فارسی شاعری رباعیاتِ سرمد شہید مع اردو ترجمہ

محمد وارث

لائبریرین
بہت ہی عظیم اور نایاب رباعیات ہیں یہ. اور آپکے ترجمے کی بدولت میرے جیسا کج فہم بھی اس کو سمجھنے میں کامیاب ہو گیا. جزاک الله
دوسری بات یہ وارث بھائی کہ سرمد کے متعلق سنا تو ہے لیکن انکی سوانح عمری کے بارے میں کبھی کوئی مستند کتاب یا باب نظروں سے نہیں گزرا. اگر اس ضمن میں بھی تھوڑی سی رہنمائی مل جاتی!

شکریہ ذوالقرنین صاحب۔

سرمد کے حالات مشہور محقق شیخ محمد اکرام نے اپنی کتاب رودِ کوثر میں لکھے ہیں اور یہ کتاب عام ملتی ہے۔

سرمد پر ایک مستقل تصنیف مولانا ابوالکلام آزاد کی ہے حیاتِ سرمد کے نام سے لیکن یہ ڈھونڈنی پڑے گی۔
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
شکریہ ذوالقرنین صاحب۔

سرمد کے حالات مشہور محقق شیخ محمد اکرام نے اپنی کتاب رودِ کوثر میں لکھے ہیں اور یہ کتاب عام ملتی ہے۔

سرمد پر ایک مستقل تصنیف مولانا ابوالکلام آزاد کی ہے حیاتِ سرمد کے نام سے لیکن یہ ڈھونڈنی پڑے گی۔

شکریہ سر۔ یہ شیخ صاحب کی کتاب آسانی سے دستیاب ھوگی۔ کوئ آن لائن نسخہ بھی موجود ھے؟
 

محمد وارث

لائبریرین
ہستی بہ نظر، چہ شد اگر پنہانی
ایں رازِ نہفتہ را تو ہم می دانی
چوں شمع ز فانوس نمائی خود را
پیوستہ دریں لباسِ خود عریانی

تو میری نظر میں موجود ہے کیا ہوا اگر تو پنہاں ہے۔ اور یہ راز میرے ساتھ ساتھ تُو بھی جانتا ہے۔ جیسے شمع اگر فانوس میں بھی ہو تو نمایاں ہوتی ہے تو بھی ایسے ہی نمایاں ہے، تیرے اس لباس یعنی مستور ہونے سے بھی تیری عریانی یعنی ظاہر ہونا پیوستہ ہے۔
 

محمد وارث

لائبریرین
گر مُتّقیَم، کار بہ یار است مرا
با سبحہ و زنّار چہ کار است مرا
ایں خرقہٴ پشمینہ کہ صد فتنہ دروست
بارَش نہ کشم بدوش، عار است مرا

اگر میں متقی ہوں تو میرا کام صرف میرے یار ہی سے ہے(نہ کہ دنیا کو دکھانے کیلیے متقی بنا ہوا ہوں)۔ اس لیے مجھے تسبیح اور زنار سے کیا کام۔ یہ خرقہٴ پشمینہ کہ اس میں (ریا کار صوفیوں کے) سو سو فتنے ہیں، میں اس کا وزن اپنے کندھوں پر نہیں اٹھاتا کہ یہ میرے لیے عار ہے۔
 

محمد وارث

لائبریرین
آں کس کہ ترا تاجِ جہانبانی داد
مار را ہمہ اسبابِ پریشانی داد
پوشاند لباس ہر کرا عیبے دید
بے عیباں را لباسِ عریانی داد

وہ کہ جس نے تجھے جہانبانی کا تاج پہنایا اس نے ہمیں اسبابِ پرشیان دیے یعنی جمع کرنے کی ہر فکر سے آزاد کر دیا۔ یعنی جہاں جہاں اس نے عیب دیکھے ان کیلیے لباس دے دیا اور اور جس میں کوئی عیب نہیں تھا اس کو لباسِ عریانی یعنی کچھ نہیں دیا۔
 

محمد وارث

لائبریرین
در کوئے مغاں، موسمِ گُل، منزل کُن
خود را بدرِ جنوں بزن، غافل کُن
ایں خرقہٴ پشمینہ کہ بارست و وبال
از دوش بنہ، فراغتے حاصل کُن

