تعارف اک سنگ بد نما ہے بظاہر میرا تعارف۔۔۔۔۔

منقب سید

محفلین
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
زندگی کا سب سے مشکل کام اپنا تعارف ہے جس کو اپنی ناقص عقل کے مطابق سر انجام دے رہا ہوں۔ خاکسار کو منقب کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ پیدائش پہلوانوں کے شہر کی ہے تاہم پہلے تعلیم پھر روزگار نے جائے پیدائش سے دوری میں اہم کردار ادا کیا اور اب چونکہ کاروباری سلسلے میں زیادہ وقت سفر میں ہی گزرتا ہے اس لئے کوئی مستقل جائے سکونت نہیں۔ اردو محفل کا عرصہ دراز سے خاموش قاری ہوں۔ سچ تو یہ ہے کہ صاحب علم افراد کی اس محفل میں شمولیت کا حوصلہ نہیں تھا لیکن اب دل کڑا کر کے اپنی اصلاح کیلئے حاضر ہو ہی گیا ہوں۔ تعلیمی لحاظ سے صحافت میں ماسٹرز کی سند حاصل کی اور بطور پیشہ موبائل فون اور کمپیوٹر کے کاروبار سے منسلک ہوں۔ اس سے قبل مختلف صحافتی اداروں سے وابستہ رہنے کا گناہ سرزد کر کے اب تائب ہو چکا ہوں۔ اس محفل میں باقاعدہ شمولیت کی وجہ صد فی صد حصول علم اور اردو زبان کو درست انداز میں سیکھنا ہے۔ امید کامل ہے کہ محفل کے تمام شرکاء حصول علم کی اس نیک کاوش میں میری جائزحوصلہ افزائی فرمائیں گے۔ باقی کے سوالات شرکائے محفل کے ذمے۔
 

تلمیذ

لائبریرین
محفل میں آپ کا خیر مقدم ہے، شاہ جی۔
آپ کی تحریر سے عیاں ہے کہ آپ نے اپنے تعارفی مصرعے میں انتہائی کسر نفسی سے کام لیا ہے۔ آپ وہ نہیں جیسا ’بظاہر‘خود کو پیش کرنا چاہتے ہیں۔ اور یہ آپ کی اس محفل میں کار گزاری ہی بتدریج بتائے گی کہ آپ سیکھنے والے ہیں یا سکھانے والے۔
 

منقب سید

محفلین
خیر مقدم کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ کسر نفسی نہیں حقیقت ہے برادر اہل علم کی محفل میں خاکسار کا شمار طفل مکتب کے زمرے میں ہی ہوتا ہے۔ باقی اس حد تک بجا فرمایا آپ نے کہ محفل کی کارگذاری ہی ثابت کرے گی میرا طفل مکتب ہونا۔
 

منقب سید

محفلین
وعلیکم السلام و رحمتہ اللہ
جی آیاں نوں شاہ صاحب
اپنے نام کا مطلب بھی بتا دیں

پاکستان میں ہی گھومتے پھرتے ہیں ؟
شکریہ برادر۔ نام کا اصل مطلب تو زباں دان ہی جانتے ہوں گے تاہم میری محدود معلومات کے مطابق "محقق" کو کہا جاتا ہے۔ اور وطن عزیز ہے ہی اتنا خوبصورت ماشااللہ کہ کہیں اور دل نہیں لگتا۔
 

نایاب

لائبریرین
محترم منقب سید صاحب محفل اردو میں دلی خوش آمدید
سنگ بدنما ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سنگ تو سب اک جیسے دکھائی دیتے ہیں ۔ " بدنما " کی تخصیص کسی خاص خصوصیت کو آشکار کرتی ہے ۔
اور یہ خصوصیت جب " سنگ کئی بار کٹا تو آبدار ہوا " کے مصداق سامنے آتی ہے تو آنکھیں خیرہ ہو جاتی ہیں ۔
منقب ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اونچے بلند پہاڑوں کے درمیان وہ دراڑ جو کہ کسی چھپی وادی کی راہ ہو ۔۔۔۔؟
نقیب کا اعلان ۔۔۔۔۔۔؟
جو غوروفکر میں الجھے " اسرار " تلاش کرنے میں محو رہے ۔۔۔۔۔۔۔؟
معنی جو بھی ہو ۔۔۔۔۔ بلاشک بہت " خاص " ہیں آپ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بے تکلفی کی معذرت ڈھیروں دعاؤں کے ساتھ ۔۔۔۔
 
Top