مبارکباد فاتح صاحب محسن کے عہدے پر

محمد وارث

لائبریرین
فاتح صاحب اس محفل کے رکن تو پچھلے سال اگست میں بنے تھے، لیکن متحرک شاید پچھلے چند دنوں میں ہی ہوئے ہیں اور ماشاءاللہ کافی فعال ہیں اور محسن کے عہدے پر فائز ہوگئے ہیں۔

فاتح صاحب کو محسن کے عہدہ پر فائز ہونے پر دلی مبارک باد۔

اور فاتح صاحب کی نذر جگر کا ایک شعر

وہ ادائے دلبری ہو کہ نوائے عاشقانہ
جو دلوں کو فتح کر لے، وہی فاتحِ زمانہ

۔
 
فاتح

لائبریرین
السلام علیکم!
حضرت وارث صاحب،
بہت بہت شکریہ اور سچ تو یہ ہے کہ مجھے خود بھی نہیں معلوم تھا کہ معاون سے محسن تک کی زقند کب بھری ہے میں نے۔
بجا فرمایا کہ رکنیت کا فارم تو گذشتہ برس بھرا تھا (اور نجانے کب، کیسے اور کیوں بھرا تھا یہ بھی یاد نہیں، ہاں میری پروفائل دکھاتی ہے کہ ماہِ اگست تھا) مگر محفل پر پڑھنا ہفتہ بھر قبل ہی شروع کیا۔ اس کی کیا وجوہ رہیں، سخن کوتاہ یہ کہ مصروفیت اور کم علمی آڑے آتی رہیں۔
اور جب پڑھنا شروع کیا تو بلا مبالغہ یہ درست ہے کہ اراکین کی جانب سے اتنی محبت ملی کہ میرے تصور میں‌ بھی نہ تھا۔

غالب کا یہ شعر، ایک لفظ کی تبدیلی کے ساتھ، آپ کی محبتوں کا جواب تو نہیں مگر اعتراف ضرور ہے:
خامہ انگُشت بدنداں کہ "تمہیں" کیا لکھیے
ناطِقہ سر بہ گَریباں کہ "تمہیں" کیا کہیے
ہر دو مصرع ہائے بالا میں "اِسے" کی بجائے "تمہیں" لکھنے پر روحِ غالب سے شرمسار
 
فاتح ،

میری طرف سے بھی بہت بہت مبارک ہو اور محسن تو آپ تھے ہی اب باقاعدہ عہدہ بھی مل گیا ہے آپ کو۔ آپ کے متحرک ہونے سے فضا خوشگوار اور ماحول سازگار ہوگیا ہے۔ امید ہے آپ یونہی ہنستے مسکراتے رہیں گے اور محفل سجاتے رہیں گے۔

وہ آئے گھر میں ہمارے خدا کی قدرت ہے
کبھی ہم ان کو کبھی اپنے گھر کو دیکھتے ہیں
 
الف عین

لائبریرین
مبارک ہو فاتح۔ فتح کا پہلا جھنڈا تو گاڑ ہی دیا یہاں۔
بہت بہت مبارک ہو۔ اب خدا خدا کر کے آگے نہ بڑھنا۔ دھڑل۔ے سے آگے بڑھیں۔۔
 
فاتح

لائبریرین
فاتح ،
میری طرف سے بھی بہت بہت مبارک ہو اور محسن تو آپ تھے ہی اب باقاعدہ عہدہ بھی مل گیا ہے آپ کو۔ آپ کے متحرک ہونے سے فضا خوشگوار اور ماحول سازگار ہوگیا ہے۔ امید ہے آپ یونہی ہنستے مسکراتے رہیں گے اور محفل سجاتے رہیں گے۔

وہ آئے گھر میں ہمارے خدا کی قدرت ہے
کبھی ہم ان کو کبھی اپنے گھر کو دیکھتے ہیں​
السلام علیکم!

بہت شکریہ جناب۔
محبتیں تو لگتا ہے نہ صرف تھوک کے حساب سے لائے ہیں آپ بلکہ نچھاور بھی اُسی رفتار سے کرتے چلے جا رہے ہیں۔ مانا کہ علم اور مَحَبَّت بانٹنے سے بڑھتے ہیں‌لیکن خدارا میرا بھی خیال کیجئے کہ ان کے بوجھ تلے دبتا چلا جاتا ہوں۔

مجھ سے نا اہل کو کہاں اتنے اشعار ازبر کہ جواباً آپ کی تواضع بھی اشعار سے کی جا سکے مگر اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھنے کو آپ کے مرسلہ بالا شعر کی زمین میں ہی جواباً ایک زٹل قافیہ کہنے کی سعی کی ہے اگر شرفِ قبولیت مل جائے۔
یہ تاج بخشیء یاراں و بے کرامت ہم
عجیب عالمِ حیرت میں سر کو دیکھتے ہیں​

فضا خوشگوار اور ماحول سازگار
یونہی ہنستے مسکراتے رہیں گے اور محفل سجاتے رہیں گے
کیا مقفّیٰ گفتگو ہے۔ ماشاء اللہ۔ آپ تو شاعر ساز ثابت ہو رہے ہیں
والسلام
 