موسمِ گُل میں کوئے مغاں میں جا کر بیٹھ جا، خود پر جنون طاری کر لے اور ہر چیز سے غافل ہوجا، یہ خرقہٴ پشمینہ کہ جو بوجھ اور وبال بنا ہوا ہے اس کو اپنے کاندھے سے اتار دے اور ہر قسم کے بوجھ اور وبال سے فارغ ہوجا۔
 

محمد وارث

لائبریرین
من تخمِ ہوس کاشتہ ام، غمگینم
صد رنگ گُلِ داغ ازو می چینم
طوفاں بشود اگر نہ گردد خاموش
ایںِ آتشِ خواہش کہ بخود می بینم

میں نے ہوس اور لالچ کے بیج بوئے سو ہر وقت غمگین ہی رہتا ہوں۔ اور ان بیجوں سے سو سو قسم کے بدنما پھول حاصل کر رہا ہوں۔ اگر خاموش نہ ہوئی اور نہ بجھی تو ایک طوفان بن جائے گی یہ خواہشوں کی آگ جو میں اپنے آپ میں لگی دیکھ رہا ہوں۔
 

محمد وارث

لائبریرین
ہرگز بخدا زہدِ ریائی نہ کنم
غیر از درِ معرفت گدائی نہ کنم
شاہی کنم و ملکِ فراغت گیرم
پیوستہ ز میخانہ جدائی نہ کنم

بخدا میں نے ہرگز ہرگز بھی ریاکاری کا زہد نہیں اپنایا اور درِ معرفت کے سوا کسی بھی در کی گدائی نہیں کی۔ میں اپنے ملکِ فراغت کی بادشاہی کرتا ہوں یعنی ہر طرح کی خواہشات سے بے فکر ہوں، میخانے سے پیوستہ ہوں اور اس سے کبھی بھی جدا نہیں ہوتا۔
 

محمد وارث

لائبریرین
دل باز گرفتارِ نگارے شدہ است
از فکر و غمِ لالہ عذارے شدہ است
من پیر و دلم ذوقِ جوانی دارد
ہنگامِ خزاں جوشِ بہارے شدہ است

دل ایک بار پھر محبوب کے عشق میں گرفتار ہو گیا ہے، اور اس لالہ رخ کے فکر و غم میں مبتلا ہو گیا ہے۔ میں بوڑھا ہوں لیکن میرا دل ذوقِ جوانی رکھتا ہے۔ یعنی خزاں کے ہنگام میں جوشِ بہاری پیدا ہو گیا ہے۔
 

محمد وارث

لائبریرین
از مردمِ دنیا و ز دنیا وحشت
ہرچند بگیری، نہ کف آری راحت
ہنگامِ بہار و ہم خزانش دیدم
در باغِ جہاں نیست گُلے جز عبرت

دنیا کے لوگوں اور دنیا سے وحشت اور دُوری ہی بہتر ہے۔ ہرچند کہ کہ تو اس کو چاہے اور حاصل کر لے ازلی راحت تیرے ہاتھ نہ آئے گی بلکہ دنیاوی خواہشات بڑھتی ہی چلی جائیں گی۔ میں نے دنیا کی بہار کے ہنگامے اور اسکی خزاں کے جلوے سب دیکھے ہیں لیکن دنیا کے باغ میں کوئی پھول نہیں ہے بجز عبرت کے پھول کے۔
 

محمد وارث

لائبریرین
چوں پیر شدم گناہ گردید جواں
بشگفت گُلِ داغ بہنگامِ خزاں
ایں لالہ رخاں، طفل مزاجم کردند
گہ متّقیَم، گاہ سراپا عصیاں

جب میں بوڑھا ہوا تو میرے گناہ جوان ہو گئے۔ گویا عین خزاں میں گلِ داغ کھل اٹھا۔ ان لالہ رخوں نے میرا مزاج بچوں جیسا کر دیا ہے کہ کبھی تو میں متقی ہوں اور کبھی سراپا گنہگار۔
 

