ایک سچی آپ بیتی

خرد اعوان

محفلین
السلام علیکم

یہان‌ میں‌ کوئی سنی سنائی بات تحریر کرنے نہیں‌جا رہی بلکہ ایک سچی آپ بیتی شئیر کروں گی ۔ یہ آپ بیتی ہے مسز محمود کی جو چکار آذاد کشمیر سے تعلق رکھتیں ہیں اور زلزلے کے دو سال کے بعد جدہ میں‌مستقل سکونت اختیار کرنے کے لئے اپنے شوہر کے پاس آگئیں تھیں‌ ۔ ملاقات پر جب ان سے وہاں کے حالات جانے تو دل کیا کہ ان حالات کو بھی شئیر کرنا چاہیے ہے ۔ تو زلزلہ کی کہانی متاثرہ خاتون کی زبانی سنتے ہیں‌۔


"چونکہ رمضان المبارک کا مہینہ تھا اس لئے ہم لوگ سحری کرکے نماز وغیرہ پڑھنے لگے تھے ۔ میری بہن راولپنڈی سے آئی ہوئی تھی جس کی طبیعت کچھ ناساز تھی ۔ نماز پڑھ کر میرا بھائی بھی واپس آگیا ۔ بہن کی وجہ سے میں ، والدہ اور والد جاگ رہے تھے اور اس کے ساتھ ہی گھر کی تیسری منزل پر تھے جہاں ہمارا کچن بھی تھا ۔ ہم لوگ نماز کے بعد سوئے نہیں بلکہ باتیں کر رہے تھے ۔ وقت گزرنے کا پتہ بھی نہیں چلا اور پھر اچانک ہمیں لگا کہ ہمارا گھر ہل رہا ہے ہم نے سیڑھیوں کی طرف جانے کی کوشش کی تو چھت کا کچھ حصہ ٹوٹ کر سیڑھیوں کو بلاک کر گیا ہم واپس پلٹ کر بھاگے تو باقی کی چھت لگا کہ ہمارے اوپر آکر گر جائے گی ۔ میں نے آیتہ کریمہ کا ورد لاشعوری طور پر کرنا شروع کر دیا اور پھر اچانک لگا کہ چھت کو کسی نے الٹ کر پیچھے والے نالے میں پھینک دیا ہو ۔ ہمارا گھر چونکہ کافی پرانا بنا ہوا تھا اس لیے ہمیں ایسا محسوس ہوا کہ شاید یہ ہمارے گھر کے ساتھ ہی ہوا ہے ۔ تیسری منزل کی چھت چونکہ گر چکی تھی اس لئے ہم نے جب جھانک کر دیکھا تو کمرے کی اونچائی زمین کے برابر ہو چکی تھی ۔ ہم اپنے اوپر سے گرد جھاڑتے ہوئے باہر نکل آئے ۔ جب اردگرد نظر ڈالی تو معلوم ہواکہ سب کچھ تباہ ہو چکا ہے کوئی گھر نہ بچا تھا ۔ میرا بھائی گھر کی نچلی منزل پر سو رہا تھا لیکن اس کی بھی کوئی خبر نہ تھی ۔ ہم لوگوں کے پاس سر ڈھانکنے کو کوئی چادر نہیں تھی ۔ گاؤں کے وہ لوگ جو بچ گئے تھے یا زخمی تھے انہوں نے گھروں کو کھود کر کپڑے نکالے اور ہمیں اوڑھنے کے لئے دئیے ۔ پورے گاؤں کی کچھ عجیب حالت تھی کوئی گھر سلامت نہ تھا ۔ ہم سب روزے سے تھے ۔ لیکن شام تک کوئی امداد نہ پہنچنے کیوجہ سے لوگوں نے جہاں جہاں دکانیں تھیں وہاں کی زمین کو کھودا اور پھر اشیاء خوردونوش کا انتظام کیا ۔ ہم لوگوں کا دھیان مسلسل اپنے بھائی کی طرف تھا جو نچلی منزل میں پھنسا ہوا تھا ۔ تین منزلہ گھر زمین میں ایسے دھنس گیا تھا جیسے کوئی سوئچ کسی ساکٹ میں بآسانی چلا جاتا ہے ۔ کبھی زندگی میں سوچا بھی نہ تھا کہ ایسے ناقابل یقین اور عبرت انگیز مناظر دیکھنے پڑیں گے ۔

