سے تو ہم ہوگئے بَری
سر پر دفاعِ ہوش کا الزام رہ گیا

احوال کیا سنائیں جنابِ ظہیرؔ کا
عرصہ ہوا کہ مر گئے بس نام رہ گیا

٭٭٭

ظہیرؔ احمد ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔ ۔ ۔ ۔ 2009

کارِ وفا محال تھا ، ناکام رہ گیا
قصّہ مرا بھی تشنہء انجام رہ گیا

ظلمات ِپُرفریب میں اُلجھی رہی نظر
محروم ِ دید ماہ ِ سر ِ بام رہ

غارت گر ِسخن تھی ہوائے خیالِ ہجر
بجھ کر چراغِ حرف سر ِشام رہ گیا

اک خواہش ِ دوام کہ تھی ضامن ِ کمال
رخصت ہوئی تو نقش ِ ہنر خام رہ گیا
بہت عمدہ ظہیر بھائی
 
جاسمن

لائبریرین

La Alma

لائبریرین
کارِ وفا محال تھا ، ناکام رہ گیا
قصّہ مرا بھی تشنہء انجام رہ گیا

شب کوبھی میں چھڑا نہ سکا رہن ِدرد سے
دن بھی اسیر ِگردشِ ایّام رہ گیا

ظلمات ِپُرفریب میں اُلجھی رہی نظر
محروم ِ دید ماہ ِ سر ِ بام رہ گیا

تکتا ہوں چھوٹ کر بھی کمیں گاہِ دہر کو
دل جیسا اک اسیر تہِ دام رہ گیا

غارت گر ِسخن تھی ہوائے خیالِ ہجر
بجھ کر چراغِ حرف سر ِشام رہ گیا

اک خواہش ِ دوام کہ تھی ضامن ِ کمال
رخصت ہوئی تو نقش ِ ہنر خام رہ گیا

ہر تہمتِ جنوں سے تو ہم ہوگئے بَری
سر پر دفاعِ ہوش کا الزام رہ گیا

احوال کیا سنائیں جنابِ ظہیرؔ کا
عرصہ ہوا کہ مر گئے بس نام رہ گیا
بہت عمدہ تخلیق ہے۔ ہر شعر بے مثال ہے۔
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین

بہت عمدہ ظہیر بھائی

واہ واہ!
عمدہ اشعار

سبحان اللہ سبحان اللہ کیا مطلع ہے کیا کہنے واہ واہ واہ

بہت عمدہ تخلیق ہے۔ ہر شعر بے مثال ہے۔

بہت بہت شکریہ خواتین و حضرات! اللہ کریم آپ تمام لوگوں کو خوش رکھے۔ قدر افزائی کے لئے ممنون ہوں ۔
 
عباد اللہ

محفلین
ایک پرانی غزل احبابِ کرام کی خدمت میں !

کارِ وفا محال تھا ، ناکام رہ گیا
قصّہ مرا بھی تشنہء انجام رہ گیا

شب کوبھی میں چھڑا نہ سکا رہن ِدرد سے
دن بھی اسیر ِگردشِ ایّام رہ گیا

ظلمات ِپُرفریب میں اُلجھی رہی نظر
محروم ِ دید ماہ ِ سر ِ بام رہ گیا

تکتا ہوں چھوٹ کر بھی کمیں گاہِ دہر کو
دل جیسا اک اسیر تہِ دام رہ گیا

غارت گر ِسخن تھی ہوائے خیالِ ہجر
بجھ کر چراغِ حرف سر ِشام رہ گیا

اک خواہش ِ دوام کہ تھی ضامن ِ کمال
رخصت ہوئی تو نقش ِ ہنر خام رہ گیا

ہر تہمتِ جنوں سے تو ہم ہوگئے بَری
سر پر دفاعِ ہوش کا الزام رہ گیا

احوال کیا سنائیں جنابِ ظہیرؔ کا
عرصہ ہوا کہ مر گئے بس نام رہ گیا

٭٭٭

ظہیرؔ احمد ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔ ۔ ۔ ۔ 2009

کیا کہنے!
بہت عمدہ
 
محمداحمد

لائبریرین
کارِ وفا محال تھا ، ناکام رہ گیا
قصّہ مرا بھی تشنہء انجام رہ گیا
واہ!
غارت گر ِسخن تھی ہوائے خیالِ ہجر
بجھ کر چراغِ حرف سر ِشام رہ گیا

