ساز و مغنٌی.............ایک مکالمہ

فلک شیر

محفلین
مغنی نے گود میں لیے ساز کے تاروں کو سرسری چھیڑا ....... منہ بسورتے طفل کی سی صدا اُن میں سے برآمد ہوئی ........گویا ناراض ہوں.....اور رخصت کے طلب گار ہوں......مغنی مسکرایا اور سوال کیا .......
م:خفا کیوں ہو......تمہارا اور میرا کیا پردہ......کیا ہوا............بولو!
س:گاہے تمہاری انگلی مجھ پہ یوں پڑتی ہے.......جیسے ہجر کے بعد وصال میسر آنے والےباہم ملیں......اور گاہے یہی انگلیاں اجنبی لگتی ہیں.....کیوں؟
م: ارے بھئی تمہارا وہم ہے .....
س:تمہارے لیے تو میں محض تار کے چند ٹکڑوں کا مجموعہ ہوں.........آواز جس کے پہاڑ پچھم سے نکلتی اور تمہارے اُتر دکھن کو آسودہ کرتی ہے........ایک آلہ، جو بولتا ہے......ہنساتا ، رُلاتا اور رقص پہ آمادہ کرتا ہے........اوربس.......
م :ارے ارے نہیں.............تم تو سچ میں خفا ہونے لگے..........تم !............تو وہ ہو............دور والوں کوجو پاس بلاتا اور......پاس والوں کو دور لے جاتا ہے ........وادیوں، چراگاہوں، جھیلوں اور اونچی نیچی چھتوں والے مکانوں سے بہت دور ......آگے ، جہاں صرف خیال پہنچتا ہے........اُس سے بھی آگے، اُس چشمے تک......جہاں خود خیال جنم لیتا ہے .........تمنا کی وسعت کی خبر گاہے تم ہی دے پاتے ہو......کہ آفاق تک تمہاری رسائی ہے اور انفس کو آفاق کے رنگ میں تُم رنگ دیتے ہو.........ہمیشہ نہ سہی.........گاہ گاہ سہی........
س: تو پھر اکثریہ اجنبیت کیوں ..........لمس میں سچائی کیوں نہیں ؟.........کیوں؟..........باتیں تم بہت بناتے ہو .......اور گلا تمہارا بہت کھُلا ہے.........باتوں میں تم سے کون جیت پایاہے......مغنی جو ہوئے........
م:تمہارے بغیر مغنی ادھورا ہے........راگ کی شکل ابھارنا اُس اکیلے کے بس کی بات نہیں .........صرف گلے میں سوزنہیں ہوتا ......تمہاری تاروں سے بھی پھوٹتا ہے ، وہ مثل پھوار کے.....اور سنو، جادو ہاتھ میں نہیں .........تیرے وجود میں ہے ........تیرے وجود میں
س:میرے وجود میں؟ِ
م:تو اور کیا!.........تیرے وجود میں .........تمہارے اندر جو چھپا ہے.......اسے کون ڈھونڈ پایا ہے..........کن کن زمانوں کے راز .......کون کون سے مقامات کی سیر کی ہے تمہاری نواؤں نے........اور تیرے طفیل میں نے ایسے لمحے پائے ہیں .........کہ بولا جانے والا کوئی حرف بھی جن کا اظہار نہ کر پائے گا ..........خود کو سات سُروں تک محدود جانتے ہو تم .......اور نہیں جانتے کہ تم ہی تو ہو .........تم ہی !!
س: میں جانتا ہوں ........میں کیا ہوں .......کیا تھا .......اور آنے والے وقتوں میں کیا ہو کے رہوں گا ........جب میری آنکھیں بند ہوتی ہیں .......اور تمہاری انگلیوں میرے تاروں کو جھنجھوڑتی ہیں .......ایک ایسے سفر پہ میں نکلتا ہوں .........جہاں منزل نام کی کوئی چیز نہیں ہوتی ........رستہ کہاں سے ہو گا ........کائنات کے وہ گوشے ، جہاں کسی مخلوق کی نگاہ کبھی نہ پڑی ہو گی .....اُن میں سے کتنے ہی میں نے ان اسفار میں دیکھے ہیں ......تم میرے پاس بیٹھتے ہو......لیکن کم ہی میرے خیال کی رو کے راہی بن پاتے ہو .........کم ہی ......قلق ہے........قلق رہے گا
م:ایک بات تو بتاؤ ........یہ محرومی میرے مقدر میں کیوں ہے.........پاس ہو تے ہوئے دور ہونے کی .........اور.............دور ہو کے پاس نہ ہوپانے کی ..........
س:یہ سوال تم اُس سے کرنا ..........
م:کس سے؟
س:جس کا شعر تم اکثر الاپتے ہو ........
ج:ابو معین؟
س: ہاں ہاں وہی........
م:ہاں ، شاید وہ مجھے بتا سکے .......کہ لفظ اُسے اپنی باگ پکڑاتے ہیں ، کہ جدھر چاہے اُن کے قافلے کو موڑے ............اور جب چاہے اُن سے دان لے .........
س: اور کیا !
م: تمہیں یقین ہے، وہ دے پائے گا ان سوالوں کے جواب؟؟
س: شاید ...............لیکن ..............مجھے لگتا ہے ............شہر سے دوری اور صحرا سے قربت .........نامعلوم کے سفر اور اَن سُنے راگوں کی تلاش............ان سب سے آگے ہے کہیں میرے اور تیرے سوال کا جواب .........شاید ...........شاید ابو معین نے اس سے آگے سفر کیا ہو .........
م:شاید..............شاید
 

