بچوں کی نظمیں

عندلیب

محفلین
بچوں کی نظمیں

میری گڑیا

پیاری پیاری ، گڑیا میری
راج دُلاری ، گڑیا میری

رنگ برنگے کپڑے پہنے
تن پر اس کے ، سجے گہنے

اس سے ، اپنا دل بہلاؤں
اس کو ، اپنے پاس سلاؤں

میں اس سے باتیں کرتی ہوں
اس کی صورت پر مرتی ہوں

میں اس کو زیور پہنا کر
رکھوں گی اب دلہن بنا کر

گڑیا ہے زینت کی عادی
سج کر لگتی ہے ، شہزادی

۔ مجاہد لکھیم پوری
 

الف عین

لائبریرین
میں نے اپنی بیٹی نبیلہ کی بھی ایک نظم یہاں کہیں پوسٹ کی تھی اسی عنوان کی۔ ڈھونڈھو بھئ، میں بھی دیکھتا ہوں۔
 

فرحت کیانی

لائبریرین
میں نے اپنی بیٹی نبیلہ کی بھی ایک نظم یہاں کہیں پوسٹ کی تھی اسی عنوان کی۔ ڈھونڈھو بھئ، میں بھی دیکھتا ہوں۔

میری گڑیا​


نبیلہ اعجاز​

گڑیا پیاری پیاری تو
سب سے نیاری نیاری تو

تیرا سندر نام رکھوں میں
پیار سے تجھ کو چانک کہوں میں
میری راج دلاری تو
گڑیا پیاری پیاری تو

گودی میں لے تجھے بٹھاؤں
لوری دے کر تجھے سلاؤں
میری راج کماری تو
گڑیا پیاری پیاری تو

تجھ کو پڑھنا سکھاؤں گی
بہت سی ودّیا دلاؤں گی
بنے بڑی ادھکاری* تو
گڑیا پیاری پیاری تو

دلہن تجھے بناؤں میں
تہرا بیاہ رچاؤں میں
واہ رہ لاج کی ماری تو
گڑیا پیاری پیاری تو

گڑیا پیاری پیاری تو
سب سے نیاری نیاری تو​

۔۔۔۔۔۔
*۔ ادھکاری۔۔ افسر



مجھے یاد تھی یہ نظم ۔ گوشہء اطفال میں یہاں پڑھی تھی۔
 

عندلیب

محفلین
تِتلی

تِتلی

اچھی اچھی ، پیاری تتلی
رنگ رنگیلی ، نیاری تتلی

ڈالی ڈالی ، اُڑتی جائے
پھول پھول کا رس پی آئے

پکڑو ، تو اُڑ جاتی ہے یہ
اِدھر اُدھر مُڑ جاتی ہے یہ

پھرتی ماری ماری تتلی
رنگ رنگیلی ، نیاری تتلی

نرم ملائم ، چکنے چکنے
پَر ہیں اس کے مخمل جیسے

پھول پھول کا رنگ اُڑا کر
اپنے پنکھوں پر پھیلا کر

کرتی ہے ، گل کاری تتلی
رنگ رنگیلی ، نیاری تتلی

سب کے دل کو بھانے والی
ہاتھ مگر کب آنے والی

ہری ، گلابی ، چتلی ، پیلی
کالی ، لال ، سنہری ، نیلی

رب نے خوب سنواری تتلی
رنگ رنگیلی ، نیاری تتلی

۔ مجاہد لکھیم پوری
 

عندلیب

محفلین
سبزی والا

آیا سبزی والا آیا
تازہ ہر ترکاری لایا

لو وہ سبزی تول رہا ہے
چیخ چیخ کر بول رہا ہے

گوبھی لے لو، آلو لے لو
آؤ میرے خالو! لے لو

شلجم لے لو ، مولی لے لو
کچھ تو میری باجی لے لو

اروی لے لو ، ٹِنڈا لے لو
کچھ تو میرے چاچا لے لو

میتھی پالک اور ٹماٹر
مٹر پھلی ، بھنڈی اور گاجر

پروَل ، لوکی ، سویا لے لو
لے لو میرے بھیّا لے لو

جو دل میں آئے وہ کھاؤ
من بھاتی سبزی لے جاؤ

سڑی گلی چیزیں مت کھانا
بیماری سے خود کو بچانا

طرح طرح کی سبزی کھاؤ
اپنے مالک کے گن گاؤ

آیا سبزی والا آیا
تازہ ہر ترکاری لایا

۔ مجاہد لکھیم پوری
 
Top