سہیل تنویر کا تاریخی ریکارڈ، تین رنز کے عوض پانچ وکٹیں

_97595260_gettyimages-834107280.jpg

پاکستان کے سابق کرکٹر سہیل تنویر نے ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں سب سے کفایتی بولنگ کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
ویسٹ انڈیز میں جاری کیریبیئن پریمیئرلیگ (سی پی ایل) میں انھوں نے بارباڈوس ٹرائڈنٹس کے خلاف تین رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کر کے یہ ریکارڈ قائم کیا ہے۔
انھوں نے اپنے پہلے سپیل میں دو رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کی تھیں اور پھر اپنے سپیل کی آخری گیند پر انھوں نے اپنے ہی ہم وطن وہاب ریاض کا وکٹ حاصل کرکے یہ کارنامہ انجام دیا۔
٭ پاکستانی کھلاڑیوں کو کیریبئن لیگ کھیلنے کی اجازت مل گئی
سہیل تنویر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 'الفاظ سے زیادہ کام بولتے ہیں۔ الحمد للہ آج میں نے سب سے کفاتی پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے معاملے میں تاریخ رقم کی ہے اور لگاتار دوسری بار مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔'
خیال رہے کہ انڈیا میں ہونے والے ٹی ٹوئٹنی مقابلے آئی پی ایل کے پہلے سیزن میں سہیل تنویر نے اس وقت سنسنی پھیلا دی تھی جب انھوں نے چار اوورز میں 14 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
_97596076_untitled.jpg

گذشتہ رات سہیل تنویر کی ٹیم گیانا امیزون واريئرز نے پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے اور ٹرائڈنٹس کو جیتنے کے لیے 159 رنز کا ہدف دیا۔
لیکن ٹرائڈنٹس صرف 59 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور سہیل تنویر کی ٹیم نے یہ اہم مقابلہ 99 رنز سے جیت لیا۔
سہیل تنویر کا تین رنز پر پانچ وکٹ لینا افغانستان کے راشد خان اور سری لنکا کے رنگنا ہیراتھ کے کارنامے کی برابری تھی۔
راشد خان نے آئر لینڈ کے خلاف رواں سال تین رنز کے عوض پانچ وکٹیں لی تھیں جبکہ ہیراتھ نے سنہ 2014 کے ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ لیکن ان دونوں کھلاڑیوں نے پورے چار اوورز نہیں کیے تھے جبکہ سہیل تنویر نے پورے چار اوورز کیے اس لیے سب سے کفایتی بولنگ کا ریکارڈ سہیل تنویر کے نام جاتا ہے۔
سہیل نے اس میچ میں ڈوئن سمتھ، کین ولیمسن، ایون مورگن، کیرون پولارڈ اور وہاب ریاض کی وکٹیں لیں۔
سہیل تنویر ٹی ٹوئنٹی میں 273 وکٹ کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹ لینے کے معاملے میں ڈوئن براوو، لستھ ملنگا، سنیل ناراین اور یاسر عرفات کے بعد پانچویں نمبر پر ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے والے پہلے دس کھلاڑیوں میں پاکستان کے پانچ کھلاڑی ہیں جو اپنے آپ میں بڑا کارنامہ ہے۔
اس فہرست میں یاسر عرفات (281 وکٹ)چوتھے، سہیل تنویر (273 وکٹ) پانچویں، شاہد آفریدی (271 وکٹ) چھٹے، سعید اجمل (263 وکٹ) آٹھویں اور اظہر محمود (258 وکٹ)دسویں نمبر پر ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کے شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 98 وکٹ لینے والے کھلاڑی ہیں۔
سہیل تنویر کی تین رنز کے عوض پانچ وکٹیں - BBC Urdu
 
Top