نایاب

لائبریرین
بلا شبہ بہت گہری باتیں ۔۔ مغنی و ساز کی
مغنی و سازکے درمیان یہ " ابو معین " کون ہے ۔۔۔۔۔ ؟
مجموعی طور پر بہت وسیع کینوس کی حامل اک ایسی تحریر
جو قاری کو سرسری طور خود پر سے گزر جانے کی اجازت نہیں دیتی ۔
لفظ در لفظ چونکاتی ہے اور خود میں محو کر لیتی ہے ۔۔۔۔۔۔۔
بہت دعائیں
 

فلک شیر

محفلین
بلا شبہ بہت گہری باتیں ۔۔ مغنی و ساز کی
مغنی و سازکے درمیان یہ " ابو معین " کون ہے ۔۔۔۔۔ ؟
مجموعی طور پر بہت وسیع کینوس کی حامل اک ایسی تحریر
جو قاری کو سرسری طور خود پر سے گزر جانے کی اجازت نہیں دیتی ۔
لفظ در لفظ چونکاتی ہے اور خود میں محو کر لیتی ہے ۔۔۔۔۔۔۔
بہت دعائیں
شکریہ نایاب بھائی ۔۔
دعاؤں کے لیے بارِ دگر تشکر ۔۔۔۔۔۔۔
یہ شاعر ۔۔۔۔۔۔سچے شاعر کا ایک کردار ہے ۔۔۔۔۔جو میری تحاریر میں کہیں نہ کہیں آ نکلتا ہے ۔۔۔۔۔آپ کہہ سکتے ہیں حق کی تلاش جس کا وظیفہ حیات ہے ۔۔۔۔نہ کہ محض فن سے تلذز اور ذاتی نمود ۔۔۔۔۔۔اس سلسلہ میں شاید کہیں آنس معین ، جو ملتان سے تھے ، ان کا نام میرے تحت الشعور میں پیوست ہے کہیں ۔۔۔۔۔ہر نظریاتی آدمی اور شاعر شاید ابو معین ہے ۔۔۔۔۔۔اپنے سچ کو پالتااور سینچتا ایمان کی طرح ۔۔۔۔۔۔
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
اشکوں میں جو پایا ہے وہ گیتوں میں دیا ہے
اس پر بھی سنا ہے کہ زمانے کو گلہ ہے
جو تار سے نکلی ہے وہ دھن سب نے سنی ہے
جو ساز پہ گزری ہے وہ کس دل کو پتا ہے

کیا ہی عمدہ اندازِ تحریر ہے آپ کا۔ اور تحریر اس سے بھی اعلیٰ و برتر۔۔۔ ماشاءاللہ
 

فلک شیر

محفلین
اشکوں میں جو پایا ہے وہ گیتوں میں دیا ہے
اس پر بھی سنا ہے کہ زمانے کو گلہ ہے
جو تار سے نکلی ہے وہ دھن سب نے سنی ہے
جو ساز پہ گزری ہے وہ کس دل کو پتا ہے

کیا ہی عمدہ اندازِ تحریر ہے آپ کا۔ اور تحریر اس سے بھی اعلیٰ و برتر۔۔۔ ماشاءاللہ
جنااااب ۔۔
جو ساز پہ گزری ہے ، وہ کس دل کو پتا ہے
محبت کے لیے تہ دل سے شکرگزار ہوں ۔۔۔۔۔۔
 

صائمہ شاہ

محفلین
اور وہی لکھ سکتا ہے جسے " لفظ اُسے اپنی باگ پکڑاتے ہیں ، کہ جدھر چاہے اُن کے قافلے کو موڑے ............اور جب چاہے اُن سے دان لے "
خوبصورت تحریر :)
 

ماہی احمد

لائبریرین
یہ پردے کے پیچهے سے جو بهی کہا جا رہا ہے، کیا خوب کہا جارہا ہے :)
اللہ پاک آپ سے راضی ہو اور آپ کو اپنی رضا میں راضی رکهے :)
 
Top