کل اپنی ایک لڑی ڈھونڈتے ہوئے نظر پڑی کہ میں اردو محفل پر 199لڑیاں بنا چکا ہوں۔ تو خیال آیا کہ کیوں نہ اپنا جائزہ لیا جائے کہ میں اب تک محفل کو کیا دے سکا ہوں۔ کچھ سطحی اندازے تو تھے کہ زیادہ پوسٹس کہاں کی ہیں، مگر ایک تفصیلی جائزہ لینے کا خیال دلچسپ معلوم ہوا۔
جب جائزہ مکمل کیا تو معلوم ہوا کہ جو کچھ محفل کو دینے کے قابل ہو سکا ہوں اس میں ایک بڑا حصہ محفل کا ہی ہے۔
موضوعات کو چند بڑے موضوعات میں تقسیم کیا تو کچھ اس طرح کے نتائج سامنے آئے۔
1۔ پسندیدہ کلام، نعت، منقبت، تحریر:
سب سے زیادہ یعنی 65.5فیصد حصہ ان کا رہا۔ اور اس میں سے 70-75 فیصد حصہ میرے دادا مرحوم کے کلام کا ہے۔ اور چونکہ دادا کے کلام کو برقیانے کا فیصلہ محفل سے متاثر ہو کر ہی کیا تھا تو اس کا کریڈٹ بھی محفل کو ہی جاتا ہے۔
2۔ اپنی تحاریر و کاوشات :
دوسرے نمبر پر یعنی 16 فیصد حصہ ایسی لڑیوں کا ہے، جو میری اپنی تحاریر ،1-2 شعری کاوشات، تصاویر،لطائف ہیں۔ تو یہ بھی سراسر محفل سے کمایا ہوا سرمایہ ہی ہے ۔ ورنہ اس سے پہلے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اتنا بھی لکھ پاؤں گا۔
3۔ خبریں، کھیل، کالم:
تیسرے نمبر پر یعنی 8.5 فیصد حصہ خبروں ، اور کھیل پر مشتمل ہے۔ جس میں زیادہ حصہ کھیل کا ہے اور اس میں سے بھی 90فیصد کرکٹ کا۔
4۔ محفل، محفلین اور تہنیتی، تاسفی پیغامات:
چوتھے نمبر پر یعنی 6 فیصد حصہ محفل اور محفلین یا پھر تہنیتی اور تاسفی پیغامات کا ہے۔ جس میں میرا تعارف، محفل کی سالگرہ پر تحریر، ملاقات پر تحریر اور مختلف اقسام کی مبارکبادی یا تاسفی لڑیاں شامل ہیں۔
5- آئی ٹی:
پانچویں اور آخری نمبر پر یعنی 4 فیصد حصہ آئی ٹی سے متعلق ہے۔ جس پر مجھے توجہ دینے کی ضرورت ہے کہ اپنی فیلڈ سے متعلق زیادہ حصہ ہونا چاہیے تھا۔ اس میں زیادہ حصہ میری تین اینڈرائڈ ایپس کا ہے، جن کو بنانے میں محفل کی مدد اور محفلین کی حوصلہ افزائی شاملِ حال رہی۔
محفل اور محفلین کا شکریہ کہ جنہوں نے مجھے سکھایااور میرا حوصلہ بڑھایا۔ اللہ آپ سب کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین۔