دن پر دن گزرے اور حکومت کی کوئی مدد ہم تک نہ پہنچی ۔ گاؤں کے لوگوں کی مدد سے کسی نہ کسی طرح ہم نے اپنے گھر کی دوسری منزل کی چھت جو کہ تیسری منزل کا فرش بھی تھا ہٹائی اور اسی طرح کرتے کرتے سات دن لگ گئے اور بمشکل ہم نچلی منزل تک پہنچے بارش ہو جانے کے باعث وہاں پانی موجود تھا اور میرا بھائی مردہ حالت میں پڑا ہوا تھا ۔ اس کے جسم پر ہلکی ہلکی سوجن آگئی تھی نامعلوم کب حالات سے لڑتے ہوئے اس نے جان دی تھی ۔ اس کا بستر اور کمبل اپنی جگہ تھا اور وہ کمرے سے باہر نچلی منزل کے دالان میں پڑا ہوا تھا ۔ ہمارے رشتہ دار راوالپنڈی سے کسی نہ کسی طرح چکار پہنچے ۔ تمام راستے مسدود تھے ۔ زلزلے کی وجہ سے جہاں پہاڑ تھے وہاں جھیلیں بن گئیں تھیں اور جہاں جھیلیں تھیں وہاں پہاڑ آگئے تھے ۔ راستوں کا بھی کچھ سمجھ میں نہیں آتا تھا ۔ حکومتی امداد مظفر آباد سے آگے کسی گاؤں تک نہ پہنچی تھی ۔ گھر ٹوٹ چکے تھے ۔ شدید سردی کے موسم میں ہمیں اﷲ کے سوا کسی کا آسرا نہ تھا ۔ پنڈی سے پہنچنے والے رشتے دار کسی نے کسی طرح کرکے ہمیں بھی پنڈی لے کر آگئے ۔ حالات کچھ نارمل ہوئے تو ہم واپس اپنے گاؤں گئے اور مکان کی تعمیر اپنی مدد آپ کے تحت کی ۔ حکومت نے صرف فی گھرانہ اسی ہزار کی مدد کا اعلان کیا تھا ۔ جو بعد میں ملے بھی ۔ گھر تو تعمیر ہو گیا لیکن کتنے ہی مہینے ہم سکون کی نیند نہ لے سکے ۔ آج بھی وہ مناظر نظروں میں گھومتے ہیں تو نیند آنکھوں سے کوسوں دور چلی جاتی ہے ۔ اﷲ بہتر جانتا ہے کہ یہ اﷲ کا عذاب تھا یا ہماری آزمائش ۔ بہرحال وقت تو گزر گیا لیکن یہ خلش تاحیات باقی رہے گی کہ اگر حکومت وقت کی امداد بروقت ہم تک پہنچ جاتی اور گھروں کی کھدائی کا کام جلد شروع ہو جاتا تو شاید ہمارا بھائی بچ جاتا ۔ والدہ کہتی ہیں کہ صبر کرو اس کی زندگی ہی اتنی تھی لیکن حکومت وقت کی بے حسی کو نظر انداز کرنا کبھی کبھی بہت مشکل ہو جاتا ہے ۔ "
 

خرد اعوان

محفلین
بہت شکریہ خرد۔ یہ کہانی تو اس علاقے کے ہر گھر کی کہانی ہے۔ ہر ایک کے ساتھ ایسا ہی ہوا تھا۔

جی مگر بہت سے گھر تو ایسے تھے جو یہ کہانی سنانے کے لئے زندہ بھی نہیں‌بچے تھے ۔ اپنے گھروں میں‌ محو خواب انہیں یہ معلوم ہی نہ ہوا کہ وہ کتنی بڑی تباہی کا حصہ بن گئے ۔ انہیں خاتون کی خالہ جو دوسرے شہر گئیں‌ہوئیں تھیں اپنی بیٹی م داماد اور اسکے دو بچوں کو گھر پر چھوڑ کر واپسی پر انہیں‌ اپنے گھر کا سراغ بھی نہ ملا ۔ ان کی بیٹی کا ایک بچہ ان کے ساتھ تھا اور وہ اب بھی ہے لیکن اس کے والدین اور دو بہن بھائی اس ہولناک ترین حادثہ کا شکار ہو گئے ۔
 

مغزل

محفلین
سچ کہا ، دراصل یہ تذکرہ ہے ہی اس لیے کہ ان کی مصیبتوں کو یاد رکھا جائے ، ایک بار پھر شکریہ
 

شمشاد

لائبریرین
خرد جی وہاں کس کس کا حال سانئیں۔ وہاں تو ایسا بھی ہوا کہ مدد کے لیے جانے والے بعد میں کسی پرانے گھر کے گرنے سے ملبے تلے دب گئے۔
 

خرد اعوان

محفلین
خرد جی وہاں کس کس کا حال سانئیں۔ وہاں تو ایسا بھی ہوا کہ مدد کے لیے جانے والے بعد میں کسی پرانے گھر کے گرنے سے ملبے تلے دب گئے۔

بس یہی یاد رکھنا ہے کہ قضا آتے دیر نہیں لگتی ۔ ساری اکڑ سارا غرور گرد تلے دب جاتا ہے ۔
 

محمد نعمان

محفلین
شمشاد بھائی وہ کہتے ہیں نا کہ اللہ کو تو ہر کوئی (ہر مذہب ) مانتا ہے ، مگر اللہ کی کوئی نہیں مانتا۔۔۔
یہاں بھی وہی چکر ہے کہ موت کو تو ہر کوئی مانتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔!
 