سید زبیر

محفلین
کیا بات ہے بہت خوب
جب میں بوڑھا ہوا تو میرے گناہ جوان ہو گئے۔ گویا عین خزاں میں گلِ داغ کھل اٹھا۔ ان لالہ رخوں نے میرا مزاج بچوں جیسا کر دیا ہے کہ کبھی تو میں متقی ہوں اور کبھی سراپا گنہگار۔​
 

محمد وارث

لائبریرین
گہ شہر و دیار، گہ بصحرا رفتی
در راہِ ہوس بصد تمنّا رفتی
ایں قافلہ نزدیک سرِ منزل شد
اتمامِ سفر گشت، کجا ہا رفتی

کبھی تو شہروں شہروں گھومتا رہا اور کبھی صحرا میں۔ ہوس کی راہ میں تُو سینکڑوں تمناؤں کے ساتھ چلتا رہا۔ یہ (زندگی کا) قافلہ منزل کے نزدیک آ پہنچا اور سفر تمام ہونے کو آیا، (خود ہی سوچ کہ) تُو کہاں کہاں (بے فائدہ ہی) گھومتا رہا۔
 

محمد وارث

لائبریرین
بنگر کہ عزیزاں ہمہ در خاک شدند
در صید گہِ فنا بفتراک شدند
آخر ہمہ را خاک نشیں باید شد
گیرم کہ برفعت ہمہ افلاک شدند

دیکھو کہ سب عزیز و اقارب خاک میں چلے گئے۔ فنا کی شکار گاہ میں فتراک میں چلے گئے۔ آخر سبھی کو خاک نشیں ہی ہونا ہے، چاہے وہ رفعتوں میں افلاک ہی کیوں نہ ہو جائیں، میں نے جان لیا۔
 

محمد وارث

لائبریرین
ہر کس بہوس باغِ جہاں دید و گذشت
خار و گلِ پژمردہ بہم چید و گذشت
ایں صورتِ ہستی کہ تمامش معنیست
افسوس بر آں کس کہ نہ فہمید و گذشت

ہر کسی نے اس باغِ جہاں کو ہوس اور چاہ سے دیکھا اور چلا گیا، کانٹوں اور مرجھائے ہوئے ہھولوں کے سوا کچھ بھی نہ چنا اور چلا گیا۔ یہ زندگی کہ تمام کی تمام (سمجھ میں آ جانے والی اور کھلی کھلی نشانیوں کے ساتھ) معنی ہے، افسوس اُس پر کہ جس نے اسے نہ سمجھا اور چلا گیا۔
 

حسان خان

لائبریرین
سرمد پر ایک مستقل تصنیف مولانا ابوالکلام آزاد کی ہے حیاتِ سرمد کے نام سے لیکن یہ ڈھونڈنی پڑے گی۔

شکریہ سر۔ یہ شیخ صاحب کی کتاب آسانی سے دستیاب ھوگی۔ کوئ آن لائن نسخہ بھی موجود ھے؟

مولانا ابوالکلام آزاد کی یہ تصنیف سکربڈ پر موجود ہے۔ چونکہ مجھے نہیں پتا کہ یہ کتاب جملہ حقوق سے آزاد ہے یا نہیں، اس لیے اس کتاب کا ربط آپ کو ذاتی پیغام میں بھیج رہا ہوں۔
 

محمد وارث

لائبریرین
مولانا ابوالکلام آزاد کی یہ تصنیف سکربڈ پر موجود ہے۔ چونکہ مجھے نہیں پتا کہ یہ کتاب جملہ حقوق سے آزاد ہے یا نہیں، اس لیے اس کتاب کا ربط آپ کو ذاتی پیغام میں بھیج رہا ہوں۔

شکریہ حسان صاحب، مولانا آزاد کی تمام تصانیف جملہ حقوق سے آزاد ہو چکی ہیں۔
 

محمد وارث

لائبریرین
از کارِ جہاں عقدہ کشودم ہمہ را
در محنت و اندوہ ربودم ہمہ را
حق دانی و انصاف نہ دیدم ز کسے
دیدم ہمہ را و آزمودم ہمہ را

اس کارِ جہاں میں میں نے سب کے عقدے وا کیے، اور سب کسی کے محن و رنج و غم دُور کیے لیکن میں نے کسی میں بھی حق شناسی اور انصاف نہ دیکھا گو میں نے سب کو دیکھا اور سب کو آزمایا۔
 
Top