برائے اصلاح ۔ وہ عجزِ نظر ہے کہ دکھائی نہیں دیتا

محمد عبدالرؤوف

لائبریرین
محترم اساتذہ الف عین ، ظہیراحمدظہیر ، یاسر شاہ ، سید عاطف علی ،

وہ عجزِ نظر ہے کہ دکھائی نہیں دیتا
کس سمت سفر ہے کہ دکھائی نہیں دیتا

اپنوں کے ہر اک عیب پہ رکھتے ہو نظر تم
دشمن کا مکر ہے کہ دکھائی نہیں دیتا

کیوں دیکھنے والوں کو بھی، درماندہ و پامال
اک میرا ہی گھر ہے کہ دکھائی نہیں دیتا

باہم یوں ہوئے گھر کے مکیں دست و گریباں
گھر زیر و زبر ہے کہ دکھائی نہیں دیتا

بے نور ہیں آنکھیں کہ دماغوں میں خلل ہے
کچھ پیشِ نظر ہے کہ دکھائی نہیں دیتا

وہ دجل کا ہے اب کہ گھٹا ٹوپ اندھیرا
امکانِ سحر ہے کہ دکھائی نہیں دیتا

روتا تو ہوں میں قلتِ اسباب پہ لیکن
میدانِ بدر ہے کہ دکھائی نہیں دیتا
 
سیما علی

لائبریرین
وہ دجل کا ہے اب کہ گھٹا ٹوپ اندھیرا
امکانِ سحر ہے کہ دکھائی نہیں دیتا

روتا تو ہوں میں قلتِ اسباب پہ لیکن
میدانِ بدر ہے کہ دکھائی نہیں دیتا
بہت خوبصورت انداز
ماشاء اللہ
ماشاء اللہ
دل بے حد دُکھی ہے پر عجب بے بسی کا عالم ہے اور ہم ہیں ۔
 
سید عاطف علی

لائبریرین
مکر کا۔لفظ ۔ فعل کے وزن کا ہے ۔
جیسے دشمن کا مگر مکر دکھائی نہیں دیتا۔
درماندگی اور پامالی کی صفات ۔ مسافر اور رستے کے لیے مناسب ہوں گی، گھر کے لیے کچھ اور ہونا چاہیئے۔

خلل اور دجل والے۔مصرع کمزور بیانیہ پیش کر رہے ہیں انہیں بہتر ہونا چاہیئے۔
بدر والا مصرع بھی مکر والی بات کا شکار ہے۔
باقی مصرعے۔اچھے ہیں ۔
 
بہت بہتر۔ میں دوبارہ کوشش کرتا ہوں۔
بدر والا مصرع بھی مکر والی بات کا شکار ہے۔
کیا مصرعہ اولی میں "لیکن" سے یہ کمی پوری نہ ہو گی؟
 
الف عین

لائبریرین
سید عاطف علی کی بات سمجھے نہیں تم، مکر اور بدر میں بالترتیب 'ک' اور 'د' پر سکون ہے، بطور فتحہ ہی قافیہ بن سکتا ہے۔ بھائی عاطف کی اصلاح میں تو زمین ہی پیروں کے نیچے سے کھسک گئی ہے!
 
اوہو۔۔۔۔۔ یہ تو فاش غلطی ہو گئی۔۔
غلطیاں سدھار کر ان شاءاللہ پھر پیش کرتا ہوں
 
صابرہ امین

لائبریرین
خوبصورت غزل۔ ماشا اللہ
باہم یوں ہوئے گھر کے مکیں دست و گریباں
گھر زیر و زبر ہے کہ دکھائی نہیں دیتا

بہت اچھے!!
 
آخری تدوین:
Top