علی ذاکر

محفلین
زلزلہ سے ایک بات بہت کھل کے واضح ہو گئ تھی کہ پاکستان کی عوام اب بھی ایک ہے پاکستان کیا دنیا میں جہاں بھی پاکستانی آباد ہیں انہوں نے دل کھول کر امداد دی تھی پاکستانی تو پاکستانی دنیا میں جتنے مسلم برادری ہیں وہ بھی پیچے نہیں ہوئیں لیکن حکومت کا سبحان اللہ ہے جتنی امداد پاکستان کو ملی تھی اس سے پاکستان جیسے تین ملک آباد ہو سکتے تھے لیکن ھکومت ایسے ہڑپ ک گئ ہر چیز جیسے یہ کسی بہانہ کی تلاش مین تھے جیسے ہی بہانہ ملا نکل گئے ہر چیز !

مع السلام
 

خرد اعوان

محفلین
زلزلہ سے ایک بات بہت کھل کے واضح ہو گئ تھی کہ پاکستان کی عوام اب بھی ایک ہے پاکستان کیا دنیا میں جہاں بھی پاکستانی آباد ہیں انہوں نے دل کھول کر امداد دی تھی پاکستانی تو پاکستانی دنیا میں جتنے مسلم برادری ہیں وہ بھی پیچے نہیں ہوئیں لیکن حکومت کا سبحان اللہ ہے جتنی امداد پاکستان کو ملی تھی اس سے پاکستان جیسے تین ملک آباد ہو سکتے تھے لیکن ھکومت ایسے ہڑپ ک گئ ہر چیز جیسے یہ کسی بہانہ کی تلاش مین تھے جیسے ہی بہانہ ملا نکل گئے ہر چیز !
مع السلام

نہیں‌علی ذاکر ایسی بات نہیں‌ہے صرف حکومت ہی نہیں‌۔ جن خاتون کی یہ کہانی ہے ان کے شوہر یہیں کام کرتے ہیں‌عربوںنے بھی دل کھول کر ان کی مدد کی تھی لیکن انہوں نے اس پیسے سے اپنی شادی کی تیاری کی اور خوب زیور کپڑے فرنیچر خریدا ۔ ہم جیسے منہ پھٹ لوگوں نے جب کہا کہ یہ صحیح‌نہیں ہے تو بولے کیوں‌صحیح‌نہیں‌ہے بھائی ہم بھی زلزلہ زدگان میں‌سے ہی ہیں‌۔

ہم لوگ تو اس وقت کراچی میں‌تھے اور ٹی وی تک پر دکھایا گیا تھا کہ لوگوں نے اپنے گھروں کا کچرا امداد میں دے کر تسکین حاصل کرلی ہے ۔ کچرے سے مراد وہ کپڑے جو کبھی شادیوں‌میں‌پہنے تھے اور اب آؤٹ آف فیشن ہیں‌ ۔ ٹی وی سے بھی شاید طلعت حسین نے درخواست کی تھی کہ وہاں‌سردی بہت شدید ہے اسلیے پلیز ایسے کپڑے نہ دیں‌بلکہ گرم کپڑے دیں‌۔ مجھے تو ایسا لگ رہا تھا کہ زلزلہ کشمیر میں‌آیا اور دماغ یہاں والوں‌کے ہل گئے ۔ خیر اس دوران ہم پاکستانی عوام کے جذبے کو تو خراج تحسین پیش کریں‌گے لیکن ہر جگہ کچھ عناصر ایسے بھی ہوتے ہیں‌جن کے بےوقوفانہ یا کسی حد تک خودغرضانہ عمل سے جذبات کو سخت ٹھیس پہنچتی ہے ۔
 

میر انیس

لائبریرین
شمشاد بھائی وہ کہتے ہیں نا کہ اللہ کو تو ہر کوئی (ہر مذہب ) مانتا ہے ، مگر اللہ کی کوئی نہیں مانتا۔۔۔
یہاں بھی وہی چکر ہے کہ موت کو تو ہر کوئی مانتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔!

نعمان بھائی پر ایسی موت اللہ کسی کو نہ دے ۔ اور ایسا وقت ہمارے ملک پر کبھی نہیں آئے ۔
 
Top