صحرا صحرا دوپہریں ہیں، بادل بادل شام

محمداحمد

لائبریرین

غزل حاضرِ خدمت ہے۔

صحرا صحرا دوپہریں ہیں، بادل بادل شام
دل نگری کی رات اداسی، چنچل چنچل شام

ڈالی ڈالی پھول ہیں رقصاں، دریا دریا موج
تتلی تتلی نقش ہیں رنگیں، کومل کومل شام

رنگِ جنوں دل دیوانے پر دید کے پیاسے نین
تیری گلی، تیری دہلیزیں، پاگل پاگل شام

نین ہیں کس کے، یاد ہے کس کی، کس کے ہیں آنسو
کس کی آنکھوں کا تحفہ ہیں، کاجل کاجل شام

رات کی رانی، اوس کا پانی، جگنو ، سرد ہوا
مُسکاتی، خوشبو مہکاتی، جنگل جنگل شام

ڈوبتا سورج، سونا رستہ، آس کے بجھتے دیپ
مایوسی کی گرد میں لپٹی اُتری پل پل شام

رنگ سنہرا، دھوپ سا اُس کا، گیسو جیسے رات
چاند سا اُجلا اُجلا چہرہ، اُس کا آنچل شام

خواب میں جب سے آیا ہے وہ، سوچوں میں گم ہوں
کیا ہو جو تعبیر بتانے آجائے کل شام

احمد کوئی نظم سُناؤ کچھ تو وقت کٹے
تنہا تنہا دل بھی ہے اور بوجھل بوجھل شام

محمداحمد
 
فاتح

لائبریرین
بہت خوب محمد احمد صاحب۔ واہ واہ واہ۔ خوبصورت تخلیق پر مبارکباد

مقطع میں غزل کی مناسبت سے "احمد کوئی 'غزل' سناؤ" کر دیں تو کیسا رہے گا؟ خدانخواستہ یہ تنقید نہیں محض ایک رائے ہے۔
 
امر شہزاد

محفلین
بہت خوب!
خاص کر یہ شعر تو لاجواب ہے

ڈالی ڈالی پھول ہیں رقصاں، دریا دریا موج
تتلی تتلی نقش ہیں رنگیں، کومل کومل شام
 
ایم اے راجا

محفلین
بہت خوب غزل ہے احمد بھائی، خاص طور پر یہ شعر،
نین ہیں کس کے، یاد ہے کس کی، کس کے ہیں آنسو
کس کی آنکھوں کا تحفہ ہیں، کاجل کاجل شام
واہ واہ کیا بات ہے واہ واہ
 
محمد وارث

لائبریرین
رنگِ جنوں دل دیوانے پر دید کے پیاسے نین
تیری گلی، تیری دہلیزیں، پاگل پاگل شام

کیا خوبصورت غزل ہے احمد صاحب، واہ واہ لاجواب۔ بہت داد قبول کیجیئے۔

میرے خیال میں، اسی بندش میں نظم کو غزل کرنے سے وزن بگڑ جائے گا، نظم میں دوسرا حرف ساکن اور غزل میں متحرک ہے۔ ویسے 'غزل' آ سکتا ہے لیکن پھر مصرعے کی بندش بدلنی پڑے گی۔
 
محمداحمد

لائبریرین
بہت خوب محمد احمد صاحب۔ واہ واہ واہ۔ خوبصورت تخلیق پر مبارکباد

مقطع میں غزل کی مناسبت سے "احمد کوئی 'غزل' سناؤ" کر دیں تو کیسا رہے گا؟ خدانخواستہ یہ تنقید نہیں محض ایک رائے ہے۔

فاتح بھائی

آپ کی پزیرائی میرے لئے باعثِ اعزاز ہے۔ آپ کی محبتوں کا ممنون ہوں۔

جیسا کہ وارث صاحب نے کہا ہے۔ غزل کی جگہ نظم بحر کی مجبوری کی وجہ سے لکھا ہے اور شاید اسی بہانے کسی نطم کا سامان بھی ہو جائے۔

بہت شکریہ!

مخلص
محمد احمد
 
محمداحمد

لائبریرین
بہت خوب!
خاص کر یہ شعر تو لاجواب ہے

ڈالی ڈالی پھول ہیں رقصاں، دریا دریا موج
تتلی تتلی نقش ہیں رنگیں، کومل کومل شام

امر شہزاد صاحب

بہت شکریہ! آپ کی عنایت کے لئےممنون ہوں۔

اللہ آپ کو خوش رکھے (آمین )

مخلص
محمد احمد
 
محمداحمد

لائبریرین
بہت خوب غزل ہے احمد بھائی، خاص طور پر یہ شعر،
نین ہیں کس کے، یاد ہے کس کی، کس کے ہیں آنسو
کس کی آنکھوں کا تحفہ ہیں، کاجل کاجل شام
واہ واہ کیا بات ہے واہ واہ

راجہ بھائی!

غزل آپ کو پسند آئی یہ میری خوش نصیبی ہے۔ آپ کی محبت کے لئے ممنون ہوں۔

مخلص
محمد احمد
 
الف عین

لائبریرین
واہ احمد ‌صاحب۔ کیا غزل نکالی ہے اور کیا زمین ہے۔۔۔
یہ بات تو درست ہے کہ ’نظم‘ کی جگہ ’غزل‘ آ سکتا تو بہتر تھا لیکن ہائے رے اوزان کی مجبوریاں!!!
 
محمداحمد

لائبریرین
رنگِ جنوں دل دیوانے پر دید کے پیاسے نین
تیری گلی، تیری دہلیزیں، پاگل پاگل شام

کیا خوبصورت غزل ہے احمد صاحب، واہ واہ لاجواب۔ بہت داد قبول کیجیئے۔

میرے خیال میں، اسی بندش میں نظم کو غزل کرنے سے وزن بگڑ جائے گا، نظم میں دوسرا حرف ساکن اور غزل میں متحرک ہے۔ ویسے 'غزل' آ سکتا ہے لیکن پھر مصرعے کی بندش بدلنی پڑے گی۔

وارث صاحب

یہ آپ کی محبت ہے کہ آپ نے میری ادنٰٰی کاوش پر اپنی قیمتی رائے کا اظہار کیا اور اس ناچیز کی حوصلہ افزائی بھی کی - بے حد ممنون ہوں۔

ساتھ ساتھ آپ سے رہنمائی کی بھی درخواست ہے۔

مخلص
محمد احمد
 
محمداحمد

لائبریرین
واہ احمد ‌صاحب۔ کیا غزل نکالی ہے اور کیا زمین ہے۔۔۔
یہ بات تو درست ہے کہ ’نظم‘ کی جگہ ’غزل‘ آ سکتا تو بہتر تھا لیکن ہائے رے اوزان کی مجبوریاں!!!

بہت شکریہ اعجاز صاحب اس حوصلہ افزائی کا۔

یہ بات تو واقعی ٹھیک ہے کہ غزل میں قافیہ اور ردیف کی مجبوریوں کی وجہ سے شاعر کو سمجھوتہ کرنا پڑتا ہے پر غزل پھر بھی غزل ہوتی ہے ۔ اور اس دامن کشی کم از کم میرے لئے ممکن نہیں۔
 
Top