حالانکہ لوگ تو ہجر کے خیال سے ہی کئی کئی دو غزلے کہہ جاتے ہیں۔ :)

شب کوبھی میں چھڑا نہ سکا رہن ِدرد سے
دن بھی اسیر ِگردشِ ایّام رہ گیا

کیا کہنے!

ظلمات ِپُرفریب میں اُلجھی رہی نظر
محروم ِ دید ماہ ِ سر ِ بام رہ گیا

"ظُلماتِ پُر فریب"، کیا اچھا کہا ہے۔ واہ!

اک خواہش ِ دوام کہ تھی ضامن ِ کمال
رخصت ہوئی تو نقش ِ ہنر خام رہ گیا

بہت خوب!

ہر تہمتِ جنوں سے تو ہم ہوگئے بَری
سر پر دفاعِ ہوش کا الزام رہ گیا

ایک بڑا اچھا شعر یاد آ گیا:

میں ہوش میں تھا تو پھر اُس پہ مر گیا کیسے
یہ زہر میرے لہو میں اُتر گیا کیسے

احوال کیا سنائیں جنابِ ظہیرؔ کا
عرصہ ہوا کہ مر گئے بس نام رہ گیا

اللہ اللہ!

اللہ بڑی لمبی ، بڑی با برکت عمر عطا فرمائے آپ کو۔

ہمیشہ کی طرح عمدہ غزل!

بہت سی داد ظہیر بھائی!
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
بہترین۔
سلامت رہیں۔
بہت شکریہ! عبدالصمد صاحب ۔ اللہ کریم آپ کو خوش رکھے۔
نوازش! بہت شکریہ عباداللہ ! بہت ممنون ہوں ۔
واہ!
بہت خوب!
بہت سی داد ظہیر بھائی!
آداب ! بہت نوازش ! کرم نوازی ہے احمد بھائی ۔ آپ فرصت سے ہماری غزلیں پڑھتے ہیں اور پھر اتنا تفصیلی تبصرہ بھی کرتے ہیں ۔ آپ کی محبتوں کا قرضدار ہوں ۔
دعاؤں کے لئے الگ سے شکریہ ۔ اللہ تعالیٰ آپ کو فلاحِ دارین عطا فرمائے ۔ اپنی امان میں رکھے۔ آمین ۔
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
آپ پکے شاعر ہیں
دس سال پہلے بھی اور اب بھی.
آپ کا کوئی مجموعہ چھپا ہے یا نہیں یا compile بھی ہوا ہے یا نہیں

دل اب اسیر ہو چکا ہے
بہت شکریہ ، نوازش! فاخر بھائی ۔ داد کے لئے ممنون ہوں ۔
ویسے پکے شاعر سے آپ کی مراد پکے ہوئے شاعر تو نہیں ہے نا ۔:):):)

فاخر بھائی ، میں مجموعہ چھپوانے پر یقین نہیں رکھتا ۔ میری رائے میں کاغذ اور روشنائی کے اس سے بہتر مصارف موجود ہیں ۔ البتہ ایک ای بک بنانے کا ارادہ ہے اور اس پر کام جاری ہے ۔ محترم الف عین صاحب نے کمالِ محبت سے ای بک شائع کرنے کی پیشکش کی ہوئی ہے اور کئی سال سے کی ہوئی ہے ۔ میری طرف سے ہی تاخیر ہے ۔ پیش لفظ کا معاملہ درپیش ہے اور اسی نے سارے معاملے کو زیر و زبر کیا ہوا ہے۔
 