فاتح

لائبریرین
مبارک ہو فاتح۔ فتح کا پہلا جھنڈا تو گاڑ ہی دیا یہاں۔
بہت بہت مبارک ہو۔ اب خدا خدا کر کے آگے نہ بڑھنا۔ دھڑل۔ے سے آگے بڑھیں۔۔

السلام علیکم!
قبلہ محبت ہے آپ کی کہ نہ صرف مبارک باد دی بلکہ ناچیز کی ردیف کو بھی یاد رکھتے ہوئے اس ذو معنویت کے ساتھ استعمال کیا کہ لطف آ گیا۔
آپ کی دعائیں اور حوصلہ افزائی شاملِ حال رہی تو انشاء اللہ دھڑلّے سے ہی آگے بڑھوں‌گا اور خدا خدا "کر کے" نہیں مگر خدا خدا "کرتے ہوئے" ضرور۔:)
والسلام
 
محمد وارث

لائبریرین
غالب کا یہ شعر، ایک لفظ کی تبدیلی کے ساتھ، آپ کی محبتوں کا جواب تو نہیں مگر اعتراف ضرور ہے:
خامہ انگُشت بدنداں کہ "تمہیں" کیا لکھیے
ناطِقہ سر بہ گَریباں کہ "تمہیں" کیا کہیے
ہر دو مصرع ہائے بالا میں "اِسے" کی بجائے "تمہیں" لکھنے پر روحِ غالب سے شرمسار

قبلہ، خلد آشیانی کی روح کو کیوں شرماتے ہیں۔ دیکھیئے گا داغ کیا فرماتے ہیں

ناروا کہیے، ناسزا کہیے ۔ ۔ ۔ کہیے کہیے مجھے برا کہیے

آپ کا خیر خواہ میرے سوا ۔ ۔ ۔ ہے کوئی اور دوسرا کہیے
;)

۔
 
السلام علیکم!

بہت شکریہ جناب۔
محبتیں تو لگتا ہے نہ صرف تھوک کے حساب سے لائے ہیں آپ بلکہ نچھاور بھی اُسی رفتار سے کرتے چلے جا رہے ہیں۔ مانا کہ علم اور مَحَبَّت بانٹنے سے بڑھتے ہیں‌لیکن خدارا میرا بھی خیال کیجئے کہ ان کے بوجھ تلے دبتا چلا جاتا ہوں۔

مجھ سے نا اہل کو کہاں اتنے اشعار ازبر کہ جواباً آپ کی تواضع بھی اشعار سے کی جا سکے مگر اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھنے کو آپ کے مرسلہ بالا شعر کی زمین میں ہی جواباً ایک زٹل قافیہ کہنے کی سعی کی ہے اگر شرفِ قبولیت مل جائے۔
یہ تاج بخشیء یاراں و بے کرامت ہم
عجیب عالمِ حیرت میں سر کو دیکھتے ہیں​

کیا مقفّیٰ گفتگو ہے۔ ماشاء اللہ۔ آپ تو شاعر ساز ثابت ہو رہے ہیں
والسلام

وعلیکم سلام !

جناب محبتیں تو آپ کی آج بذریعہ ڈاک بھی وصول ہو گئیں اور کتاب سے ساتھ ساتھ خوبصورت کارڈ اور اس میں محبتوں کا ہی پیام پڑھ کر جس طرح آپ نے گراں بار کیا ہے اس کے بعد شکر اور خلوص کے جواب میں الفاظ کی تنگی داماں کا شدت سے احساس ہو رہا ہے۔ اس پر ایک علیحدہ دھاگہ کھول رہا ہوں اے عشق جنوں پیشہ پر۔

آپ کی بات ٹھیک ہے ہمیں کوئی راہ درمیانی نکالنی پڑے گی ورنہ ایسی شدت تو شک میں ڈال دیتی ہے ;) اور خلق خدا تو کہنے تو فسانے مانگے۔

جناب اتنے عمدہ اشعار کے بعد کہتےہیں کہ سفید پوشی کا بھرم رکھا ہوا ہے ، میں پوچھتا ہوں آپ نے سفید پوشی نام کس کا رکھا ہوا ہے۔

مقفی گفتگو سے خیال آیا کہ واقعی آپ سے گفتگو ایسی زرخیز ثابت ہو رہی ہے کہ شاعر نہ ہوتے ہوئے دل شاعری پر مائل نظر آتا ہے اور نثر کہیں کہیں غیر ارادی طور پر مسجع و مرفع ہوتی جاتی ہے (‌الفاظ کا بے دریغ استعمال کر رہا ہوں جانے کتنا غلط اور کتنا صحیح مگر اس خیال سے لکھ رہا ہوں کہ لکھوں گا تو تصحیح ہو جائے گی (
 
فرحت کیانی

لائبریرین
07182007085459.jpg
 
فاتح

لائبریرین
بہت شکریہ فرزانہ صاحبہ! محفل میں آپ کی خوبصورت شاعری سے حظ اٹھاتے ہوئے کئی بار سوچا تھا کہ شاید آپ جا چکی ہیں محفل سے لیکن یہ اچانک مبارکباد سے امید بندھ گئی ہے کی مزید شاعری سے بھی لطف اندوز ہونے کا موقع مل ہی جائے گا۔:)
 
Top