ساغر صدیقی صراحی جام سے ٹکرائیے ، برسات کے دن ہیں - ساغر صدیقی

کاشفی

محفلین
غزل
(ساغر صدیقی)

صراحی جام سے ٹکرائیے ، برسات کے دن ہیں
حدیثِ زندگی دہرائیے، برسات کے دن ہیں

سفینہ لے چلا ہے کس مخالف سمت کو ظالم
ذرا ملّاح کو سمجھائیے، برسات کے دن ہیں

کسی پُرنور تمہت کی ضرورت ہے گھٹاؤں کو
کہیں سے مہ وشوں کو لائیے، برسات کے دن ہیں

طبیعت گردشِ دوراں کی گھبرائی ہوئی سی ہے
پریشاں زلف کو سلجھائیے، برسات کے دن ہیں

بہاریں ان دنوں دشتِ بیاباں میں آتی ہیں
فقیروں پر کرم فرمائیے، برسات کے دن ہیں

یہ موسم شورشِ جذبات کا مخصوص موسم ہے
دل ناداں کو بہلائیے، برسات کے دن ہیں

سہانے آنچلوں کے ساز پر اشعار ساغر کے
کسی بے چین دھن میں گائیے، برسات کے دن ہیں
 

فرخ منظور

لائبریرین
جی حضور ! ادھر ہماری طرف بارش ہورہی ہے۔۔ اس لیئے سوچا دوستوں سے کچھ شیئر کروں۔۔ شکریہ بیحد۔۔

جی، لاہور میں بھی آج بارش ہو رہی ہے۔ میری نانی کہا کرتی تھی کہ جب اللہ کا اے سی لگ جائے تو سارے اے سی بند کر دیتا ہے۔ سو آج اللہ میاں کے اے سی سے لطف لے رہے ہیں۔ :)
 

محمد وارث

لائبریرین
قبلہ ابھی برسات شروع ہونے میں تو کچھ وقت ہے، لیکن کل بارش ہوئی اکثر جگہ۔ آپ نے بھی موقع محل دیکھ کر فوراً غزل پیش کر دی، اب یہ تو بتایئے کہ ساغر کے ان مشوروں پر عمل کرنے کیلیے "ساز و سامان" کہاں سے لائیں ہم غریب :)


بہاریں ان دنوں دشتِ بیاباں میں آتی ہیں
فقیروں پر کرم فرمائیے، برسات کے دن ہیں

اس شعر کے پہلے مصرعے کو دوبارہ سے دیکھ لیں، کچھ گڑ بڑ ہے۔
 

کاشفی

محفلین
:) سرکار چونکہ ہم بھی غریب پرور ہیں اسی لیئے برسات کے دوران روح افزا یا جامِ شریں سے کام چلا لیتے ہیں۔۔ :) ۔۔۔ غزل کی پسندیدگی کے لیئے بیحد شکریہ۔۔۔
وارث صاحب یہ شعر میرے پاس کچھ اسی طرح سے ہے۔۔لیکن آپ زیادہ بہتر جانتے ہیں اس لیئے تصحیح فرما دیں۔۔نواز ش ہوگی۔۔
 

محمد وارث

لائبریرین
لاحول و لا قوۃ الا باللہ۔ برسات کا موسم اور روح افزا یا جامِ شیریں، اس سے بہتر ہے پانی کو جام سمجھ کر نوش کیا جائے، ہماری طرح :) ویسے برسات کے حوالے سے کبھی لکھا تھا

اس طرح پینے کو مے کب ملتی ہے
ناب ہو، تُو ساتھ ہو، برسات ہو

جہاں تک شعر کی تصحیح کی بات ہے تو خود سے کیسے کر دوں لیکن یہ علم ہو گیا کہ وزن پر پورا بیٹھ نہیں رہا، شاید 'میں' اور 'آتی' کے درمیان ایک لفظ کم ہے۔
 

کاشفی

محفلین
:)
اس طرح پینے کو مے کب ملتی ہے
ناب ہو، تُو ساتھ ہو، برسات ہو

واہ واہ بہت ہی عمدہ جناب۔۔۔ سبحان اللہ۔۔ مزا آگیا۔۔
 
Top