غزل : خوابوں کی کرچیاں ہیں واللہ زمینِ دل پر ۔ فرحان محمد خان

غزل
خوابوں کی کرچیاں ہیں واللہ زمینِ دل پر
ڈھائی ہے وہ قیامت تیری نہیں نے دل پر

گریہ کناں ہے کوئی شاخِ غمینِ دل پر
آنسو ٹپک رہے ہیں جو آستینِ دل پر

اللہ کا قہر ٹوٹے ہر اک لعینِ دل پر
اور اس کی رحمتیں ہوں سب مومنینِ دل پر

پہرا بٹھا دیا ہے حصنِ حصینِ دل پر
جب سے پڑی ہیں چوٹیں اپنے یقینِ دل پر

دن رات آگ برسی اس سر زمینِ دل پر
اور آنچ تک نہ آئی کوئی مکینِ دل پر

کُھلتی ہے جب حقیقت کہتا ہے آدمی تب
کرتے رہے حکومت کیسے کمینے دل پر

فریاد یا الٰہی بس بس مری دہائی
پتھر برس رہے ہیں کیوں آبگینِ دل پر

ماں جیسے سرخوشی میں بچے کو چومتی ہے
ایسے دیے ہیں بوسے غم نے جبینِ دل پر

ہیں خواہشوں کے لاشے امید کے کفن میں
دیکھو رواں دواں ہیں کیسے سفینے دل پر

آئی نہ کام نیّا عقل و شعور کی کچھ
اترا عذابِ حیرت جب تارکینِ دل پر

ہے فرضِ عین ہم پر ردالفساد لوگو
آئے جو حرف کوئی دینِ مبینِ دل پر

اپنی نظر میں اس سا کافر نہیں ہے کوئی
ایمان جو نہ لائے قولِ متینِ دل پر

یوں ہی نہیں کھل آئے اشعار کے یہ غنچے
ہوتی ہے غم کی بارش بارہ مہینے دل پر

اپنا کمال اتنا قرطاس پر اُتاریں
آنکھوں سے لکھ گئے وہ غزلیں زمینِ دل پر

کہتا ہے مجھ سے کوئی تنہائیوں میں اکثر
لائے ہیں آپ دنیا فرحان دینِ دل پر

فرحان محمد خان

 
مدیر کی آخری تدوین:
ماشاءاللہ، بہت خوب ۔۔۔ مطلعے کے قوافی بہت دلچسپ لگے
ویسے ماشاءاللہ اتنی زرخیز آمد رہی، اس کو تو آپ آرام سے دو کیا بلکہ سہ غزلہ بھی کرسکتے تھے :)

دعاگو،
راحلؔ
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
بہت خوب فرحان بھائی ! کئی اچھے اشعار ہیں !

یوں ہی نہیں کھل آئے اشعار کے یہ غنچے
ہوتی ہے غم کی بارش بارہ مہینے دل پر
اپنا کمال اتنا قرطاس پر اُتاریں
آنکھوں سے لکھ گئے وہ غزلیں زمینِ دل پر

کیا بات ہے! کیا اچھا کہا ہے!! بہت خوب!

فرحان بھائی ، اگرچہ بعض اشعار میں ردیف زبردستی کی لگ رہی ہے لیکن مجموعی طور پر اچھی غزل ہے ! بہت داد آپ کے لئے۔
تارکینِ دل والے شعر کے پہلے مصرع میں واؤ عطف ٹائپ ہونے سے رہ گیا ۔ درست کرلیجئے ۔
 
منفرد قوافی کے ساتھ بہت خوبصورت غزل۔
بہت داد فرحان بھیا
محبت عاطف بھائی
بہت خوب!
قافیے کی ندرت تو کمال کی ہے!
محبت
بہت خوب فرحان بھائی ! کئی اچھے اشعار ہیں !

یوں ہی نہیں کھل آئے اشعار کے یہ غنچے
ہوتی ہے غم کی بارش بارہ مہینے دل پر
اپنا کمال اتنا قرطاس پر اُتاریں
آنکھوں سے لکھ گئے وہ غزلیں زمینِ دل پر

کیا بات ہے! کیا اچھا کہا ہے!! بہت خوب!

فرحان بھائی ، اگرچہ بعض اشعار میں ردیف زبردستی کی لگ رہی ہے لیکن مجموعی طور پر اچھی غزل ہے ! بہت داد آپ کے لئے۔
تارکینِ دل والے شعر کے پہلے مصرع میں واؤ عطف ٹائپ ہونے سے رہ گیا ۔ درست کرلیجئے ۔
محبت
تدوین کردی گئی جناب!
شکریہ
محبت پیارے بھائی
 
Top