احمد محمد

محفلین
واہ۔ واہ۔ واہ۔۔ سبحان اللّٰہ۔

ظہیر بھائی! میری بھی ایک درخواست تھی کہ کیا ایک ایک غزل پر ترساتے ہیں، اب تو براہِ کرم اپنا دیوان ہی عنایت فرما دیں۔

ابھی یہ لڑی دیکھی تو پتہ چلا کہ فاخر رضا بھائی نے پہلے ہی فرمائش کردی ہوئی ہے اور آپ کا جواب بھی موصول ہو گیا مگر اب ہم آپ سے پر زور التجا کرتے ہیں کہ براہِ مہربانی خصوصی وقت نکال کر پیشِ لفظ کو زیر فرمائیں اور ہمارے اس انتظار کے دورانیے کو طویل ہونے بچائیں۔

ایک بار پھر آپ کا بہت شکریہ اپنا خوبصورت کلام پیش کرنے پر۔ شاد و آباد رہیں۔
 
فاخر رضا

اور یہ درخواست آپ سے 2009 کے محفل کے بہترین شاعر کررہے ہیں
پکے ہوئے شاعر تو بس ایک ہیں محمد وارث بھائی کے پسندیدہ. وصی شاہ صاحب
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
واہ۔ واہ۔ واہ۔۔ سبحان اللّٰہ۔

ظہیر بھائی! میری بھی ایک درخواست تھی کہ کیا ایک ایک غزل پر ترساتے ہیں، اب تو براہِ کرم اپنا دیوان ہی عنایت فرما دیں۔

ابھی یہ لڑی دیکھی تو پتہ چلا کہ فاخر رضا بھائی نے پہلے ہی فرمائش کردی ہوئی ہے اور آپ کا جواب بھی موصول ہو گیا مگر اب ہم آپ سے پر زور التجا کرتے ہیں کہ براہِ مہربانی خصوصی وقت نکال کر پیشِ لفظ کو زیر فرمائیں اور ہمارے اس انتظار کے دورانیے کو طویل ہونے بچائیں۔

ایک بار پھر آپ کا بہت شکریہ اپنا خوبصورت کلام پیش کرنے پر۔ شاد و آباد رہیں۔

بہت شکریہ احمد ۔ اللہ کریم آپ کو خوش رکھے ۔ بہت ممنون ہوں آپ کی اس عزت افزائی پر ۔
بھائی میں اپنی سی تو پوری کوشش کررہا ہوں لیکن یہ نثر لکھنا عذاب ہے ۔ شعر لکھ لکھ کے سستی اور کاہلی کی عادت پڑ گئی ہے ۔ :) نثر لکھنا بہت مشکل لگتا ہے ۔ اب تک پانچ چھ دفعہ پیش لفظ لکھنے بیٹھ چکا ہوں اور ہر دفعہ دو تین اشعار کہہ کر اٹھ جاتا ہوں ۔ :):):) آپ دعا کیجئے کہ یہ پیش لفظ کا جن قابو آجائے ۔
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
اور یہ درخواست آپ سے 2009 کے محفل کے بہترین شاعر کررہے ہیں
لیجئے آپ بھی دھوکا کھاگئے ۔ فاخر بھائی یہ محمداحمد نہیں بلکہ احمد محمد ہیں ۔ یہ 2009 والے نہیں بلکہ 2019 والے ہیں ۔ :):):) خیر ان دونوں احباب کے ناموں میں تو اول و آخر کا فرق ہے ۔ یہاں تو ایک نام کے کئی کئی لوگ بھی موجود ہیں ۔ ناموں میں یکسانیت کا یہ معاملہ صرف اردو محفل پر ہی روا دیکھا ہے ۔خود میرے ایک ہم نام ظہیر احمد ظہیربھی یہاں موجود ہیں ۔ اور کئی دفعہ ہمارے حصے کی داد کے ٹوکرے اُن کے گھر جاچکے ہیں ۔ :)
 
اگر دھوکے ہی میں رہنے دیتے تو کیا حرج تھا بھائی
یقیناً یہ والے بھی کم نہیں ہیں
 
Top