کاشفی

محفلین
تحریک طالبان نے کراچی میں جگہ بنا لی ہے ،انٹیلی جنس رپورٹ
Pakistan-Terrorism-IB-TalibanInKarachi_9-4-2013_116756_l.jpg

کراچی…انٹیلے جنس اداروں نے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں انکشاف کیاہے کہ تحریک طالبان نے کراچی میں جگہ بنا لی ہے ، القاعدہ اورجنداللہ بھی اغوا برائے تاوان اور بڑے جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ 458 ٹارگٹ کلرز کا پتہ لگایا گیا ہے، جنہیں مختلف سیاسی اور فرقہ وارانہ جماعتوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت کراچی پر کابینہ کے خصوصی اجلاس میں انٹیلے جنس اداروں کے اعلیٰ حکام نے اپنی رپورٹس میں کئی اہم انکشافات کیے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق انٹیلے جنس حکام نے بتایاکہ کراچی کا امن تباہ کرنے میں کئی کالعدم تنظیمیوں کا ہاتھ ہے جو سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں ۔ انٹیلے جنس حکام کے مطابق لشکر جھنگوی اور لیاری گینگ کا گٹھ جوڑ ہوچکاہے،تحریک طالبان نے بھی کراچی میں جگہ بنالی ہے اور وہ القاعدہ کے ساتھ مل کر اغواء برائے تاوان کی وارداتیں کر رہی ہے جب کہ جنداللہ گروپ بھی کراچی میں جرائم کی بڑی وارداتوں میں ملوث ہے۔انٹیلے جنس حکام نے انکشاف کیاہے کہ 458 ایسے ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ افراد کا سراغ لگایا گیا ہے جنہیں مختلف سیاسی اور فرقہ وارانہ جماعتوں کی پشت پناہی حاصل ہے جس کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ڈی جی آئی بی نے بتایا کہ کئی بڑی وارداتوں سے پہلے ہی ٹھوس معلومات پولیس کے ساتھ شیئر کی گئیں اور بر وقت کارروائی کر کے بڑے ملزم بھی پکڑ لیے گئے۔ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں وفاقی وزراء نے بھی کئی اہم تجاویز دیں۔ خواجہ آصف نے کہاکہ کراچی کا مسئلہ ایک کینسر ہے جو سر درد کی دوا سے ٹھیک نہیں ہوسکتا،ٹارگٹ کلرز کے خلاف فوری کارروائی کی جانی چاہیے۔ راناتنویر اور ریاض پیرزادہ نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں بھی جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کرتی ہیں ، اِس کی روک تھام کے لیے بھی موثر حکمت عملی بنائی جائے اور فوری ایکشن کیا جائے۔ عبدالقادربلوچ نے تجویز دی کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھارت کے پوٹو اور ٹاڈا کی طرز پر سخت قوانین بنائے جائیں۔وزیر اعظم نے اجلاس کو یقین دلایا کہ کراچی کوہر قیمت پر محفوظ اور خوشحال بنائیں گے۔
 
Top